تحریک دعوتِ فقر نیوز tehreek-dawatefaqr-news

Spread the love

4.7/5 - (4 votes)

تحریک دعوتِ فقر نیوز

رپورٹ: وقار احمد سروری قادری۔ لاہور
 سینئر ایڈیٹر ماہنامہ سلطان الفقر – انچارج اطلاعات و نشریات

ہفتہ تجدیدِ عشق (منعقدہ:20 دسمبر 2022 تا 25دسمبر 2022)
زیر صدارت: صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس

مسجدِزہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف، براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہورمیں ہفتہ تجدیدِ عشق کا کامیاب انعقاد ہوا۔ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس کی زیر صدارت یہ خوبصورت تقریب 20 دسمبر 2022ء بروز منگل شروع ہوئی اورپانچ روز تک جاری رہی۔ اس پانچ روزہ سرگرمی کا مقصد ملک بھر سے آئے مریدین کے دلوں میں اپنے مرشد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے لیے جذبۂ عشق کو مزید اجاگر کرنا تھا۔ ہفتہ تجدیدِعشق کے دوران سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی شان، ترویجِ فقر کے لیے جدوجہد اور اپنے مرشد سے وفا و قربانی جیسے موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ شرکا کو اپنے مرشد کامل اکمل کی حیاتِ مبارکہ اور فقر و تصوف کے لیے انتھک کاوشوں سے آشنائی کے لیے مختلف طریقہ کار اپنائے گئے جن میں درس و تدریس، تقاریر، سوالات و جوابات اور گفتگو جیسی تعمیری سرگرمیاں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ حاضرین کو تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ جات کے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس کے ساتھ ساتھ دیگر ممبران مجلسِ خلفا بھی موجود تھے۔

مریدین کی سہولت کے لیے سلطان الفقر پبلیکیشنز کا بک سٹال، کینٹین، مفت ڈسپنسری اور ہئیر سیلون جیسے مختلف سٹالز لگائے گئے تھے۔ ملک بھر سے آئے مریدین کے لیے سردی کی شدت کے پیش نظر قیام اور تین وقت کے شاندارلنگرکے لیے خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ تمام معاملات کی نگرانی اور بہتر انداز انجام دہی کے لیے مختلف ٹیمیں اور انچارچ حضرات بھی مقرر کیے گئے تھے۔

 

 ہفتہ تجدیدِ عشق میں آمدِ سلطان العاشقین( 24دسمبر 2022 )

24دسمبر 2022ء کو ہفتہ تجدیدِعشق میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی آمد نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔ آپ مدظلہ الاقدس نے تمام انتظامات کا جائزہ لیا۔ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کو تمام سٹالز کا وزٹ کرایا اور تقریب میں جاری سرگرمیوں کی بریفنگ دی۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی آمد کی خوشی میں انتظامیہ کی جانب سے گھڑ ڈانس کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

 

 ہفتہ تجدیدِ عشق کے آخری روزمحفل میلادِ مصطفیؐ کا انعقاد (25دسمبر 2022)

ہفتہ تجدیدِعشق کے آخری روز 25 دسمبر2022ء بروزاتوار محفل میلادِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا انعقاد ہوا۔ محفل کی صدارت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس نے حاضرین سے خطاب فرمایا اور تمام ساتھیوں کی بھرپور شرکت کا شکریہ ادا کیا۔ آپ نے مزید فرمایا کہ 2022ء میں پہلی مرتبہ ہفتہ تجدیدِعشق کا انعقاد ہوا۔ ساتھیوں کا جوش و جذبہ اور بھرپور تعاون کو دیکھتے ہوئے آئندہ بھی ایسی تقریبات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ تقریب میں ملک بھر سے شریک مریدین نے اس اقدام کو بے پناہ سراہااور آئندہ بھی اپنی بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی۔

 

مجلسِ شوریٰ برائے سال 2022ء کا اختتامی اجلاس

تحریک دعوتِ فقر کی مجلسِ شوریٰ برائے سال 2022ء کا اختتامی اجلاس 24 دسمبر 2022ء بروز ہفتہ مسجد ِ زہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندراڈہ ملتان روڈ لاہور میں طلب کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے کی۔ اجلاس میں امین مجلسِ خلفا سلطان محمد احسن علی سروری قادری کے علاوہ ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب سروری قادری، سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری اور سلطان محمد عبد الرحمن محبوب سروری قادری نے بھی خصوصی شرکت کی۔ یہ اجلاس سال 2022ء کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے منعقد کیا گیا تھا جس میں تحریک کے تمام شعبہ جات نے اپنی سالانہ رپورٹس پیش کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ سال کی پالیسیوں سے بھی آگاہ کیا۔

