صاحبِ مسمّٰی مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ
سلطان الفقر ‘ سیّد الکونین، سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ فقیر مالک الملکی اور مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ ہیں۔
آپ رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
’’میں کامل و مکمل و اکمل ونور الہدیٰ جامع مرشد ہوں اور مالک الملکی مرتبے کا جامع فقیر ہوں۔‘‘ (نور الہدیٰ کلاں)
فقرا میں ’’فقیر مالک الملکی‘‘ سب سے اعلیٰ مرتبہ ہے اور صاحبانِ تلقین و ارشاد میں مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سب سے آخری مرتبہ ہے اور انسانِ کامل کا یہ اعلیٰ ترین مرتبہ ہے اور یہ مرتبہ سب مراتب کا جامع ہے اس کے بعد کوئی مرتبہ نہیں ہے۔
فقیر مالک الملکی کامل تصرف کا حامل ہوتا ہے جو اپنی نگاہِ کامل کی تاثیر سے کسی کی بھی تقدیر بدل سکتا ہے، بدبخت اور شقی کو نیک بخت اور سعید بنا سکتا ہے۔ اس کے تصرف کی کوئی انتہا نہیں۔ حضرت سلطان باھُوؒ خود اپنے متعلق فرماتے ہیں:
میں شہباز کراں پروازاں، وچ دریائے کرم دے ھُو
زباں تاں میری کُن برابر، موڑاں کم قلم دے ھُو
سروری قادری مرشد کی اصل حقیقت یہ ہے کہ سروری قادری فقیر ہر طریقے کے طالب کو عامل کامل مرتبے پر پہنچا سکتا ہے کیونکہ دیگر ہر طریقے کے عامل کامل درویش سروری قادری فقیر کے نزدیک ناقص و ناتمام ہوتے ہیں کہ دوسرے ہر طریقے کی انتہا سروری قادری کی ابتدا کو بھی نہیں پہنچ سکتی خواہ کوئی عمر بھر محنت و ریاضت کے پتھر سے سر پھوڑتا پھرے۔(محک الفقر کلاں)
موجودہ دور میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمدنجیب الرحمن مدظلہ الاقدس صاحبِ مسمّٰی مرشد ِ کامل اکمل جامع نور الہدیٰ فقیر مالک الملکی ہیں جن کی نگاہِ کیمیا اثر کی کوئی حد نہیں۔ طالبانِ مولیٰ آپ مدظلہ الاقدس کی محفل میں بیٹھے ہوں یا دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں آپ کی نگاہِ فیض رساں سے یکساں طور پر مستفید ہوتے ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس کی ایک نگاہِ کامل زنگ آلود قلوب کے لیے صیقل کا کام کرتی ہے اور دلوں سے دنیا اور حب ِ دنیا کی ظلمت کو دور کر کے اس میں معرفت ِ الٰہی کا نور بھر دیتی ہے۔ طالبانِ دنیا کو طالبانِ مولیٰ بنا کر ان کے قلوب کو عشقِ حقیقی سے سرشار کرنا ہی آپ کی سب سے بڑی کرامت ہے۔ دنیا بھر میں لاکھوں طالبانِ مولیٰ مرد و خواتین آپ کے فیض ِ فقر اور کامل تصرف کی بدولت فقر کی راہ پر خوش اسلوبی سے چل رہے ہیں۔
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا ایک اہم کارنامہ یہ ہے کہ اسمِ اللہ ذات اور اسمِ محمد کے تصور اور ذکر ِ یاھُو کا فیض جس قدر آپ مدظلہ الاقدس نے عام فرمایا ہے آج سے پہلے کوئی نہیں کر سکا۔ تمام طالبانِ مولیٰ کے لیے دعوتِ عام ہے کہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے اکتسابِ فیض کے لیے خانقاہ سروری قادری لاہور میں تشریف لائیں۔