نقطہ نظر |Nuqta e Nazar


Rate this post

نقطہ نظر

ڈاکٹر وسیم اکرم  
ترجمان تحریک دعوتِ فقر (رجسٹرڈ) پاکستان (برائے امورِ داخلہ)

بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کا فرمانِ عالیشان ہے:

’’تاریخ ِ اسلام میں تمام اسلامی تحریکوں میں سے ’’سلاسل ِ طریقت‘‘ کی تحریک سب سے زیادہ مضبوط، معتبر، دیرپا اور کامیاب رہی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کا تعلق باطن یعنی ذاتِ حق کے قرب و معرفت سے ہے جو سیدھا دل کی گہرائیوں میں اتر جاتا ہے۔ اسلام کا ایک ظاہر ہے اور ایک باطن۔ اسلام کا ظاہری حصہ شریعت ہے اور باطنی حصہ طریقت ہے جو حقیقت اور معرفت تک رسائی کا راستہ ہے۔‘‘ (شمس الفقرا)

اللہ پاک کی معرفت اور فقر محمدیؐ کا یہی پیغام پوری دنیا میں پھیلانے کے لئے سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام سلطان العاشقین حضرت سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے 23 اکتوبر 2009 کو تحریک دعوتِ فقر کی بنیاد رکھی۔ موجودہ دور جو صرف ظاہری عبادات تک محدود تھا اور باطنی اصلاح اور تزکیہ نفس کی طرف کسی کی طرف توجہ نہیں تھی وہاں ایک ایسی جماعت کی اشد ضرورت تھی جو عوام الناس کوفَفِرُّوْٓا اِلَی اللّٰہکے عین مطابق حق تعالیٰ کی دعوت دے۔ جیسا کہ قرآنِ مجید میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

’’اور تم میں ایک جماعت ایسی ہونی چاہئے جو خیر کی طرف بلائے اور معرفت کا حکم دے اور برائی سے روکے‘‘۔ (آلِ عمران۔104)

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے جب تحریک دعوتِ فقر کی بنیاد رکھی اُس وقت صرف چند لوگ ہی اس جماعت کا حصہ بنے۔ جیسے جیسے وقت گزرتا گیا طالبانِ مولیٰ پوری دنیا سے اپنی روح کی پیاس بجھانے کے لئے آپ مدظلہ الاقدس کے دست ِاقدس پر بیعت ہو کر اس تحریک کا حصہ بنتے گئے۔ سبحان اللہ! یہ آپ مدظلہ الاقدس کی کاوشوں، انتھک جدو جہد اور بے مثال روحانی قیادت اور عظیم شخصیت کا ہی نتیجہ ہے کہ تحریک دعوتِ فقر نے قلیل عرصہ میں وہ ترقی اور کامیابیاں حاصل کی ہیں جو شاید ہی اس سے پہلے کسی اور جماعت کو حاصل ہوئی ہوں۔ 

فرقہ پرستی کا یہ دور جہاں ہر فرقہ اپنے آپ کو حق پر ثابت کرنے اور دوسروں پر کفر کے فتوے لگانے پر مصروف ہے وہیں تحریک دعوتِ فقر نسل و فرقہ پرستی اور ہر طرح کی عصبیت سے بالاتر ہو کر دنیا بھر میں فقر محمدیؐ کا پیغام عام کر رہی ہے اور لوگوں کو اسم ِ اللہ ذات کی دعوت دے رہی ہے۔ جیسا کہ تحریک دعوتِ فقر کے دستور کی شق نمبر 1(iii) میں درج ہے ’’یہ نہ تو سیاسی تحریک یا جماعت ہے اور نہ ہی مذہبی یا فرقہ وارانہ۔ بلکہ یہ تحریک ِدعوت ہے جس کا مقصد پاکستان کے عوام کو فقر کی تعلیمات سے روشناس کروا کر انہیں فقر کی راہ پر اسم اللہ کے ذکر اور تصور کے ذریعے عملی طور پر چلنے کے لئے تیار کرنا ہے تا کہ ان کے ظاہر و باطن یکساں ہو جائیں۔‘‘

