تحریک دعوتِ فقر نیوز tehreek-dawatefaqr-news


Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز

محفل نورِ مصطفٰیؐ

منعقدہ: 27 جون 2021۔بمقام: مسجد ِزہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین

مسجدِزہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین میں 27 جون بروز اتوار سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیرِصدارت محفل نورِ مصطفیؐ کا شاندار اہتمام ہوا۔ محفل مبارک میں نہ صرف دور و نزدیک سے سینکڑوں مرد و خواتین نے جوش و جذبے سے شرکت کی بلکہ سینکڑوں مرد و خواتین آن لائن بھی اس محفل مبارک میں شریک ہوئے۔ یہ روحانی محفل دنیا بھر سے انسٹاگرام (Instagram)، فیس بک (Facebook)، لائیکی (Likee) اور سنیک ویڈیو (Snack Video) پر لائیو (live) بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

محفل مبارک میں نقابت کے فرائض صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب نے انجام دیئے۔ آپ نے محفل کا باقاعدہ آغاز کرنے کے لیے حافظ محمد یوسف سروری قادری کو دعوت دی کہ وہ سٹیج پر آئیں اور تلاوتِ قرآن مجید کی سعادت حاصل کریں۔ بارگاہِ رسالتؐ میں نعت شریف کا گلدستہ محمد اشتیاق سروری قادری نے پیش کیا۔ جس کے بعد سلطان محمد عبداللہ اقبال صاحب نے طالبِ مولیٰ کی خصوصیات کے حوالے سے ایک جامع تقریر کی۔ اس حوالے سے انہوں نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی راہِ حق میں دی گئی قربانیوں کا خصوصی تذکرہ کیا۔ اختتامی دعا کی سعادت سلطان محمد حافظ ناصر مجید صاحب نے حاصل کی۔ آخر میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے تمام حضرات کو فرداً فرداً ملاقات کا شرف بخشا۔

سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے دور و نزدیک سے حاضر ہونے والی خواتین کو بھی ملاقات کا شرف بخشا اور ان سب کے لیے دعائے خیر فرمائی۔ اس کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس، تمام مجلسِ خلفا اور حاضرین نے نمازِ ظہر باجماعت ادا کی۔ نماز کے بعد حاضرینِ محفل کے لیے خصوصی طور پر تیار کروایا گیا لنگر پاک تقسیم کیا گیا۔ تمام حاضرینِ محفل نے اس بابرکت روحانی محفل مبارک میں شریک ہو کر اپنی جھولیاں رحمتوں اور برکتوں سے سمیٹیں اور انوار و تجلیات سے خوب سیراب ہوئے۔

محفل نورِ مصطفیؐ

منعقدہ: 04جولائی 2021ء ۔  بمقام: مسجد ِزہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین

04 جولائی بروز اتوار مسجدِ زہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین میں محفل نورِ مصطفیؐ کا شاندار انعقاد ہوا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے اپنے وجودِ مسعود سے اس روحانی محفل مبارک کو رونق بخشی۔ محفل مبارک میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے جوش و جذبے سے شرکت کی۔ 

محفل مبارک میں نقابت کے فرائض ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب صاحب نے سرانجام دیئے۔ حافظ محمد یوسف سروری قادری نے تلاوتِ قرآن مجید سے اس نورانی محفل کا باقاعدہ آغاز کیا جبکہ عطا الوھاب سروری قادری نے بارگاہِ رسالت میں نعت کا نذرانہ پیش کیا۔ ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب صاحب نے شعبہ دعوت و تبلیغ کے ممبر محمد ذوالفقار علی کو سٹیج پر دعوت دی جنہوں نے سلسلہ سروری قادری کی دوسرے سلاسلِ طریقت پر فضیلت اور برتری اور سلسلہ سروری قادری کی شان کو بیان کیا اور تمام حاضرینِ محفل اور آن لائن محفل میں شریک ہونے والوں کو سلسلہ سروری قادری میں شرکت کی دعوت دی۔ پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن صاحب نے دعائے خیر کروائی جس کے بعد زیبِ مسندِ صدارت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے تمام شرکائے محفل سے ملاقات فرمائی۔

نمازِ ظہر کی باجماعت ادائیگی سے قبل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے دور و نزدیک سے حاضر ہونے والی خواتین مریدین اور عقیدتمندوں سے بھی ملاقات فرمائی۔ تمام مجلسِ خلفا اور دیگر حاضرین نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے ہمراہ باجماعت نمازِ ظہر ادا کی۔ نماز کے بعد شرکائے محفل میں لنگر پاک تقسیم کیا گیا۔ سینکڑوں مرد و خواتین نے انسٹاگرام (Instagram)، فیس بک (Facebook)، لائیکی (Likee) اور سنیک ویڈیو (Snack Video) پر آن لائن اس محفل مبارک میں شرکت کی۔ 