 

نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس کی صدارت میں شعبہ جات کا اہم اجلاس

نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس کی صدارت میں خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں تحریک دعوتِ فقر کے تمام شعبہ جات کے انچارجز اور ممبران کے ساتھ اہم نوعیت کا اجلاس منعقد ہوا۔ یہ اجلاس 27دسمبر 2022اور 30دسمبر 2022دو روز پر مشتمل تھا۔اجلاس میں منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری سمیت دیگر ممبران مجلسِ خلفا نے بھی خصوصی شرکت کی۔ تمام شعبہ جات کے انتظامی نگران حضرات کو بھی اس اہم اجلاس میں مدعو کیا گیا تھا۔اجلاس میں ہر شعبہ کے ممبران کے ساتھ باری باری گفتگو ہوئی جس میں شعبہ جات کی کارکردگی جانچنے کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ہر شعبہ میں مختلف سرگرمیوں کے پیشِ نظر افرادی قوت کو بروئے کار لانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

 

مرکزی عہدیداران اور ممبران مجلس ِ شوریٰ 2023ء کی تقریب حلف برداری۔31دسمبر2022ء

31دسمبر 2022 بروز ہفتہ مسجدِ زہرؓا و خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندراڈہ ملتان روڈ لاہور میں سال 2023ء کے لیے منتخب ہونے والے مرکزی عہدیداران اور ممبران مجلسِ شوریٰ کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی۔ اس خوبصورت تقریب کی صدارت بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا گیا۔

نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس نے نقابت کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے زوردار تالیوں کی گونج میں نو منتخب عہدیداران کا تعارف کروایا اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کو سٹیج پر مدعو کیا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے مختصر خطاب کے بعد سال 2023ء کے لیے منتخب ہونے والے مرکزی عہدیداران سے حلف لیا۔ 

تقریب کی کاروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس نے نو منتخب ممبران مجلسِ شوریٰ کا تعارف کروایا۔ تقریب کے دوسرے مرحلے میں منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے نو منتخب ممبران مجلسِ شوریٰ سے حلف لیا۔ مرکزی عہدیداران اور ممبران مجلسِ شوریٰ نے حلف کے دوران اللہ کی جماعت تحریک دعوتِ فقر سے وفادار رہنے اور اپنے کام پر اللہ کے کام کو ترجیح دینے کا عزمِ مصمم کیا۔ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے اختتامی دعا کروائی۔ تقریب کے اختتام پر مجلسِ خلفا، انتظامیہ کمیٹی اور مجلسِ شوریٰ کے ممبران نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائے۔ اس موقع پر خانقاہ نشین اور مقامی میڈیا کے افراد بھی موجود تھے۔ 

 

عرس سلطان باھوؒ ۔ جمادی الثانی 1444ھ کی پہلی جمعرات

سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کے حقیقی و روحانی وارث سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس ہر سال آپؒ کا عرس مبارک جمادی الثانی کی پہلی جمعرات کو محبت و عقیدت سے مناتے ہیں۔ سال 2023ء میں بھی تحریک دعوتِ فقر کے زیرِ اہتمام  مسجدِ زہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندراڈہ ملتان روڈ لاہور میںجمادی الثانی1444ھ کی پہلی جمعرات کو عرس سلطان باھوؒ کا انعقاد کیا گیا۔ اس شاندار محفل کی صدارت بانی وسرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس حضرت سخی سلطان باھوؒ کے سلسلہ سروری قادری کے اکتیسویں شیخِ کامل اور موجودہ امام ہیں۔

مریدین و عقیدتمندوں نے فلک شگاف نعروں سے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اور نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس کا استقبال کیا۔اس موقع پر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے تمام خلفا بھی موجود تھے۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے مسندِ صدارت سنبھالی۔

 منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے نقابت کے فرائض سر انجام دئیے۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہواجس کی سعادت جہلم سے تعلق رکھنے والے حمزہ ادریس سروری قادری نے حاصل کی۔ عطاالوہاب سروری قادری نے بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں ہدیۂ نعت پیش کیااور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔

پروفیسر سلطان حافظ حمادالرحمن سروری قادری نے اپنی شعلہ بیانی سے سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کی تعلیمات اوردورِ حاضر میں ان تعلیمات کو عوام الناس میں پھیلانے والی عظیم ہستی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ 

پروفیسر سلطان حافظ حمادالرحمن سروری قادری کے ولولہ انگیز بیان کے بعد محمد رمضان باھو سروری قادری نے اپنی منفرد آواز اور انداز میں منقبت در شان سلطان باھوؒ اور ابیاتِ باھوؒ کا نذرانہ پیش کیا۔ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے ختم شریف پڑھا اور دعائے خیر کرائی۔ دعا کے بعد بارگاہِ رسالت میں درود و سلام کا ہدیہ پیش کیا گیا اور پروفیسر سلطان حافظ حمادالرحمن سروری قادری نے اختتامی دعا کرائی۔

محفل کے اختتام پر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تمام حاضرین سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔ حاضرینِ محفل کی خصوصی لنگر سے تواضع کی گئی۔ لنگر کے بعد نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو سلسلہ سروری قادری میں بیعت فرما کر تصور اسمِ اللہ ذات، ذکرِیا ھوُ اور مشق مرقومِ وجودیہ عطا فرمائی۔

محفل میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی جن کے لیے پردے کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ تمام محفل کے خوبصورت مناظر سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کے تعاون سے فیس بک، انسٹا گرام اور سنیک ویڈیو پر براہِ راست نشر کیے گئے۔ دنیا بھر سے عرس سلطان باھوؒ میں لاکھوں مرد و خواتین آن لائن شریک ہوئے۔ عرس سلطان باھوؒ کی مکمل ویڈیو دیکھنے کے لیے سلطان باھوٹی وی یوٹیوب چینل، سلطان باھو ویب ٹی وی اور سلطان باھو انسٹاگرام ٹی وی وزٹ کریں۔

 

’’سلطان باھوآفیشل ٹی وی ‘‘یوٹیوب چینل کا ایوارڈ

تحریک دعوتِ فقر کے زیر اہتمام سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمدنجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیر نگرانی چلنے والے یوٹیوب چینل ’’سلطان باھوآفیشل ٹی وی‘‘ نے ایک بڑی کامیابی اپنے نام کرلی ہے۔ سلطان باھو آفیشل ٹی وی پر ایک لاکھ (100,000) سبسکرائبرز (subscribers) مکمل ہونے کی خوشی میں یوٹیوب نے سلطان باھوآفیشل ٹی وی کو ’’سلور پلے بٹن Silver Play Button‘‘ کے ایوارڈ سے نوازا ہے۔ اس کامیابی کا سہرا نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس کے سر ہے کیونکہ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس نے سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کو جدید تقاضوں کے مطابق راہنمائی مہیا کی۔ بلاشبہ سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کی ٹیم کی انتھک کاوشیں اورلگن بھی قابلِ ذکر ہیں۔ سلطان باھو آفیشل ٹی وی کے صارفین کی محبت کو فراموش نہیں کیا جا سکتا جن کی پذیرائی کے بغیر اس کامیابی کا تصور ناممکنات میں سے تھا۔

یوٹیوب کی جانب سے سلور پلے بٹن ایوارڈ کی خوشی میں ایک تقریب بھی رکھی گئی جس میں ناظرین کے لیے کیمرہ کے سامنے ایوارڈ کی رُونمائی کی گئی۔ اس موقع پر نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس نے سلطان باھو آفیشل ٹی وی کے سبسکرائبرز کا شکریہ ادا کیا۔

 

مجلسِ شوریٰ برائے سال 2023ء کا افتتاحی اجلاس

تحریک دعوتِ فقر کی مجلسِ شوریٰ برائے سال 2023ء کا افتتاحی اجلاس منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری کی صدارت میں 15 جنوری 2023ء بروز اتوار مسجدِ زہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندراڈہ ملتان روڈ لاہور میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر امین مجلسِ خلفا سلطان محمد احسن علی سروری قادری اور سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کے پہلے ایجنڈے کے مطابق احسن رضا سروری قادری سے ممبر مجلسِ شوریٰ کا حلف لینا تھا۔ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس اور مجلسِ خلفا کے متفقہ فیصلہ کے مطابق دستور کے آرٹیکل 10(11) کے تحت احسن رضا سروری قادری کی ممبر مجلسِ شوریٰ کے طور پر تقرری کی گئی تھی۔ لہٰذا منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے احسن رضا سروری قادری سے حلف لیا۔

