تحریک دعوتِ فقر نیوز
Tehreek Dawat-e-Faqr News
خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کا قیام
بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے10محرم الحرام کو منعقد ہونے والی محفل ذکرِ حسینؓ کی صدارت کے بعد خانقاہ سلطان العاشقین میں قیام فرمایا۔اس دوران آپ مدظلہ الاقدس کی سرگرمیاں کچھ یوں رہیں:
19 جولائی 2024 بروز جمعہ: بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے مجلسِ خلفا، مریدین اور اہلِ علاقہ کے ہمراہ مسجدِزہراؓ میں نمازِ جمعہ ادا فرمائی۔ نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد آپ مدظلہ الاقدس نے سب سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد آپ مدظلہ الاقدس خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لے آئے۔ خانقاہ آمد پر آپ مدظلہ الاقدس نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو سلسلہ سروری قادری میں بیعت فرما کر وصالِ الٰہی کے حصول کے لئے ذکر و تصور اسمِ اعظم (اسمِ اللہ ذات) کی لازوال نعمت سے نوازا۔
21 جولائی 2024 ء بروز اتوار: بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین میں مریدین اور عقیدتمندوں سے ملاقات فرمائی۔خوش نصیب طالبانِ مولیٰ نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت ہو کر وصالِ الٰہی کے حصول کے لئے ذکر و تصور اسمِ اللہ ذات کی لازوال نعمت حاصل کی۔ (نیوز رپورٹر: وقار احمد ارشادسروری قادری)
بزمِ سلطان العاشقین
فقیر مالک الملکی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس 27 جولائی 2024 ء بروز ہفتہ خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لائے۔ خانقاہ آمد کے بعد آپ مدظلہ الاقدس نے خانقاہ نشینوں اور دیگر حاضرین کو اپنی نورانی صحبت سے نوازا۔ آپ مدظلہ الاقدس کے معزز خلفا بھی اس نشست میں موجود تھے۔
28 جولائی 2024ء بروز اتوار بعد نمازِ ظہر بزمِ سلطان العاشقین منعقد ہوئی۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے محفل کی صدارت فرمائی جبکہ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب سروری قادری صاحب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ معزز ممبران مجلسِ خلفا سمیت مریدین و عقیدتمندوں نے ذوق و شوق سے محفل میں بھرپور شرکت کی۔ محفل میں نقابت کے فرائض منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری صاحب نے ادا کیے۔عطاالوہاب سروری قادری نے تلاوت کلام پاک اور ہدیۂ نعت کی سعادت حاصل کی۔ محفل کے اختتام پر آپ مد ظلہ الاقدس نے تمام مہمانانِ گرامی سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی ۔حاضرینِ محفل کی شاندار لنگرپاک سے تواضع کی گئی۔ (نیوز رپورٹر: وقار احمد ارشادسروری قادری)
یومِ ولادت سلطان العاشقین (منعقدہ 19اگست 2024ء بروز سوموار)
ہر سال کی طرح رواں سال بھی تحریک دعوتِ فقر کے زیرِانتظام 19 اگست یوم ولادت باسعادت بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر، مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے موقع پر فقید المثال تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں اندرون و بیرون ملک سے کثیر تعداد میں طالبانِ مولیٰ جوق در جوق اپنے مرشد کریم کی ولادت کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لیے تشریف لائے۔ عاشقانِ صادق کی خانقاہ سلطان العاشقین میں آمد کا سلسلہ تقریب سے کئی روز قبل ہی شروع ہو گیا۔ہر کوئی عہد کیے ہوئے تھا کہ اپنے مرشد کریم کی نسبت سے منائی جانے والی خوشی میں بڑھ چڑھ کر شریک ہو گا۔ اِس حوالے سے مزید تفصیلات کچھ یوں ہیں:
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی خانقاہ آمد
18 اگست 2024ء بروز اتوار حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہورتشریف لائے جہاں مریدین اور عقیدت مندوں کی جانب سے آپ کا ’’سلطان العاشقین زندہ باد، شبیہ غوث الاعظم زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعروں کی گونج میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔آپ مد ظلہ الاقدس نے تمام ساتھیوں سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔
گھوڑا ڈانس اور کیک کٹنگ
