ماہنامہ سلطان الفقر لاہور
الحمد للہ! کامیاب اشاعت کے پندرہ سال مکمل
ماہنامہ سلطان الفقر (لاہور) دنیا بھر میں تعلیماتِ فقر و تصوف کا واحد ترجمان ہے۔ سلسلہ سروری قادری کے موجودہ شیخِ کامل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے مسندِ تلقین و ارشاد سنبھالنے کے بعد اگست 2006ء میں سلطان الفقر پبلیکیشنز کی بنیاد رکھی اور اسی پبلیکیشنز کے تحت اگست 2006ء میں ماہنامہ سلطان الفقر کا پہلا شمارہ منظرِ عام پر آیا۔ ماہنامہ سلطان الفقرکی بدولت اولیا اور فقرا کاملین خاص کر سیدّنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؓ، سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ، سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علیؒ اور سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تعلیمات کو دنیا بھر میں طالبانِ مولیٰ اور اولیا اللہ سے عقیدت رکھنے والوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ اس شمارہ کے مطالعہ کی بدولت نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر سے لاکھوں مرد و خواتین طالبانِ مولیٰ مستفیض ہو رہے ہیں۔ دینِ اسلام کی روح ’’فقر‘‘ جس سے عوام الناس ناآشنا تھے، ماہنامہ سلطان الفقر کی بدولت آج دنیا بھر میں لوگ نہ صرف فقر کے نام سے آگاہ بلکہ اس سے فیض یاب بھی ہو رہے ہیں۔ ماہنامہ سلطان الفقر کے مطالعہ سے دنیا بھر سے لاکھوں لوگ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت ہو چکے ہیں بلکہ ہزاروں کی تعداد میں غیر مسلموں نے بھی سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر اسلام قبول کر کے اپنے قلب و روح کو نورِ معرفتِ الٰہی سے منور بھی کیا ہے۔
گزشتہ پندرہ برس سے ماہنامہ سلطان الفقر کی بلاتعطل اشاعت کو سراہتے ہوئے ماہنامہ کی کامیابیوں کا احاطہ ناممکن ہے تاہم اگست 2020ء سے جولائی 2021ء تک ماہنامہ سلطان الفقر نے جن موضوعات پر مضامین شائع کیے ان کو قارئین کے لیے درج کیا جا رہا ہے۔
اگست2020ء
19 اگست سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا یومِ ولادت ہے۔ اس مناسبت سے اگست میں خصوصی مضامین شاملِ اشاعت کیے جاتے ہیں۔ اگست 2020ء کے خصوصی مضامین میں ’’سلطان العاشقین کا لطف و کرم اور طالبانِ مولیٰ کو عطائے فقر، احیائے دین اور فقرا کاملین، سلطان العاشقین اور انسان سازی، آفتابِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس، سلطان العاشقین کے دور میں ترویجِ فقر عروج پر، سلطان العاشقین بطور فقیر کامل اکمل (حضرت سخی سلطان باھوؒ کی تعلیمات کی روشنی میں) شامل ہیں۔ اس مہینے میں اسلامی تاریخ 10 ذوالحجہ سے 11 محرم الحرام تھی۔اس لیے یومِ عاشورہ کے حوالے سے ’کربلا درسگاہِ دین و عشق‘ کے نام سے بھی ایک مضمون خاص طور پر شاملِ اشاعت کیا گیا۔
ستمبر2020ء
اسلامی تاریخ 12محرم الحرام سے 12صفر المظفر ہے۔ اس مہینے کے مضامین میں مرتبہ فنا فی الشیخ، دین علامہ اقبالؒ کی فلسفیانہ نظر میں، علمِ لدنیّ اور جہادِ اکبر شامل ہیں۔ سلسلہ سروری قادری کے شیخِ کامل سلطان الصابرین حضرت سخی سلطان پیر محمد عبدالغفور شاہؒ کا یومِ وصال 10 صفر المظفر ہے۔ اس مناسبت سے بھی ایک خصوصی تحریر شاملِ اشاعت کی گئی۔ سخاوت کے حوالہ سے حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہٗ کی سخاوت کا دل چھو لینے والا واقعہ بھی اس شمارہ میں شائع کیا گیا۔
