تصورِ اسمِ محمد
جس طرح اسمِ” اللہ ”اللہ کا ذاتی نام ہے اور اس کی تمام صفات اور دیگر صفاتی ناموں کا احاطہ کرتا ہے اسی طرح اسم ” محمد”( صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم )حضور سرورِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا ذاتی نام ہے اور اُن کی تمام صفات اور ذات کی تمام خوبیوں کا جامع ہے اور ان کی ذات سے سب سے زیادہ وابستہ ہے اسی لیے تصورِ اسمِ محمد مجلسِ محمدی کی حضوری کے لیے سب سے پُر اثر اور طاقتور ذریعہ ہے۔ جو باطن میں دیدارِ الٰہی سے پہلے اہم مقام ہے۔ جسے مجلسِ محمدی ( صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم )کی حضوری حاصل ہوگئی اسے کامل دین حاصل ہوگیا۔ سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ نے اپنی تصانیف میں اسمِ اللہ ذات کے ساتھ ساتھ تصورِ اسمِ محمد(صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ) کے اسرار و رموز کوبھی کھول کر بیان فرمایا ہے بلکہ آپ رحمتہ اللہ علیہ کا فرمان ہے کہ مرشدِ کامل اکمل وہی ہے جو اسمِ اللہ ذات اور اسمِ محمد (صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم) کی راہ جانتا ہے۔ آپ اسمِ اللہ ذات کے ساتھ ساتھ اسمِ محمد (صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ) کے تصور کو بھی لازمی قرار دیتے ہیں۔
حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ظاہری حیات مبارک میں صحابہ کرامؓ نے معرفتِ الٰہی کی تمام منازل اور مراتب آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے چہرہ مبارک کے دیدار اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے قرب و نگاہِ کامل کی توجہ سے حاصل کیے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے وصال کے بعد آنے والے طالبانِ مولیٰ آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے اسمِ مبارک کے توسط اور برکت سے آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی مجلس تک باطنی طور پر رسائی حاصل کر کے آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے کرم و تاثیر سے فیض یاب ہوتے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی مہربانی اور ساتھ کے بغیر آج تک نہ کوئی اللہ تک پہنچ پایا ہے نہ پہنچ پائے گا۔ جب تک آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی نگاہ کی توجہ حاصل نہ ہو’ روح نہ زندگی پاتی ہے اور نہ وصال و معرفتِ الٰہی۔ موجودہ زمانے میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی نگاہِ کامل سے فیض یاب ہونے کا ذریعہ ذکر و تصور اسمِ اللہ اور اسمِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ہے جو طالب کو آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی مجلس میں لے جاتا ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے اصحاب کا ساتھ نصیب کرتا ہے۔ اس مجلس میں صبر و استقامت’ ادب و حیاء اور مکمل اطاعت و پیروی کے ساتھ دنیاوی تعلقات کو قطع کر کے مستقل حاضری کے بعد ہی ایک طالب اس لائق بنتا ہے کہ اسے محبوبیت کے مراتب حاصل ہوں اور اللہ کی معرفت و وصال نصیب ہو۔
سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ اسم اللہ ذات کی تفصیل بیان کرتے ہوئے اسم”محمد” صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کو اسمِ اللہ ذات کا ہی حصہ قرار دیتے ہیں۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ عین الفقر میں فرماتے ہیں:
اَلۡفَقۡرُ فَخۡرِیۡ کی شرح یوں بھی ہے کہ فقر کی ابتدا اسمِ اللہ سے ہے یعنی فقراء اسمِ اللہ سے فقیر بنتے ہیں ا ور اسمِ محمدحضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا فخر ہے کہ اسم ”اللہ” اسم ” محمد” میں تبدیل ہوجاتا ہے چنانچہ حدیثِ قدسی میں فرمان حق تعالیٰ ہے: ”اے محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم تو میں ہے اور میں تو ہوں۔” یعنی یہ دو نام ایک ہی صنف سے ہیں اسی لیے آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا:اَلۡفَقۡرُ فَخۡرِیۡ وَالۡفَقۡرُ مِنِّی ترجمہ: فقر میرا فخر ہے اور فقر مجھ سے ہے۔