18 اگست کی شام بعد نمازِ مغرب انتظامیہ کمیٹی تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے شاندار گھوڑا ڈانس کا انتظام کیا گیاجسے آپ مد ظلہ الاقدس اور دیگر حاضرین نے خوب سراہا۔سلطان العاشقین کے گھوڑوں نے خوب مہارت اور خوبصورتی سے ڈھول کی تھاپ پر دیدہ زیب رقص کا مظاہرہ کیا۔ یومِ ولادت سلطان العاشقین کی مناسبت سے تمام خانقاہ کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ رات 12 بجے جونہی 19اگست کی سہانی گھڑی آئی، خانقاہ سلطان العاشقین میں شاندار آتش بازی کااہتمام کیا گیا جس کی بدولت پورا منظر رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔ اِس رنگا رنگ تقریب کو سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کی موجودگی نے رونقِ جاودانی بخشی۔ اِنہی جگمگ جگمگ کرتی روشنیوں اور تکبیر و رسالت کے نعروں کی گونج میں مسرت و شادمانی کے جذبات سے لبریز مریدین اور عقیدت مندوں کے ہمراہ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے کیک کاٹ کر سب کو اپنی خوشی میں شریک فرمایا اور ان کے حق میں دعا بھی فرمائی۔
تقریبِ سعید بسلسلہ یومِ ولادت سلطان العاشقین
تحریک دعوتِ فقر نے سابقہ روایت برقرار رکھتے ہوئے اِس سال بھی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے یومِ ولادت پرشاندار تقریب کا اہتمام کیا۔ 19 اگست 2024ء بروز سوموار دوپہر 2 بجے بعد نمازِ ظہر خانقاہ سلطان العاشقین میں تقریبِ سعید بسلسلہ یوم ولادت با سعادت سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس منعقد ہوئی۔ تقریب کو ہر لحاظ سے مرشد کریم سلطان العاشقین کے شایانِ شان اور کامیاب بنانے کے لئے کئی ہفتے قبل ہی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا تھا۔ تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانانِ گرامی کی مہمان نوازی کے لئے 18 اگست کی رات سے ہی لنگر پاک کی تیاری کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ ملک کے طول و عرض سے مردوخواتین مریدین اور عقیدت مند بڑی تعداد میں اس با برکت تقریب میں شرکت کے لیے پروانوں کی مثل درگاہِ مرشد کی جانب دیوانہ وار کھنچے چلے آئے۔ (یاد رہے خانقاہ سلطان العاشقین میں منعقد ہونے والی تمام محافل اور تقاریب میں خواتین کے لئے پردے کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں جہاں مردوں کا داخلہ قطعی ممنوع ہوتا ہے۔)
مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے زیرِصدارت منعقد ہونے والی اس تقریبِ سعید میں صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس، معزز مجلسِ خلفا، انتظامیہ کمیٹی تحریک دعوتِ فقر اور مجلسِ شوریٰ و جنرل کونسل تحریک دعوتِ فقر کے علاوہ کثیر تعداد میں مریدین و عقیدتمند شریک ہوئے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا جس کی سعادت مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے حاصل کی۔ جبکہ کلام در شان سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کے لئے محمدرمضان باھو سروری قادری اور عطا الوہاب سروری قادری باری باری سٹیج کی زینت بنے۔ محفل میں نقابت کے فرائض منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری صاحب نے ادا کیے اور خطاب کے لئے سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری تشریف لائے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے آپ مد ظلہ الاقدس کی ولادت باسعادت کی بشارات کو بیان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح مختلف اولیا کرام نے اپنی کتب اور کلام میں آپ مد ظلہ الاقدس کی آمد کی بشارات دیں۔اِس جامع اور خوبصورت خطاب کے بعد سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس نے کیک کاٹا اور یوں آپ مدظلہ الاقدس نے اس تقریب کی رونقوں کو دوبالا کیا۔ بعد ازاں سلطان حافظ محمدناصر مجید سروری قادری صاحب نے اختتامی دعا فرمائی۔
محفل کے خاتمہ پر سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس نے تمام شرکائے تقریب سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی اور سب کی تشریف آوری پر اُن کا شکریہ ادا فرمایا۔ اس موقع پر حاضرینِ محفل نے آپ مد ظلہ الاقدس کی خدمت میں تحائف پیش کیے۔ علاوہ ازیں سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس نے اسمِ اعظم کے طلبگاروں کو بیعت فرما کر اسمِ اللہ ذات کی لازوال نعمت سے بھی نوازا۔ بلا شبہ اس افرا تفری اور نفسا نفسی کے دور میں اسمِ اللہ ذات کے فیض کو عام کرنا آپ مد ظلہ الاقدس کا ہی اعجاز اور خاصہ ہے۔