محفل نورِ مصطفیؐ

منعقدہ: 07جولائی 2021۔ بمقام: مسجد ِزہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین

07 جولائی بروز اتوار تحریک دعوتِ فقر کے زیرِ اہتمام مسجدِزہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین میں شاندار محفل نورِ مصطفیؐ منعقد کی گئی جس میں کثیر تعداد میں خواتین و حضرات عقیدت و محبت سے شریک ہوئے۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے معطر وجود نے محفل کی نورانیت کو مزید جلا بخشی۔ آپ کے سٹیج پر جلوہ افروز ہوتے ہی فضا تکبیر و رسالت کے نعروں سے گونج اُٹھی۔ 

سلطان حافظ محمد ناصر مجید صاحب نے نقیبِ محفل کے فرائض انجام دیئے۔ آپ نے محفل کے باقاعدہ آغاز کے لیے محمد ہارون سروری قادری کو دعوت دی جنہوں نے تلاوتِ قرآن مجید کی سعادت حاصل کی۔ بارگاہِ رسالت میں ہدیۂ نعت کا نذرانہ محمد اشتیاق سروری قادری نے پیش کیا۔ نعت کے بعد پروفیسر سلطان حافظ محمد حماد الرحمن صاحب نے ’’حقیقتِ محمدیہ‘‘ کے موضوع پر خوبصورت اور جامع بیان حاضرین کے گوش گزار کیا۔ آخر میں سلطان حافظ محمد ناصر مجید صاحب نے دعائے خیر کروائی جس کے بعد رونقِ محفل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے تمام شرکائے محفل کو ملاقات کا شرف بخشا۔

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے خواتین مریدین اور عقیدتمندوں سے بھی ملاقات فرمائی۔ نمازِ ظہر کی ادائیگی کے بعد شرکائے محفل میں لنگر پاک تقسیم کیا گیا۔ سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کے تعاون سے محفل نورِ مصطفیؐ کی لائیو کوریج بھی انسٹاگرام (Instagram)، فیس بک (Facebook)، لائیکی (Likee) اور سنیک ویڈیو (Snack Video) کے آفیشل اکاؤنٹس پر دی گئی جس کی بدولت نہ صرف ملک بھر سے بلکہ بیرون ملک سے بھی عقیدتمندوں نے آن لائن شرکت کی۔

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا مسجد ِزہراؓ کا دورہ

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس مسجد ِزہراؓ کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے رنگیل پور شریف کا ہفتہ وار دورہ بھی فرماتے رہے۔ اس موقع پر نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب اور مجلسِ خلفا بھی آپ مدظلہ الاقدس کے ہمراہ موجود رہے جبکہ تحریک دعوتِ فقر کے دیگر ممبران بھی سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے استقبال اور زیارت کے لیے پہلے سے موجود ہوتے۔ آپ مدظلہ الاقدس بنفسِ نفیس تمام تر امور کا جائزہ لیتے اور نگران کنسٹرکشن کمیٹی سلطان محمد نعیم عباس صاحب کو مفید تجاویز بھی دیتے رہے۔

عید الاضحی کی تیاریوں کے سلسلہ میں خانقاہ سلطان العاشقین میں جنرل کونسل کے اجلاس کا انعقاد
 ہر سال کی طرح اس سال بھی عید الاضحی انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منانے کا عزم  

19 جون 2021ء بروز ہفتہ شام 7 بجے خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں جنرل کونسل تحریک دعوتِ فقر کا اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت صدر جنرل کونسل عثمان صادق سروری قادری نے کی۔ اجلاس میں ملک بھر سے جنرل کونسل کے ممبران نے جوش اور ولولے سے شرکت کی۔ عثمان صادق نے حاضرین کو اجلاس کے ایجنڈا سے آگاہ کیا جو کہ عید الاضحی کے حوالے سے قربانی اور عید ملن تقریب کے شاندار انعقاد کا لائحہ عمل تشکیل دینا تھا۔

عثمان صادق سروری قادری نے سنتِ ابراہیمی کے دینی و تاریخی پسِ منظر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کس طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام اور آپ کے لختِ جگر حضرت اسماعیل علیہ السلام نے تسلیم و رضا کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکمِ الٰہی پر لبیک کہا۔ آفرین ہے ان دونوں ہستیوں پر جنہوں نے اپنے عمل سے آنے والے ہر دور کے طالبانِ مولیٰ کے لیے وفا اور قربانی کی لازوال داستان رقم کر دی۔ 