چنانچہ اسم” محمد ” درحقیقت اسی قوت اور اثر کا حامل ہے جو اسم اللہ کو حاصل ہے۔ لیکن اسمِ اللہ میں جلال بھی ہے جمال بھی، قہر بھی ہے لطف بھی جبکہ اسمِ ”محمد” میں جمال ہی جمال اور رحمت ہی رحمت ہے۔ چنانچہ انسانی باطن پر اس کے اثرات زیادہ خوش کن ہیں۔ اسمِ محمد کے تصور اور ذکر سے انسانی روح شریعتِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے تابع ہوکر اللہ کی زیادہ تابع دار ہو جاتی ہے۔ سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ اسم ”محمد” ( صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ) کے اثرات و کمالات کی شرح کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
جب طالب اللہ اسمِ اللہ ذات’ اسمِ محمد سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اور کلمہ طیبہ کے تصور میں محو ہوتا ہے تو اس کے گناہ نورِ اسمِ اللہ ذات کے لباس میں چھپ جاتے ہیں۔ (محبت الاسرار)
جو شخص اسمِ محمدصلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا تصور کرتا ہے، ہر بات کے جواب میں نور محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے لب کشائی کرتا ہے۔ تصور کرنے والے پر اسمِ محمدصلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم تاثیر کرتا ہے۔ تصور اسم محمدصلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کرنے والا روشن ضمیر ہو جاتا ہے اور عظمتِ عظیم’ ہمراہیِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ‘ قلبِ سلیم’ صراطِ مستقیم اسے حاصل ہو جاتا ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا ہم جسم’ ہم قدم’ ہم زبان’ ہم شنو’ ہم بینا ہو جاتا ہے۔ شریعت کا لباس پہنتا ہے۔ اسم ” محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ” میں چار حروف ہیں جس میں دونوں جہان ہیں۔ اس میں دونوں جہان کی خبریں منکشف ہوتی ہیں۔ (محبت الاسرار)
جس کسی کے وجود میں اسمِ محمدصلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا نور (تصوراسم ”محمد” صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے) داخل ہو جائے اس شخص کا ہر کام نور محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے ہوتا ہے۔ (عقلِ بیدار)
اسمِ محمدصلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے تصور کے چار طریق ہیں جن سے چار قسم کی توفیق حاصل ہوتی ہے۔
اول :یہ کہ جو کوئی اسمِ محمدصلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا تصور دل پر کرتا ہے تو اس کا قلب زندہ اور نفس مطلق مردہ ہو جاتا ہے کیونکہ یہ تصور (نفس پر) امیر و غالب ہے۔ فناء فی اسمِ محمدصلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے اس مرتبہ سے فقیر کامل ہو جاتا ہے۔
دوم : یہ کہ جو کوئی اسمِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے تصور سے دل (کی ولایت) میں داخل ہو جاتا ہے اسے مجلسِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نصیب ہو جاتی ہے۔ وہ اس (مجلس) کو پالیتا’ اس کی شناخت کر لیتا اور وہاں پہنچ کر اسے دیکھ لیتا ہے۔
سوم: یہ کہ جو کوئی اپنے آپ کو اسمِ محمدصلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں محو کر لیتا ہے تو اس تصور سے اس پرکُل و جز ظاہر ہو جاتا ہے۔ اس کا وجود مغفور ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
لِّیَغۡفِرَ لَکَ اللّٰہُ مَا تَقَدَّمَ مِنۡ ذَنۡۢبِکَ وَ مَا تَاَخَّرَ ۔(سورۃ الفتح۔2)
ترجمہ: تاکہ اللہ تعالیٰ آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے (وسیلہ سے اُمت کے ) اگلے اور پچھلے (تمام) گناہ بخش دے۔ (سورۃ الفتح۔2)