تحریک دعوتِ فقر کے جھنڈے کے رنگ بھی اس کے مقاصد کی عکاسی کرتے ہیں۔ سبز رنگ سے مراد فقر ِمحمدیؐ اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام اور سیّدنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؓ کا اپنا سلسلہ سروری قادری ہے۔ سرخ رنگ ’’انقلاب‘‘ کی نشانی ہے اور درحقیقت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی اعلیٰ روحانی قیادت میں تحریک دعوتِ فقر نے وہ انقلاب برپا کیا ہے جس کی تاقیامت مثال نہیں ملے گی۔

تحریک دعوتِ فقر کے مقاصد کو عوام الناس تک منظم انداز میں پہنچانے اور مختلف ذرائع کا بھرپور استعمال کرنے کے لئے آپ مدظلہ الاقدس نے جدید اور آنے والے ادوار کے مطابق مختلف شعبہ جات کی بنیاد رکھی۔جن میں قابل ِ ذکر سلطان الفقر پبلیکیشنز، سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشنز، ویب سائٹ ڈویلپمنٹ ونگ، ویب سائٹس پروموشن ونگ، سوشل میڈیا ونگ، شعبہ اطلاعات و نشریات، شعبہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ، رابطہ کمیٹی، شعبہ لنگر اور قیام و طعام شامل ہیں۔ ہر شعبہ آپ مدظلہ الاقدس کی نگرانی میں تحریک دعوتِ فقر کے دستور کے مطابق فقر کا پیغام پھیلانے میں مصروفِ عمل ہے۔ ان شعبہ جات اور تحریک دعوتِ فقر کے دوسرے امور کی نگرانی کے لئے آپ مدظلہ الاقدس نے اپنے خلفاء پر مشتمل مجلس ِخلفاء کا قیام فرمایا ہے۔ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب مجلس ِخلفاء کے نگران بھی ہیں۔ انتظامی امورکی دیکھ بھال کے لئے انتظامیہ کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جو تحریک دعوتِ فقر کے انتظامات کو دیکھتی ہے۔ انتظامیہ کمیٹی کی معاونت کے لئے مجلس ِشوریٰ اور جنرل کونسل کا بھی قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

طالبانِ مولیٰ کے تزکیہ نفس اور روحانی ترقی کے لئے آپ مدظلہ الاقدس ’’خانقاہ سلسلہ سروری قادری‘‘کا قیام بھی عمل میں لائے ہیں۔ (خانقاہ کے بارے میں مزید جاننے کے لئے کتاب ’’خانقاہ سلسلہ سروری قادری‘‘ کا مطالعہ کریں)

آپ مدظلہ الاقدس کے فیض کا سمندر وسیع تر ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے اب ایک وسیع و عریض اور جدید طرز کی خانقاہ کی اشد ضرورت ہے۔ اسی مقصد کے تحت سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے حکم کے مطابق خانقاہ سلطان العاشقین و مسجد زہرا کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا تعمیراتی کام دن رات تیزی سے جاری ہے اور یہ تحریک دعوتِ فقر کے اب تک کے منصوبوں میں سب سے بڑا اور اہم منصوبہ ہے۔ آپ مدظلہ الاقدس کے حکم کے مطابق اس عظیم منصوبے کے انچارج منتظم ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور آپ مدظلہ الاقدس کے خلیفہ سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری ہیں۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی رضا کے عین مطابق کامیابی سے یہ عظیم منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے اور رہتی دنیا تک طالبانِ مولیٰ کے لئے فقر کا مرکز اور رشد و ہدایت کا ذریعہ بنے۔ آمین

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے فقر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آن لائن بیعت کا سلسلہ شروع فرما کر انقلاب برپا کر دیا ہے۔ جوں جوں اللہ پاک آپ مدظلہ الاقدس کو عروج عطا فرما رہا ہے آپ مدظلہ الاقدس بھی طالبانِ مولیٰ کے لئے آسانیاں پیدا فرما رہے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر بھی آپ مدظلہ الاقدس نے اسم اللہ ذات اور اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فیض عام فرمادیا ہے۔ دنیا بھر سے طالبانِ مولیٰ مرد و خواتین آپ مدظلہ الاقدس سے فیض یاب ہو رہے ہیں۔ 

ہر فرد ہر گھر، پیغامِ تحریک دعوتِ فقر


اپنا تبصرہ بھیجیں