عثمان صادق سروری قادری نے شرکائے اجلاس سے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قربانی صرف سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کا نام ہی نہیں بلکہ اللہ عز و جل کے قرب و وصال کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔ شرکائے اجلاس نے مکمل توجہ کے ساتھ ان کی گفتگو کو سنا اور ہمیشہ کی طرح اس سال بھی تحریک دعوتِ فقر کے زیر ِاہتمام عید الاضحی انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منانے کا عزم ظاہر کیا۔ عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر عید ملن تقریب کے شاندار انعقاد کے لیے تمام ممبران جنرل کونسل نے اپنی آراپیش کیں جنہیں فوراً تحریر کر لیا گیا۔

عید الاضحی کی تیاریوں کے سلسلے میں مجلسِ شوریٰ کا اہم اجلاس
تمام انتظامی امور پر تبادلہ خیال

9 جولائی 2021ء بروز جمعتہ المبارک خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں تحریک دعوتِ فقر کی مجلسِ شوریٰ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کا ایجنڈا عید الاضحی پر سنتِ ابراہیمی ؑکی ادائیگی اور عید ملن تقریب کی تیاریوں کے حوالے سے تھا۔ اجلاس کی صدارت منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس صاحب نے فرمائی۔ اس موقع پر نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب نے خصوصی طور پر شرکت فرمائی۔ سلطان محمد ناصر حمید صاحب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ 

تلاوتِ قرآن مجید سے اجلاس کا باقاعدہ آغاز کیا گیا جس کی سعادت وقار احمد سروری قادری نے حاصل کی۔ تلاوت کے بعد جنرل سیکریٹری تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز نے اجلاس کے ایجنڈا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ممبران مجلسِ شوریٰ کو مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ عید الاضحی کے بابرکت موقع پر سنتِ ابراہیمی ؑکی ادائیگی، عید ملن تقریب اور دیگر پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ تمام ممبران مجلسِ شوریٰ نے پُرجوش انداز میں اپنی آرا پیش کیں جنہیں جنرل سیکریٹری نے قلمبند کر لیا تاکہ ان آرا پر عملدرآمد ہو سکے۔ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب، سلطان محمد نعیم عباس صاحب اور سلطان محمد ناصر حمید صاحب نے بھی اپنی قیمتی اور ماہرانہ آرا پیش کیں جن سے تمام ممبران نے اتفاق کیا۔اجلاس کا اختتام دعائے خیر سے ہوا جس کی سعادت احسن علی سروری قادری نے حاصل کی۔ 

تحریک دعوتِ فقر کے مختلف شعبہ جات میں تقرریاں عمل میں لائی گئیں

تحریک دعوتِ فقر کے مختلف شعبہ جات، خانقاہ سلطان العاشقین اور خانقاہ سلسلہ سروری قادری میں نئے نگرانوں کی تقرریاں کی گئیں جن کی تفصیل درج ذیل ہے:
خانقاہ سلطان العاشقین کے نگران پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن صاحب جبکہ ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز ہیڈ انچارج مقرر کیے گئے۔ فیضان یٰسین نظم و ضبط انچارج، امیر حمزہ لنگر انچارج، ارشد رمضان صفائی انچارج اور حاجی عبدالقیوم سٹور انچارج کے فرائض سرانجام دیں گے۔

خانقاہ سلسلہ سروری قادری کے نگران سلطان محمد ناصر حمید صاحب مقرر کیے گئے۔ شیر علی ہیڈ انچارج، محمد شجاعت نظم و ضبط انچارج، محمد صدیق لنگر انچارج اور محمد رشید صفائی انچارج کے فرائض سرانجام دیں گے۔

شعبہ سوشل میڈیا میں بھی بہت اہم تبدیلیاں کی گئیں جن کی تفصیل درج ذیل ہے:
ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز شعبہ سوشل میڈیا کے ہیڈ انچارج مقرر کیے گئے۔ اس کے علاوہ ہر سوشل میڈیا فورم کے علیحدہ سے انچارج بھی مقرر کیے گئے ہیں جیسا کہ عثمان صادق فیس بک کے انچارج، وقار احمد ٹویٹر کے انچارج، علی رضا مقبول لنکڈ ان کے انچارج اور علی رضا مسعود ریڈاِٹ کے انچارج مقرر کیے گئے۔ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز بطور انچارج انسٹاگرام کی کارکردگی کو بھی سپروائز کریں گے۔