ایسا صاحبِ تصور انسان ہونا چاہیے نہ کہ گائے گدھے کی صفات رکھنے والا حیوان۔
چہارم: یہ کہ جو کوئی اسمِ محمدصلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے تصور کی حاضرات سے اپنے آپ کو (حضورِ مجلس) میں حاضر کر لیتا ہے اور علم ناظرات کے وسیلہ سے اپنے آپ کو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی نظر میں منظور کروا لیتا ہے اس کے دل میں کوئی آرزو باقی نہیں رہتی۔ اسمِ محمدصلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے نقش کا تصور ایسی راہ ہے جو پہلے ہی روز حضوری محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی معرفت بخش دیتا ہے کیونکہ علم ہی حضوری کا گواہ ہے۔ (کشف الاسرار)
نفس کے حیلوں اور شیطان کی چالوں سے نجات ‘ ہر طرح کے جہل’ کفر و شرک سے بچاؤ اسمِ محمدصلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے تصور میں محو ہو جانے سے ہی ممکن ہے۔ حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
طالبِ اللہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے دماغ میں تصورِ اسم ”محمد”اور تصورِ اسم ”محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ” سے تصرف کرے تاکہ اُس کے مغز میں ذکرِ روح اور ذکرِ سِرّ کی تپش سے ایسی آگ بھڑکے جو اُسے خلافِ نفس و خلافِ زن و خلافِ دنیا و خلافِ شیطان کر دے۔ (محک الفقر کلاں)
اسمِ محمد میں اسمِ اعظم ہے اور اسمِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں صراطِ مستقیم ہے۔ (محک الفقر کلاں)
جو عالم باللہ اسمِ محمدصلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں فنا ہوتا ہے وہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اور اولیاء اللہ کا منظور نظر ہوتا ہے۔ ایسا شخص عالم بھی ہوتا ہے اور عامل بھی اور فقیر کامل بھی اور حضور غوث الثقلین شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ کا منظورِ نظر مرید لایرید بھی۔ (فضل اللقاء)
اسمِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے تصور سے علم کی سچی آگاہی حاصل ہوتی ہے۔ (کلیدِ جنت)
اسمِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا تصور کرنے والا جب اسمِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی صورت کا تصور کرتا ہے تو تمام ماسوائے اللہ کو ترک کر دیتا ہے۔ جس طرف بھی نگاہ کرتا ہے اُسے مجلسِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نظر آتی ہے۔ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا باادب باحیاء عاشق’ اللہ تعالیٰ کا معشوق بن جاتا ہے۔ (عقلِ بیدار )
جب طالب اسمِ محمدصلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کو اپنے تصور میں لاتا ہے تو بے شک جناب سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی روح مبارک مع ارواحِ صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین نہایت لطف و کرم سے تشریف فرما ہوتی ہیں۔ صاحبِ تصور کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم فرماتے ہیں ”میرا ہاتھ پکڑ۔” آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا ہاتھ پکڑتے ہی طالب کا دل معرفتِ الٰہی کے نور سے روشن ہو جاتا ہے ۔ (کلیدِ جنت)
اسمِ محمد کا منکر
اسمِ اللہ ذات اور اسمِ محمد کے منکر کے بارے میں سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
تصور”اسمِ محمد اور ذکر اور تصورِ اسمِ اللہ ذات سے منع کرنے والا شخص دو حکمتوں سے خالی نہیں ہوتا’ یا تو وہ منافق ہوتا ہے یا کافر یا پھر وہ حاسد ہو تا ہے یا متکبر۔(عین الفقر)
جو اسم اللہ ذات اور اسمِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا منکر ہے وہ ابوجہل ثانی ہے یا فرعون۔(قربِ دیدار)
جسے اسمِ اللہ ذات اور اسمِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم پر یقین نہیں وہ منافق ہے۔(محک الفقر کلاں)