تقریب رونمائی کتب
ماہنامہ سلطان الفقر کے معزز قارئین کو بتاتے چلیں کہ تحریک دعوتِ فقر کے زیرِانتظام منعقد ہونے والی تمام سالانہ محافل میں سلطان الفقر پبلیکشنز کی جانب سے مختلف کتب شائع کی جاتی ہیں۔ اس بار 19 اگست 2024 ء کے پر مسرت موقع پر ایک اردو کتاب اور ایک انگلش کتاب شائع کی گئی۔ طالبانِ مولیٰ کی رہنمائی کے لیے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی تعلیمات اور اقوال کو نہایت عرق ریزی سے جمع کر کے ایک کتاب ’’تعلیمات و فرمودات سلطان العاشقین‘‘ کے نام سے شائع کیا گیا اور انگلش قارئین کے لیے ان فرمودات اور تعلیمات کو ’’Teachings and Quotes of Sultan ul Ashiqeen‘‘کے نام سے شائع کیا گیا۔
قارئین کرام! 19 اگست کی شاندار تقریب کو سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کے تعاون سے بین الاقوامی مریدین اور دنیا بھر میں موجود عقیدتمندوں کے لئے براہ ِ راست نشر کیا گیا۔ تقریب کی ویڈیو دیکھنے کے لئے آپ ہمارے درج ذیل چینلز وزٹ کر سکتے ہیں:
سلطان العاشقین TV یوٹیوب، فیس بک ، انسٹا گرام، ریڈاِٹ، ڈیلی موشن، لنکڈ اِن اور ایکس (سابقہ ٹویٹر)۔(نیوز رپورٹر: عثمان صادق سروری قادری)
مجلسِ شوریٰ و جنرل کونسل تحریک دعوتِ فقر کا مشترکہ اجلاس
3 اگست 2024ء بروز ہفتہ شام 5 بجے خانقاہ سلطان العاشقین میں منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری کے زیر صدارت مجلسِ شوریٰ و جنرل کونسل تحریک دعوتِ فقر کا مشترکہ اجلاس ہوا ۔اِس موقع پر سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری اور سلطان محمد عبدالرحمن محبوب سروری قادری بھی موجود تھے۔ اجلاس کا ایجنڈا 19 اگست 2024ء بروز سوموار انعقادپذیر ہونے والی تقریبِ سعید بسلسلہ یومِ ولادت سلطان العاشقین کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کرنا اور اپنا آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دینا تھا۔
اجلاس میں انتظامیہ کمیٹی تحریک دعوتِ فقر کے علاوہ مجلسِ شوریٰ و جنرل کونسل کے اراکین نے کثیر تعداد میں شریک ہو کر اپنے مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سے والہانہ عقیدت و احترام کا ثبوت دیا۔اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت وقار احمد سروری قادری نے حاصل کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کا منصب جنرل سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری نے سنبھالا۔ اجلاس میں شریک تمام ممبرانِ شوریٰ و جنرل کونسل کی تشریف آوری پر اُن کا شکریہ ادا کرنے کے بعد ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری نے اُنہیں اجلاس کے ایجنڈا سے آگاہ کیا اور معزز اراکین سے آراء بھی طلب کیں جن کی روشنی میں 19 اگست کی تقریب کے لئے لائحہ عمل ترتیب دیا جانا تھا۔ اس کے بعد منتظمِ اعلیٰ صاحب نے اپنے مختصر خطاب میں سب سے پہلے تو اجلاس میں شرکت کرنے والے ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہر سال کی طرح رواں سال بھی وسیع پیمانے پر 19 اگست کی تقریب کے انعقاد کا اعادہ کیا۔اپنے خطاب کے دوران انہوں نے حاضرینِ اجلاس سے اپیل کی کہ سب بڑھ چڑھ کر اس تقریب کے انعقاد کو ہر ممکن حد تک خوبصورت اور بہترین بنانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک سچا مرید اپنے مرشد کی خوشی و رضا میں ہی اپنی حقیقی خوشی تلاش کرتا ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے تمام ممبران سے تقریب کے انتظامات کے حوالے سے مشاورت کی اور آراء طلب کیں جنہیں جنرل سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر نے کاروائی رجسٹرمیں تحریری طور پر محفوظ کر لیا۔ اِس موقع پر تمام حاضرین ِاجلاس نے انتہائی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ حافظ محمد عمیر سروری قادری نے اس دعا کے ساتھ اجلاس کا اختتام کیا کہ اللہ پاک ہمارے مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی عمر اور صحت میں برکت عطا فرمائے اور ہمیں بہترین انداز میں آپ کا یومِ ولادت منانے کی توفیق عطا فرمائے اور اس سلسلے میں ہماری ظاہری و باطنی مدد اور رہنمائی فرمائے۔ آمین! (نیوز رپورٹر: عثمان صادق سروری قادری)