یکم اگست 2020ء عید الاضحی کے بابرکت موقع پر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے اپنے دستِ اقدس سے مسجدِ زہراؓ کا سنگ ِبنیاد رکھا تھا۔ اس تاریخی دن کے دلفریب مناظر اور رپورٹ بھی اس شمارے میں شامل کیے گئے۔
اکتوبر2020ء
اسلامی تاریخ 13صفر المظفر سے 13ربیع الاوّل تھی۔ عید میلاد النبی کے بابرکت روز کی مناسبت سے جو مضامین شاملِ اشاعت کیے گئے ان کے نام یہ ہیں: سابقہ الہامی کتابوں میں تذکرۂ محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اللہ کے خزانوں کے قاسم، حضور صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی اتباعِ کامل۔ دیگر مضامین میں حضرت اویس قرنیؓ عاشقِ رسولؐ، غفلت، چغل خوری اور تحریک دعوتِ فقر نیوز شامل ہیں۔ 23 اکتوبر کو تحریک دعوتِ فقرکی بنیاد رکھی گئی۔ اسی مناسبت سے ’’گیارہواں یومِ تاسیس تحریک دعوتِ فقر‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی تحریر شائع کی گئی۔
نومبر 2020ء
اسلامی تاریخ 14ربیع الاوّل سے 14ربیع الثانی تھی۔ 11 ربیع الثانی کو سیدّنا غوث الاعظم شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ کا عرس مبارک منایا جاتا ہے جسے بڑی گیارھویں شریف بھی کہتے ہیں۔ اس لیے اس شمارہ میں دو مضامین خاص طور پر شاملِ اشاعت کیے گئے جن کے نام یہ ہیں: سیدّنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؓ کی مسند ِتلقین و ارشاد اور احیائے دین، القابات سیدّنا غوث الاعظمؓ۔ دیگر مضامین میں شانِ اولیا اللہ، سفرِ آخرت کی تیاری، ناشکری، توکل اور انسانی کوشش، خوفِ خدا ضروری کیوں؟ اور حسد کی تباہ کاریاں شامل ہیں۔
دسمبر2020ء
اسلامی تاریخ 15ربیع الثانی سے 15جمادی الاوّل تھی۔اس شمارہ کے مضامین میں آدابِ صحبتِ مریدین، قبلۂ حقیقی اور فقر کیا ہے؟ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 31 اکتوبر 2020ء کو منعقد ہونے والی عظیم الشان محفل میلادِ مصطفیؐ کی رپورٹ اور تصویری جھلکیاں بھی خصوصی طور پر شائع کی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ دو مضامین انگریزی زبان میں بھی شائع کیے گئے جن کے نام یہ ہیں:
Creation of Good & Evil
Personality of Sultan ul Ashiqeen – A first Glimpse
جنوری2021ء
اسلامی تاریخ 16جمادی الاوّل سے 17جمادی الثانی تھی۔ جمادی الثانی کی پہلی جمعرات کو سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ کا عرس مبارک منایا جاتا ہے۔ اس شمارہ میں دور مضامین، حضرت سخی سلطان باھوؒ فقیرِ کامل اور اقوالِ باھوؒ خصوصی طور پر شائع کیے گئے۔ دیگر مضامین میں سورۃ فاتحہ خلاصہ قرآن، تفکر، دین کیا ہے؟، صبر و استقلال اور تحریکی خبریں شامل ہیں۔
فروری2021ء
اس مہینے میں اسلامی تاریخ 18جمادی الثانی سے 15رجب المرجب تھی۔ اس شمارہ میں شائع کیے گئے مضامین کے نام یہ ہیں: اسلامی معاشرہ عروجِ باکمال سے انحطاط کا سفر، ہدایت، رجعت، سکونِ قلب، ذکر اور تحریکی خبریں۔ اس شمارہ میں بھی مسجد کی تعمیر کے حوالے سے ’’تعمیرِمسجد ایک عظیم سنتِ نبویؐ‘‘ کے نام سے ایک مضمون خاص طور پرشامل کیا گیا۔
مارچ2021ء
