سنگ ِ بنیاد
خانقاہ سلطان العاشقین و مسجد ِ زہرا
بدست مبارک سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس
10 ذوالحجہ 1441ھ بمطابق یکم اگست 2020ء
سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کی تعلیمات کے فروغ کے لئے آپ رحمتہ اللہ علیہ کے سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور اکتیسویں شیخ ِ کامل، بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے 10 ذوالحجہ1441 ہجری بمطابق یکم اگست 2020 ء بروز ہفتہ عید الاضحی کے پُرمسرت موقع پر خانقاہ سلطان العاشقین اور مسجد ِزہرا کا سنگ بنیاد رکھا۔ اِس پُر وقار تقریب میں صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب بھی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے ہمراہ موجود تھے۔ اِس کے ساتھ ساتھ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے تمام خلفا اور تحریک دعوتِ فقر کے دیگر اہم ممبران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ مقامی افراد کی جانب سے بھی تقریب میں شرکت کے لیے خوب جوش و خروش دکھائی دیا۔ ان تاریخ ساز لمحات میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی خاطرحکومتی تدابیر کو ترجیحی بنیادوں پر ملحوظِ خاطر رکھا گیا۔ جگہ جگہ ہینڈ سینیٹائزر نصب کئے گئے اور آپس میں چھ فٹ کے سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنایا گیا۔
اس منصوبے کا پس ِ منظر کچھ یوں ہے کہ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے طالبانِ مولیٰ کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش ِ نظر ان کے تزکیہ کے لیے ایک وسیع و عریض خانقاہ اور مسجد تعمیر کرانے کا ارادہ فرمایا اور اسی سلسلے میں2017 ء میں محفل میلادِ مصطفی بسلسلہ جشن ِعید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی محفل کے موقع پر خانقاہ سلطان العاشقین اور مسجد ِزہرا کے منصوبے کا اعلان فرمایا اور سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری کو اس عظیم الشان پراجیکٹ کا انچارج مقرر فرمایا ۔سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری‘ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے فیضانِ نظر اور سرپرستی میں شبانہ روز محنت، خلوص اور محبت سے اس عظیم الشان پراجیکٹ کو ابتدائی مراحل تک لے کر آئے اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی بارگاہ میں خانقاہ سلطان العاشقین اور مسجد ِ زہرا کی بنیاد اپنے دست ِمبارک سے رکھنے کی درخواست کی جو آپ مدظلہ الاقدس نے بڑی شفقت اور محبت سے قبول فرمائی۔
تحریک دعوت فقر انتظامیہ کی جانب سے سنگ ِبنیاد کے پُر مسرت موقع پر ڈیرہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف نزد سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں ایک پُرمسرت تقریب منعقد کی گئی جس میں نقابت کے فرائض سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری صاحب نے ادا کیے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت قاری محمد عابد سروری قادری نے حاصل کی۔
محسن رضا سلطانی نے حضور علیہ الصلوٰۃ و السلام کی بارگاہ میں نعت ِرسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا نذرانہ پیش کیا۔
عطا الوہاب سروری قادری نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی شان میں خوبصورت منقبت پیش کی۔
یہ روحانی محفل نمازِ ظہر کی ادائیگی کے بعدشروع ہوئی اور محفل کے اختتام پرسلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے اپنے دست ِ مبارک سے خانقاہ سلطان العاشقین اور مسجد زہرا کا سنگ ِبنیاد رکھا۔ ہر طرف نورانی سماں بندھ گیا اور فضا تحریک دعوتِ فقر کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ اس تقریب ِ سعید نے عید الاضحی کے پُرمسرت موقع کو چارچاند لگا دیے اور عید کی خوشیاں دوبالا ہوگئیں۔
تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے حاضرین ِمحفل کی تواضع کے لیے بہترین لنگر کا اہتمام بھی کیا گیاتھا۔
یکم اگست 2020، 10 ذوالحجہ 1441 ہجری تحریک دعوتِ فقر نے سنت ِابراہیمی کی ادائیگی کے لیے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی جانب سے 20 بکروں کی قربانی دی اور قرب و جوار میں قربانی کا گوشت بڑے منظم انداز میں تقسیم کیا گیا۔
مجلس ِ شوریٰ کے اجلاس کا انعقاد
بسلسلہ تقریب ِ سعید یومِ ولادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس
اور تحریک دعوتِ فقر کے دستور اور قواعد و ضوابط میں ترامیم کی منظوری
12 اگست 2020ء بروز بدھ رات نو بجے تحریک دعوتِ فقر کی مجلس ِشوریٰ کا اجلاس خانقاہ سلسلہ سروری قادری 4-5/Aایکسٹینشن ایجوکیشن ٹاؤن وحدت روڈ لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت منتظم ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے فرمائی۔ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب نے بھی خصوصی شرکت فرمائی۔
دورانِ اجلاس کورونا وائرس کے پیش ِ نظر تمام احتیاطی تدابیر کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے تمام ممبران نے ہینڈ سینیٹائزر اور ماسک کا استعمال کیا۔
تلاوتِ قرآن سے اجلاس کا باقاعدہ آغاز کیا گیا جس کی سعادت ناصر مجید سروری قادری نے حاصل کی۔ تلاوت کے بعد جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری نے مجلس ِ شوریٰ کے ممبران کے سامنے اجلاس کا ایجنڈا پڑھ کر سنایا جو کہ درج ذیل ہے:
۱۔ تحریک دعوتِ فقر کے دستور اور قواعد و ضوابط میں چند ترامیم ممبران مجلس ِ شوریٰ کے سامنے منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔
۲۔ انیس اگست یومِ ولادت سلطان العاشقین کی محفل کے انتظامات کی بریفنگ
دستور کی شق 4 (ر) کے مطابق قائم ہونے والے شعبہ بیت المال کے قواعد و ضوابط میں اس شق کا اضافہ کیا گیا کہ چندہ اور عطیات صرف ان لوگوں کے قبول کیے جائیں گے جو سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کے دست ِاقدس پر بیعت ہوں گے۔ دستور کی شق 5(iii) میں یہ ترمیم کی گئی کہ مجلس ِ شوریٰ اور جنرل کونسل کے مشاورتی اجلاس خانقاہ سلسلہ سروری قادری کے علاوہ خانقاہ سلطان العاشقین میں بھی منعقد ہوا کریں گے۔ دستور کی شق 11 کے تحت قائم ہونے والے شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنز کے قواعد و ضوابط میں اس ذیلی شق کا اضافہ کیا گیا کہ ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کی سالانہ ممبرشپ حاصل کرنا تحریک دعوتِ فقر کے تمام ممبران کے لیے لازم ہو گا۔ تمام ممبران نے اتفاقِ رائے سے ان ترامیم کی منظوری دی۔
اجلاس کے دوسرے ایجنڈا کے مطابق سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے یومِ ولادت باسعادت کے پُرمسرت موقع پر منعقد ہونے والی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ تقریب کو احسن طریقے سے منعقد کرنے کے لیے تمام شعبہ جات کے نگرانوں نے تقریب کے انتظامات کے حوالے سے اپنی تیاریوں سے آگاہ کیا۔
اجلاس کے آخر میں نگران شعبہ اطلاعات و نشریات نے قرار داد پیش کی کہ تحریک دعوتِ فقر پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر کام کرنا چاہیے اور اس سلسلے میں دنیا بھر میں تحریک دعوتِ فقر کے دفاتر قائم کیے جائیں تاکہ پیغامِ فقر دنیا بھر میں عام ہو سکے۔ تمام ممبران مجلس ِشوریٰ نے ان کی قرار داد سے بھرپور اتفاق کیا جس پر منتظم ِاعلیٰ سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے تحریک دعوتِ فقر کو بین الاقوامی سطح پر رجسٹر کروانے کے لیے ضروری تقاضوں کو پورا کرنے کی ہدایات جاری کیں اور اس ضمن میں ایک کمیٹی قائم کرنے کی بھی منظوری دی۔
Ma Sha Allah Zbr10sttttt information