عید الاضحی کے پُرمسرت روز عید ملن تقریب کے شاندار انعقاد اور قربانی کے تمام تر انتظامات کے لیے بھی ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس کی نگرانی پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن صاحب بذاتِ خود کریں گے۔ قربانی کے لیے جانور خریدنے کی ذمہ داری حسن رضا، احسن رضا اور شیر علی کو تفویض کی گئی۔ جانوروں کی دیکھ بھال کے فرائض محمد رمضان باھُو، ارشد رمضان اور محمد بلال سرانجام دیں گے۔ قربانی کے تمام تر انتظامات کی نگرانی ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز، محمد شجاعت، محمد رمضان باھُو، حاجی عبدالقیوم اور زاہد اقبال کریں گے جبکہ گوشت کی تقسیم کی ذمہ داری ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز، محمد شجاعت، محمد رمضان باھُو اور علی حسن کی ہوگی۔ اس موقع پر محمد فیاض اور محمد نواز سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دنیا بھر میں موجود مریدین سے رابطے، ان کی راہنمائی اور دیگر امور کی انجام دہی کے لیے وحید حسن سروری قادری کو انٹرنیشنل مریدین کے ڈیپارٹمنٹ کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ 

عید ملن تقریب و اظہارِ تشکر بسلسلہ تکمیلِ تعمیر مرحلہ اوّل مسجدِ زہراؓ 

21 جولائی 2021ء بمطابق 10 ذوالحجہ1442ھ بروز بدھ عیدالاضحی کے پُرمسرت موقع پر بانی و سرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیرِ صدارت مسجدِ زہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین میں عید ملن تقریب اور مسجدِ زہراؓ کی تعمیر کے اوّل مرحلہ کی تکمیل کے شکرانہ کے طور پر پروقار محفل کا انعقاد ہوا۔ محفل میں نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس اور معزز خلفا بھی موجود تھے۔ محفل سے قبل عید الاضحی کی صبح سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے حسبِ روایت خانقاہ سلطان العاشقین میں 29 بکروں اور ایک بیل کی قربانی کی گئی۔ فریضۂ قربانی سے فراغت کے بعد عید ملن تقریب اور اظہارِ تشکر بسلسلہ تکمیل تعمیر مرحلہ اوّل مسجدِ زہراؓ کی محفل نمازِ ظہر کے بعد شروع ہوئی جس میں ملک بھر سے مریدین و عقیدتمند شریک ہوئے۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے مسندِصدارت سنبھالی اور منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس صاحب نے نقابت کے فرائض سر انجام دئیے۔ مولانا یاسر یٰسین نے تلاوتِ کلامِ پاک اور محمد رمضان باھو نے ہدیۂ نعت پیش کیا۔ سلطان محمد عبد اللہ اقبال صاحب نے مسجدِ زہراؓ کی تعمیر میں حصہ لینے والے طالبانِ مولیٰ کی جانی، مالی و بدنی قربانیوں کو سراہتے ہوئے اسلام بالخصوص سلسلہ سروری قادری میں رضائے الٰہی اور رضائے مرشد کی خاطر وفاو قربانی کی اہمیت پر جامع تقریر سے حاضرین کے لہو کو گرما دیا۔ اس پرمسرت موقع پر سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن نے مسجد ِزہراؓ کے تکمیلی مراحل پر مبنی خوبصورت ڈاکیومینٹری کی رونمائی بھی کی۔ تمام محفل کو بیرونِ ملک مقیم مریدین وعقیدتمندوں کے لیے براہِ راست نشر کیا گیا۔ ڈاکیومینٹری کے اختتام پر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے خصوصی خطاب فرمایا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے مسجدِ زہراؓ کی تعمیر میں حصہ لینے والے تمام مریدین بالخصوص بیرونِ ممالک مقیم مریدین کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کیا اور فرمایا کہ اب مسجد کی تزئین و آرائش کا مرحلہ شروع ہونے کو ہے اور اس دوسرے مرحلے کی جلد ازجلد تکمیل کے لیے اپنا تعاون جاری رکھیں۔ محفل کے اختتام پر سلطان محمد ناصر مجید صاحب نے دعائے خیر کرائی۔ دعاکے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تمام حاضرین ِمحفل سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔ مرد حضرات سے ملاقات کے بعد آپ مدظلہ الاقدس نے محفل میں تشریف لائی ہوئی خواتین سے ملاقات فرمائی۔ انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے خواتین کے لیے پردے کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ شعبہ لنگر کی جانب سے حاضرین ِمحفل کے لیے شاندار اور وسیع لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تمام حاضرین شعبہ لنگر کے تیارکردہ لنگر سے لطف اندوز ہوئے۔


اپنا تبصرہ بھیجیں