اسلامی تاریخ 16رجب المرجب سے 17شعبان المعظم تھی۔ مارچ کا مہینہ تحریک دعوتِ فقر کے ممبران کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ 21 مارچ کے بابرکت روز روضہ رسولؐ پر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کو امانتِ فقر منتقل کی گئی، اس بابرکت دن کی یاد میں تحریک دعوتِ فقر کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان محفل مبارک بھی منعقد کی جاتی ہے اور ماہنامہ سلطان الفقر میں خصوصی مضامین بھی شامل ِاشاعت کیے جاتے ہیں۔ مارچ 2021ء میں بھی دو مضامین خصوصی طور پر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی شان میں تحریر کیے گئے ان کے نام یہ ہیں: سلطان العاشقین حیاتِ حسنہ، محرم راز کی صفات۔ دیگر مضامین میں سخاوت قربِ الٰہی کا ذریعہ، راہِ حق میں مالی قربانیوں کی ضرورت اور اہمیت اور تحریکی خبریں شامل ہیں جبکہ 27 رجب المرجب کی مناسب سے معراج النبیؐ کے نام سے بھی ایک مضمون خصوصی طور پر اس شمارہ میں شامل کی گیا۔
اپریل2021ء
اپریل میں اسلامی تاریخ 18شعبان المعظم سے 17رمضان المبارک تھی۔ سیدّۃ النسا حضرت فاطمتہ الزہرا رضی اللہ عنہا کا یومِ وصال 3 رمضان المبارک ہے اس لیے ’’سلطان الفقر اوّل سیّدۃ النسا حضرت فاطمتہ الزہرا رضی اللہ عنہا‘‘ کے نام سے ایک خوبصورت تحریر اس شمارہ میں شامل کی گئی۔ چونکہ رمضان المبارک کا مہینہ کا آغاز بھی اپریل میں تھا اس لیے ’’رمضان المبارک کی برکتیں‘‘ کے نام سے خصوصی طور پر ایک مضمون شمارہ میں شاملِ اشاعت کیا گیا۔ دیگر مضامین میں ابتدا اور انتہا کا اصول، مجاہدہ۔۔تزکیہ نفس کا ذریعہ، فیضانِ نسبت، تزکیہ نفس کیوں ضروری ہے؟؟ شامل ہیں۔ تحریک دعوتِ فقر کی سرگرمیوں پر مبنی تحریکی خبریں بھی اس شمارہ میں درج کی گئی ہیں۔
مئی 2021ء
مئی میں اسلامی تاریخ 18رمضان المبارک سے 18 شوال المکرم تھی۔ اس مہینہ میں سیدّنا علی کرم اللہ وجہہ کا یومِ شہادت بھی ہے۔ اس مناسبت سے ’’سیدّنا حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ۔۔ صفات و کمالات‘‘ کے نام سے ایک مضمون خصوصی طور پر شاملِ اشاعت کیا گیا۔ دیگر مضامین میں عقیدہ ختمِ نبوت، صبر اور راہِ حق، صحبت یارانِ طریقت، آخرت میں نجات اللہ کے فضل سے، شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اس مہینہ میں رمضان المبارک کا آخری عشرہ بھی تھا اس لیے لیلۃ القدر۔انوار و تجلیات کی برسات کی رات، خلوت کے اوراد کے عنوانات سے بھی مضامین اس شمارہ میں خصوصی طور پر شامل کیے گئے۔ یکم شوال المکرم عید الفطر کا دن ہے اس لیے عید الفطر پر بھی ایک خصوصی مضمون اس شمارہ میں شائع کیا گیا۔سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس ’’مسجدِ زہراؓ‘‘ کے نام سے طالبانِ مولیٰ کے لیے ایک عظیم الشان مرکز تعمیر کروا رہے ہیں۔ اس لحاظ سے اس شمارے میں ’’مسجدِ زہراؓ کی تعمیر کا مقصد اور اس کی اہمیت‘‘ کے نام سے خصوصی طور پر ایک مضمون تحریر کیا گیا۔
جون2021ء
جون میں اسلامی تاریخ 19 شوال المکرم سے 19 ذیقعد تھی۔ اس شمارہ میں جو مضامین شامل کیے گئے ہیں ان کے نام یہ ہیں: انسانِ کامل اور حقیقتِ برزخ، حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی فکرِحق اور جہد ِمسلسل، حیاتِ قلب، کلمہ طیب کی حقیقت، شیطانی وسوسہ، محبتِ الٰہی، کشف۔ حج کی مناسبت سے مناسکِ حج میں پوشیدہ حکمتوں پر مبنی مضمون حقیقی حج اور قربانی بھی اس شمارہ میں شامل کیے گئے۔
جولائی2021ء
جولائی کے مہینے میں اسلامی تاریخ 20ذیقعد سے 20ذوالحجہ تک تھی۔ اس شمارے میں علم، ریاکاری، عشقِ مجازی اور اسلام، رضائے الٰہی کا حصول کیوں ضروری ہے، تجرد اور نکاح میں پوشیدہ حکمتیں، صبر اور شکر، غرور کا سر نیچا کے عنوانات سے مضامین تحریر کیے گئے۔ تحریک دعوتِ فقر نیوز بھی اس شمارہ میں شامل ہیں۔