اہم اطلاع
جیسا کہ ماہِ ربیع الاول کی آمد آمد ہے تو حسبِ روایت سال 2024ء میں بھی تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے زیرِ صدارت اور آپ کی خصوصی نگرانی میں محفل میلادِمصطفیؐ بسلسلہ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے انعقاد کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس محفل کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں آپ مد ظلہ الاقدس اسمِ اللہ ذات کے علاوہ اسمِ محمدؐ بھی عطا فرماتے ہیں۔ راہِ فقر میں ترقی اور معرفتِ حق تعالیٰ کے حصول کے لیے دونوں اسما کا ذکر و تصور لازم و ملزوم ہے۔ تمام اہلِ محبت کے لئے دعوتِ عام ہے کہ وہ ضرور بالضرور اس بابرکت محفل میں شریک ہوں اور اپنی ظاہری و باطنی مرادیں پائیں۔ اِن شاء اللہ(نیوز رپورٹر: عثمان صادق سروری قادری)
تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ جات میں جاری سر گرمیاں
27 جولائی 2024ء بروز ہفتہ خلیفہ نگران شعبہ سوشل میڈیا ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب سروری قادری کی زیرِصدارت خانقاہ سلطان العاشقین میں شعبہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انچارجز اور ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کا ایجنڈا شعبہ کے جاری امور اور 19 اگست 2024 ء کو منعقد ہونے والی تقریب ِسعید بسلسلہ یومِ ولادت باسعادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی منصوبہ بندی کرنا تھا۔
27 جولائی 2024 ء بروز ہفتہ خانقاہ سلطان العاشقین میں انتظامیہ کمیٹی کا 19 اگست 2024 ء کو منعقد ہونے والی تقریبِ سعید بسلسلہ یومِ ولادت باسعادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی ابتدائی منصوبہ بندی کے لئے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تقریب کے ہر پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین انتظامات کے لئے جامع گفتگو ہوئی۔
28 جولائی 2024ء بروز اتوار خلیفہ نگران سلطان محمد عبداللہ اقبال سروری قادری کی زیرِصدارت خانقاہ سلطان العاشقین میں شعبہ ویب سائٹس ڈویلپمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تحریک دعوتِ فقر نیوز ویب سائٹ کے متعلق گفتگو اور منصوبہ بندی کی گئی۔
28 جولائی 2024ء بروز اتوار خلیفہ نگران سلطان الفقر پبلیکیشنز اور ماہنامہ سلطان الفقر لاہور، سلطان محمد احسن علی سروری قادری کی صدارت میں خانقاہ سلطان العاشقین میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شعبوں کے جاری امور اور مستقبل کے لائحہ عمل پر گفتگو ہوئی۔
28 جولائی 2024ء بروز اتوار خلیفہ نگران سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن، سلطان محمد عبد الرحمن سروری قادری کی زیر ِصدارت خانقاہ سلطان العاشقین میں شعبہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انچارجز اور تمام ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کا ایجنڈا شعبہ کے جاری امور اور 19 اگست 2024 ء کو منعقد ہونے والی تقریب سعید بسلسلہ یومِ ولادت باسعادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی پلاننگ کرنا تھا۔
28 جولائی 2024ء بروز اتوار خلیفہ نگران مرکزی رابطہ کمیٹی سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری کی زیرِصدارت خانقاہ سلطان العاشقین میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شعبہ کے جاری امور کے علاوہ مستقبل کی منصوبہ بندی کی گئی جس میں اہم ترین 19 اگست یومِ ولادت باسعادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے متعلق تھی۔
11 اگست 2024 ء بروز اتوار خلیفہ نگران خانقاہ سلطان العاشقین سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری کی زیرِصدارت خانقاہ نشینوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن سروری قادری بھی خصوصی طور پر اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں خانقاہ نشینوں کی روزمرہ ذمہ داریوں اور امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔شرکائے اجلاس نے اپنی قیمتی آراء کی صورت میں بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا۔ (نیوز رپورٹر: وقار احمد ارشادسروری قادری)