محفل بسلسلہ ذکرِ حسینؓ-10 محرم الحرام 1440ھ
محفل بسلسلہ ذکرِ حسینؓ
10 محرم الحرام 1440ھ
اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد کیونکہ لختِ جگر بتولؓ ، نواسۂ رسول صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم امام الشہدا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہٗ نے اپنی اور اپنے اہل و عیال کی قربانی دے کر ظلمت و بربریت کے خلاف حق کی جنگ میں شہادت حاصل کر کے اسلام کا دنیا میں تو کیا پوری کائنات میں بول بالا کر دیا اور عشق و وفا ، قربانی و آزمائش اور حق کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک روزِ روشن کی طرح عیاں رہے گی۔
موجودہ دور میں فقر کے علمبردار سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیر صدارت سلطان الفقر ہاؤس/ خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں امام الشہدا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہٗ کی یاد اور ان کی جرأت و شجاعت کا ذکر بلند کرنے اور کربلا میں شہید ہونے والے نفوسِ قدسیہ کے ایصالِ ثواب کے لیے تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے10 محرم الحرام 1440ھ بمطابق 21ستمبر 2018 بروز جمعہ ایک عظیم الشان محفل منعقد کی گئی جس میں ملک بھر سے عقیدتمندوں نے شرکت فرما کر عشق و وفا کے اس عظیم واقعہ کی یاد تازہ کی۔ محفل نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد شروع ہوئی۔
* نقابت کے فرائض ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے انجام دئیے۔
* محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ حماد الرحمن سروری قادری نے حاصل کی۔
* رمضان باھو سروری قادری نے نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ’’تو شاہِ خوباں تو جانِ جاناں‘‘ کا نذرانہ پیش کیا۔
* سٹیج سیکرٹری ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے محمد نصیر سروری قادری کو سٹیج پر دعوت دی جنہوں نے منقبت درشان امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ ’’ہماری زیست کا سرمایۂ تمام حسینؓ ‘‘ پیش کر کے محفل میں یادِ حسینؓ تازہ کر دی۔
* مولانا محمد اسلم سروری قادری نے شانِ حسینؓ کو بیان کرنے کے لیے ایک جامع تقریر پیش کی۔
* محسن رضا سروری قادری نے ’’میں تو پنجتن کا غلام ہوں‘‘ پڑھ کر غلامانِ اہلِ بیتؓ کے دلوں کو گرمایا۔
* نصیر احمد سروری قادری نے ابیاتِ باھو ؒ درشانِ حسینؓ پیش کیے۔
* مولانا محمد اسلم سروری قادری نے ختم شریف پڑھنے کی سعادت حاصل کی اور محمدفاروق ضیا سروری قادری نے ایصالِ ثواب کے لیے دعا فرمائی۔
محفل کے اختتام پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور شرکاء محفل میں لنگر شریف تقسیم کیا گیا۔
آنے والے بہت سے شرکاء نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سے بیعت اور بغیر بیعت کے ذکر وتصور اسم j ذات حاصل کیا۔
اس موقع پر سلطان الفقر پبلیکیشنز کی جانب سے سٹال بھی لگایا گیا جس میں خصوصی طور پر سلطان الفقر پبلیکیشنز کی شائع کر دہ تمام کتب خصوصی ڈسکاؤنٹ کے ساتھ پیش کی گئیں۔شائقین نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کی اس کاوش کو خوب سراہا اور کتب میں بھرپوردلچسپی کا اظہار کیا۔
تبلیغی دورہ میاں چنوں
مورخہ 7 اکتوبر 2018بروز اتوار
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اسم اللہ ذات کے فیض کو عام کرنے کے لیے بابر نذیر سروری قادری کی دعوت پر ایک روزہ تبلیغی دورہ کے لیے میاں چنوں تشریف لے گئے۔ طالبانِ مولیٰ پر مشتمل قافلہ مورخہ 7 اکتوبر بروز اتوار بعد از نمازِ فجر سلطان العاشقین ہاؤس لاہور سے روانہ ہوا۔
قافلہ تقریباً ساڑے نو بجے میاں چنوں میں بابر نذیر سروری قادری کے گھر پہنچا جہاں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس، صاحبزادہ مرتضیٰ نجیب سروری قادری اور دیگر تمام مریدین اور عقیدتمندوں کا پُرجوش استقبال کیا گیا۔ بابر نذیر سروری قادری صاحب کے گھر محفل کا اہتمام تھا۔ محسن رضا سروری قادری نے اپنی پُرجوش آواز میں اہلِ بیتؓ کی شان میں کلام ’’میں تو پنجتن کا غلام ہوں‘‘ پیش کیا۔ محمد رمضان باھو سروری قادری نے مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی شان میں منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔ آخر میں محمد نصیر سروری قادری نے ابیاتِ باھُوؒ حاضرین کے سامنے پیش کیے۔ محمد فاروق ضیا سروری قادری نے دعا کروائی۔
محفل کے بعد حضور مرشد کریم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو بیعت فرمایا اور اسمِ اللہ ذات عطا فرمایا۔ مرد حضرات کو بیعت فرمانے کے بعد حضور مرشد کریم نے بیعت کی خواہش مند خواتین کو بیعت فرمایا۔
محفل کے دوران سلطان الفقر پبلیکیشنز کی مطبوعہ کتب کا سٹال لگایا گیا۔ محفل کے اختتام پر حاضرین نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کے سٹال پر کتب خریدیں۔
دوپہر کے لنگر کے بعد نمازِ ظہر ادا کی گئی۔ اس کے بعد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس قافلہ کے ہمراہ محمد علی سروری قادری کے گھر دعائے خیر کے لیے تشریف لے گئے وہاں بھی مرد و خواتین نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت کی سعادت حاصل کی۔ وہاں سے واپسی پر حضور مرشد کریم طارق محمود سروری قادری کے گھر دعائے خیر کے لیے تشریف لے گئے۔ طارق محمود سروری قادری کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے بعد حضور مرشد کریم اور تمام اہلِ قافلہ لاہور واپسی کے لیے روانہ ہوئے اور رات تقریباً نو بجے قافلہ اسمِ اللہ ذات کی برکات اور فیوضات تقسیم کرنے کے بعد واپس لاہور پہنچا۔