تحریک دعوتِ فقر نیوز
Tehreek Dawat-e-Faqr News December 2023
تحریک دعوت فقر کی مجلسِ شوریٰ اور جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس
(منعقدہ: 22اکتوبر 2023ء بروز اتوار)
ایجنڈا:شعبہ جات کے انچارجزکی اپنے شعبہ جات کے حوالے سے بریفنگ
صدارت اجلاس: سلطان محمد نعیم عباس صاحب
تلاوت و اختتامی دعا: نذر علی سروری قادری
نقابت: ڈاکٹر عبد الحسیب سرفراز سروری قادری
منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری کی زیرِ صدارت خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں تحریک دعوتِ فقر کی مجلسِ شوریٰ اور جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ ڈاکٹر عبد الحسیب سرفراز نے ایجنڈا کے مطابق اجلاس کی کاروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے تحریک کے شعبہ جات پر مختصر مگر جامع انداز میں روشنی ڈالی اور شعبہ جات کے انچارجز سے درخواست کی کہ وہ اپنے اپنے شعبہ میں جاری کاموں کی تازہ ترین صورتِ حال سے حاضرین کو آگاہ کریں۔
شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنز کے انچارج وقار ارشاد سروری قادری نے ماہنامہ سلطان الفقر میں مضمون نویسی کے لیے ٹریننگ سیشن کے آغاز کے متعلق مطلع کیا اور زیادہ سے زیادہ ممبران کو اس ٹریننگ سیشن کا حصہ بننے کی ترغیب دلائی۔ نائب انچارج عثمان صادق سروری قادری نے بھی نئے افراد سے شمولیت کی گزارش کی تاکہ فقرِمحمدیؐ کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کرنے کے اس مشن کو بھرپور انداز میں آگے بڑھایا جائے۔
شعبہ سیکورٹی کے انچارج محمدمقبول سروری قادری نے اپنے شعبہ میں ڈیوٹی کی اہمیت و افادیت بیان کی اور مزید افراد کو اس شعبہ میں ڈیوٹی کرنے کی ترغیب دلائی تاکہ حفاظتی انتظامات بہتر سے بہترین اور فول پروف بنائے جا سکیں۔انہوں نے ممبران شعبہ سیکورٹی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مزید جانفشانی سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دینے کی ترغیب بھی دی۔
نذر فرید سروری قادری نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ممبران کی اجلاسوں میں بھرپور شرکت قابلِ ستائش ہے لہٰذا تمام بھائی اسی طرح خلوصِ نیت سے اپنا تعاون جاری رکھیں تاکہ اجلاس کے مطلوبہ مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔
منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے اجلاس میں آمد پر تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے کی ترغیب دی۔ اُن کا کہنا تھا کہ راہِ فقر میں نیت کا بہت دخل ہے، انسان نیت کر لے تو اللہ تعالیٰ ضرور اپنے بندے کی مدد فرماتاہے۔ اگر اللہ تعالیٰ نے ہمیں اپنی جماعت کے لیے منتخب فرمایا ہے تو ہمیں پورے جوش و خروش اور وارفتگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اسی طرح خانقاہ سلطان العاشقین میں باقاعدگی سے حاضر ہوتے رہیں اور اس کی رونقیں بحال رکھیں، بہت سارے مسائل مل بیٹھنے کی برکت سے ہی اللہ پاک حل کر دیتا ہے۔ انفرادی و اجتماعی ہر سطح پر حضور مرشد کریم کے پیغام کو عام کرنے میں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ تحریک دعوتِ فقر کا مشن دنیا بھر میں پیغامِ فقر کو عام کرنا ہے۔ آپ نے رابطہ کمیٹی کو بھی مزید فعال کرنے اور رابطوں کا نظام مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔ اِس کے علاوہ آپ نے تحریک کے ترقیاتی کاموں سے بھی آگاہ فرمایا اور خلوصِ دل و خلوصِ نیت کے ساتھ اللہ کی راہ میں چلنے کی ترغیب دلائی۔
اجلاس کے اختتام پر بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی صحت و عمر میں برکت اور تحریک دعوتِ فقر کی ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تحریک دعوتِ فقر میں مختلف عہدوں پر تقرریاں
بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے مختلف شعبہ جات اور عہدوں پر تقرریوں کے حکمنامے جاری فرمائے جن کی تفصیل درج ذیل ہے:
تحریک دعوتِ فقر کے دستور کے آرٹیکل 2اور 9کے تحت صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب سروری قادری تحریک دعوتِ فقر کے نائب سرپرست ہیں۔ وہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی علالت کے دوران خاندانی امور میں مصروف تھے تاہم 26اکتوبر2023ء سے نائب سرپرست کی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھال لی ہیں۔
تحریک دعوتِ فقر کے دستور کے آرٹیکل 10کے تحت سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری تحریک دعوتِ فقر کے منتظمِ اعلیٰ اور انتظامی سربراہ ہیں اور تعمیراتی امور کے نگران ہیں۔
سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری کو مسجدِ زہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین کے تعمیراتی امور کاتا حیات نگران مقرر کیا گیا ہے۔
سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری تعمیراتی امور میں سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری کے معاون ہوں گے۔
تحریک دعوتِ فقر کے دستور کے آرٹیکل 16اور 49کے تحت حاصل اختیارات کے تحت سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری کو شعبہ بیت المال کا خلیفہ نگران مقرر کیا گیا ہے۔سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری نے 27اکتوبر 2023ء سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
تحریک دعوتِ فقر کے دستور کے آرٹیکل 25اور44کے تحت ڈاکٹر سلطان محمدحسنین محبوب سروری قادری کو شعبہ سوشل میڈیا کا ’’خلیفہ نگران‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔
بیت المال کے انچارج کی حیثیت سے سلطان محمد ناصر حمید صاحب نے بیت المال کے ممبران کا اجلاس طلب کیا اور انہیں مکمل لائحہ عمل دیا تاکہ تحریکی امور بہتر طور پر انجام دئیے جا سکیں۔
تحریک دعوتِ فقر کے دفاترکے تعمیراتی کاموں کی اپڈیٹ
خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ جات کے لیے دفاتر کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری و ساری ہے۔ بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے حکم کے مطابق خانقاہ سلطان العاشقین میں شعبہ جات کے دفاتر کاجلد از جلدآغاز کر دیا جائے گااسی امر کے پیشِ نظر دفاتر کے لیے عمارت کا تعمیراتی کام دن رات جاری ہے۔
تازہ ترین اپڈیٹ کے مطابق دفاترکی عمارت تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور بہت جلد ہی کھڑکیاں، دروازے، ورک اسٹیشن، سٹوڈیو اور سٹور روم کی تیاری اور تزئین و آرائش کا کام شروع کیا جائے گا۔
تحریک دعوتِ فقر گلی گلی شہر شہر
تحریک دعوتِ فقر میاں چنوں کی جانب سے بابر نذیر سروری قادری اور محمد زاہد سروری قادری نے 27 اکتوبر 2023 ء بروز جمعہ نجی ٹیکسٹائل مل کی مسجد میں سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب کا سٹال لگایا۔ عوام الناس میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے اور دعوتی پمفلٹ بھی تقسیم کئے۔ اہلِ علاقہ نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب میں غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور بہت سی کتب خرید فرمائیں۔
تحریک دعوتِ فقر میاں چنوں کی جانب سے بابر نذیر سروری قادری، محمد زاہد سروری قادری، محمد کامران سروری قادری اور محمد سرفراز سروری قادری نے 3 نومبر 2023 بروز جمعہ جامع مسجد چک نمبر116/15Lتحصیل میاں چنوں ضلع خانیوال میں سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب کا سٹال لگایااورعوام الناس میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے فی سبیل اللہ تقسیم کئے۔