اجلاس کے دوسرے ایجنڈے میں انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے ممبران جنرل کونسل برائے سال 2023ء کے لیے ایک لسٹ پیش کی گئی تاکہ مجلسِ شوریٰ بحث کے بعد ساتھیوں کے چناؤ میں اپنا کردار ادا کرسکے۔ ممبران مجلسِ شوریٰ نے ایک ایک نام پر تفصیلی بحث کے ساتھ اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبد الحسیب سرفراز سروری قادری نے مجلسِ شوریٰ کے تجویز کردہ ناموں کی لسٹ مرتب کی تاکہ حتمی منظوری کے لیے مجلسِ خلفا کے سامنے پیش کی جا سکے۔

 

جنرل کونسل برائے سال 2023ء کی تقریب حلف برداری

15جنوری 2023بروزاتوار منتظم اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری کی صدارت میں منعقد ہونے والے مجلسِ شوریٰ کے اجلاس میں سال 2023ء کے لیے جنرل کونسل کے ممبران پر بحث کے بعد مجلسِ خلفا کی منظوری سے تینتالیس ممبران پر مشتمل فہرست جاری کی گئی۔ 21جنوری 2023ء بروز ہفتہ خانقاہ سلطان العاشقین میں جنرل کونسل کے ممبران کی تقریب حلف برداری ہوئی۔ منتظم اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے ممبران جنرل کونسل سے حلف لیا۔ جنرل کونسل کے انتخاب میں اس بات کو ملحوظِ خاطر رکھا گیا کہ ملک بھر کے مختلف شہروں اور علاقوں میں موجود سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے مریدین کو نمائندگی کا موقع فراہم کیا جائے تاکہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا پیغام ان ممبران کے توسط سے ملک کے کونے کونے تک پہنچ سکے۔

 

تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ جات کی اہم سرگرمیاں

یکم جنوری 2023ء بروز اتوار خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں صدر تحریک دعوتِ فقر حسن رضا سروری قادری کی صدارت میں انتظامیہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سال 2023ء کے لیے تحریک دعوتِ فقر کی جنرل کونسل کے بارے میں مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں انتظامیہ معاونین نے بھی شرکت کی۔

2 جنوری2023ء بروز سوموار خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف میں ہیڈ انچارج خانقاہ ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری کی صدارت میں خانقاہ نشینوں کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران خانقاہ کے تمام شعبہ جات پر جامع گفتگو ہوئی۔ خانقاہ نشینوں نے مشاورت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ خانقاہ نشینوں میں مختلف ڈیوٹیاں تقسیم کی گئیں۔ تمام ساتھیوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خلوصِ نیت سے فقط اپنے مرشد پاک سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی رضا کے لیے ڈیوٹی کریں گے۔ اجلاس کے اختتام پر ذوالفقار شاہ سروری قادری نے دعائے خیر کروائی۔

15جنوری 2023ء بروز اتوار خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف میں سلطان الفقر پبلیکیشنز کے خلیفہ نگران سلطان محمد احسن علی سروری قادری کی صدارت میں انتظامی نگران اور دیگر ممبران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شعبہ کی کارکردگی کو ہر پہلو سے جانچنے اور مزید بہتر بنانے کے لیے حکمتِ عملی مرتب کرنے اور ممبران کو مختلف ڈیوٹیاں تفویض کرنے پر گفتگو کی گئی۔  

 شعبہ دعوت و تبلیغ کی تبلیغی سرگرمیاں

تحریک دعوتِ فقر کا شعبہ دعوت و تبلیغ فقرِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کو ہر خاص و عام تک پہنچانے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ داعی حضرات گلی گلی، گھر گھر جا کر معرفتِ الٰہی کا پیغام پھیلا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ خانقاہ سروری قادری اور خانقاہ سلطان العاشقین میں باقاعدگی سے درس و تدریس کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت خانقاہ نشینوں کی ظاہری و باطنی تربیت کی جاتی ہے۔ درس و تدریس کے ذریعے مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تصانیف میں بیان کردہ فقر و تصوف کے پیچیدہ نکات کو بیان کیا جاتا ہے اور حاضرین کے ذہنوں میں ابھرنے والے سوالات کو اجتماعی طور پر زیر بحث لایا جاتا ہے۔

 

 


Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں