رپورٹ محفل میلاد مصطفیؐ بسلسلہ جشن عید میلاد النبیؐ
مورخہ: 30 اکتوبر 2020 بروز جمعتہ المبارک
رپورٹ: وقار احمد سروری قادری
دنیا بھر میں تعلیماتِ فقر کی واحد ترجمان جماعت تحریک دعوتِ فقر کے زیر اہتمام ہر سال 12 ربیع الاول کو خانقاہ سروری قادری لاہور میں محفل میلاد مصطفی بسلسلہ جشن ِعید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم منعقد ہوتی ہے۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس تحریک دعوتِ فقر کے زیر ِ اہتمام بہت سی چھوٹی بڑی محافل کا انعقاد فرماتے ہیں جن میں محفل میلادِ مصطفٰی بسلسلہ جشن ِعید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سب سے بڑے اور وسیع پیمانے پر منعقد کی جاتی ہے۔ اس عظیم الشان محفل میں ملک کے طول و عرض سے ہزاروں عاشقانِ رسول شرکت فرماتے ہیں۔ بلکہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ گزشتہ چند برسوں میں تحریک دعوتِ فقر کی ویب سائٹس، ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر ان محافل کی ویڈیوز اور تصاویر کے باعث بین الاقوامی سطح پر جو مقبولیت حاصل ہوئی ہے اس کی بدولت بیرون ممالک مقیم طالبانِ مولیٰ بھی اس بابرکت محفل میں شرکت فرماتے ہیں۔ مختلف ممالک سے مریدین اپنے مرشد و ہادی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی روحانی و پاکیزہ صحبت سے مستفید ہونے کی خاطر ہزاروں میل کا سفر طے کرتے ہیں۔
گزشتہ برس تک محفل میلاد مصطفی بسلسلہ جشن ِعید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سمیت تمام محافل و تقاریب تحریک دعوتِ فقر کے مرکزی دفتر و خانقاہ سروری قادری میں منعقد ہوتی تھیں تاہم رواں سال محفل میلادِ مصطفی بسلسلہ جشن ِعید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم 12 ربیع الاوّل 1442 ہجری بمطابق 30 اکتوبر 2020 ء بروز جمعہ المبارک پہلی مرتبہ مسجد زہرا اور خانقاہ سلطان العاشقین (گاؤں رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور) میں منعقد کی گئی۔ خانقاہ سروری قادری کی نسبت خانقاہ سلطان العاشقین انتہائی کشادہ اور وسیع و عریض ہے جو لاکھوں طالبانِ مولیٰ کے قیام و طعام کے لئے کافی ہے۔ خانقاہ سلطان العاشقین میں ہونے والی یہ پہلی محفل ہے جو نہایت وسیع پیمانے پر منعقد کی گئی اور واقعتاً قابل ِ دیدتھی۔ چونکہ گاؤں رنگیل پور شریف میں تحریک دعوتِ فقر کا اتنے بڑے پیمانے پر یہ پہلا پروگرام تھا اس لئے مجلس ِ خلفا ، انتظامیہ کمیٹی، مجلس ِ شوریٰ اور جنرل کونسل کے ہر ممبر نے بڑھ چڑھ کر اس محفل کو کامیاب بنانے میں دل و جان سے حصہ لیا۔ پروگرام کے ہر پہلو پر تفصیلاً بحث کی گئی اور ایک مکمل اور جامع لائحہ عمل تیار کیا گیا تاکہ ہر کام بہترین طریقے سے سر انجام دیا جا سکے۔ اس حوالے سے مجلس ِ شوریٰ اور جنرل کونسل کے مشترکہ اجلاس بھی طلب کئے گئے اور ممبران سے درخواست کی گئی کہ اپنی قیمتی آرا سے انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر کو مطلع فرمائیں۔ معزز ممبران مجلس شوریٰ و جنرل کونسل کی جانب سے موصول ہونے والے مفید مشوروں کو محفوظ کر لیا گیا اور ہر شعبہ بھرپور طریقے سے محفل میں اپنی کارکردگی دکھانے میں کمر بستہ ہو گیا۔ اس کے علاوہ مرکزی رابطہ کمیٹی نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے مریدین سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے محفل ِ میلاد کے دعوت نامے اور محفل میں شرکت یقینی بنانے کے فرائض سر انجام دیے۔
محفل میلادِ مصطفی بسلسلہ جشن ِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے دو روز قبل ہی خانقاہ سلطان العاشقین میں پنڈال سجنا شروع ہو گیا اور ملک بھر سے تحریک دعوتِ فقر کے ممبران کی قافلوں کی صورت میں آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ہر کسی کی کوشش تھی کہ وہ زیادہ سے زیادہ انتظامی معاملات میں حصہ لے۔ خانقاہ سروری قادری اور سلطان العاشقین ہاؤس کی طرح خانقاہ سلطان العاشقین کوبھی رنگ برنگ برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ اطراف میں سرسبز و شاداب لہلہاتے کھیتوں کے درمیان واقع خانقاہ سلطان العاشقین کی سجاوٹ انگوٹھی میں نگینے کی مانند محسوس ہو رہی تھی۔ پنڈال کی تیاری اور سجاوٹ کے علاوہ سب سے اہم اور ضروری مرحلہ لنگر کی تیاری اورتقسیم کا تھا۔ تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ لنگر نے بھی اشیائے ضروریہ کی خریداری دو روز قبل ہی شروع کر دی اور وسیع پیمانے پر ہر فرد تک لنگر کی رسائی یقینی بنانے کے لئے ایک جامع پلان مرتب کیا گیا جس میں کثیر ممبران نے رضا کارانہ طور پر حصہ لیا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی ترتیب رہی ہے کہ چھوٹی بڑی تمام محافل میں شاندار لنگر کا اہتمام کیا جاتا ہے لہٰذا محفل میلادِ مصطفی بسلسلہ جشن ِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں بھی اس بات پر خصوصی توجہ دی گئی اور تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے وسیع و شاندار لنگر کا انتظام کیا گیا۔ اس کے علاوہ سلطان الفقر پبلیکیشنز نے بھی محفل سے ایک روز قبل ہی اپنا بک سٹال پنڈال میں سجا لیا اورجشن ِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے موقع پر پچاس فیصد کی خصوصی رعایت والی فلیکسز پنڈال میں جگہ جگہ نصب کر دیں۔
بانی و سرپرست ِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نائب سرپرست صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کے ہمراہ تمام تر انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے محفل سے ایک روز قبل 29 اکتوبر 2020ء کو خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لے گئے اورانتظامیہ کمیٹی کوتیاریوں کے حوالے سے مفید مشوروں سے نوازا۔
30اکتوبر 2020ء کی صبح 12 ربیع الاول 1442ھ کا آفتاب عالم ِ اسلام اور عاشقانِ رسول ؐ کے لیے خوشی و مسرت کا پیغام لئے طلوع ہوا۔
صبح ہوتے ہی مرد و خواتین کا قافلوں کی شکل میں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے حقیقی ورثہ فقر کے وارث سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی صحبت کے فیوض و برکات سمیٹنے کے لئے آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے خواتین کے لئے پردے کا خاص انتظام کیا گیا تھا۔ محفل میں نہ صرف پاکستان بلکہ غیر ملکی مریدین نے بھی انتہائی خلوص و محبت سے شرکت فرمائی۔
محفل کے مقررہ وقت صبح گیارہ بجے سے قبل ہی پنڈال کھچا کھچ بھر گیا۔ تمام شعبہ جات کے ممبران نے اپنی اپنی ڈیوٹیاں سنبھال لیں۔ ہر آنکھ منتظر تھی کہ کب سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس پنڈال کو رونق بخشیں گے اور دیدارِ مرشد میں مضطرب قلوب کو راحت نصیب ہوگی کہ اتنے میں آپ مدظلہ الاقدس کے تمام خلفا پنڈال میں جلوہ افروز ہو گئے۔ جشن ِ ولادت ِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی نسبت سے اپنے مرشد کی سنت کے عین مطابق تمام خلفا گنبد ِ خضریٰ کے رنگ کی دستار پہنے ہوئے تھے۔آنکھیں ابھی ان نورانی جلوؤں سے سیراب بھی نہ ہو پائی تھیں کہ یکا یک پنڈال ـ’نعرہ تکبیر، نعرہ رسالت، نعرہ فقر اور سلطان العاشقین زندہ باد‘ جیسے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا جو بلاشبہ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی پنڈال میں تشریف آوری کاپتہ دیتا تھا۔ چار سُو تحریک دعوتِ فقر کے پرچم لہرانے لگے۔ متوالے جھوم جھوم کر اپنے مرشد و ہادی کے استقبال کے لئے زور دار انداز میں نعرے لگا تے نہ تھکتے تھے۔ جونہی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے پنڈال کے اندر قدم رنجہ فرمائے طالبانِ مولیٰ کے دلوں کو قرار آگیا۔ مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی ایک نگاہ عشق ِ حقیقی میں سلگتے قلوب کے لئے شبنم کے قطروں کی مانند فرحت بخش تھی۔ آپ مدظلہ الاقدس نے مسکراتے ہوئے اپنا دست ِاقدس بلند فرما کر عوام الناس کے پرُ زور نعروں کا جواب دیا اور سٹیج کی جانب بڑھے۔ سٹیج پر پہنچ کر ایک مرتبہ پھر آپ مدظلہ الاقدس نے حاضرین ِ محفل کے نعروں کا جواب دیا اورمسند ِصدارت پر جلوہ افروز ہوئے اور حاضرین ِمحفل کے قلوب کو اپنی روحانی صحبت کے فیض سے مستفید فرمایا۔ آپ مدظلہ الاقدس کے تمام خلفاصاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب، سلطان محمد نعیم عباس صاحب، سلطان محمد عبداللہ اقبال صاحب، سلطان محمدڈاکٹر حسنین محبوب صاحب اور سلطان محمد ناصر حمید صاحب کی موجودگی نے محفل کومزید چارچاند لگا دیے۔
منتظم ِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے محفل میلادِ مصطفی کے آغاز کی اجازت طلب کرتے ہوئے نقابت کے فرائض سر انجام دئیے۔
قاری محمد عابد سروری قادری نے تلاوت قرآن مجید کا شرف حاصل کیا۔
محمد رمضان باھُو، عطا الوھاب سروری قادری اور محسن رضا سلطانی نے بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔
پروفیسر حماد الرحمن سروری قادری نے ’’کائنات کے مختار کل ؐ‘‘ کے موضوع پر جامع تقریر کی جسے حاضرین نے خوب سراہا۔
نگران سلطان الفقر پبلیکیشنز احسن علی سروری قادری نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کی شائع کردہ نئی کتب کا تعارف کروایاجن میں سب سے اہم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی مشہورِ زمانہ تصنیف ِ لطیف شمس الفقرا کا انگریزی ترجمہ ہے جسے Sufism The Soul of Islam کے نام سے شائع کیا گیا۔ یہ کتاب چار سال کی تحقیق اور انتھک کاوش کے بعد سلطان الفقر پبلیکیشنز کے زیر اہتمام شائع کی گئی ہے۔ جس طرح شمس الفقرا کو سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کی تعلیمات کا نچوڑ اور فقر ِمحمدی کا انسائیکلوپیڈیا سمجھا جاتا ہے بعینہٖ اس کا انگریزی ترجمہ Sufism The Soul of Islam طالبانِ مولیٰ کے لیے ایک نایاب تحفہ ہے جو رہتی دنیا تک نہ صرف قرب و وصالِ الٰہی کے متلاشیان کے لئے راہنما ثابت ہوگا بلکہ دنیا ئے تصوف میں اس شاہکار کتاب کو سند کے طور پر بھی استعمال کیا جائے گا۔
منتظم اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے فرانسیسی حکومت کی جانب سے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی شان میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف ’’قراردادِ مذمت‘‘ پیش کی اور فرانسیسی صدر میکرون کو ملعون قرار دیتے ہوئے حکومت ِ پاکستان سے اپیل کی کہ فوری طور پر فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے جائیں، فرانس میں مقیم پاکستانی سفیروں کو فوراً واپس بلا لیا جائے اور پاکستان میں موجود فرانسیسی سفیروں کو فوری نکال دیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام مسلم ممالک کے سربراہان سے مطالبہ کیا کہ آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (OIC)کا فوری اجلاس طلب کیا جائے اورفرانس کی تمام مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔ حاضرین محفل نے بھی فرانس مردہ باد کے نعرے لگاکر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کے تبلیغی دوروں کے بارے میں اعلان فرمایا۔ بعد ازاں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے حسب ِروایت جشن ِ عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کوراہِ فقر میں ترقی کے لئے اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم عطا فرمایا۔ قاری محمد عابد سروری قادری نے ختم شریف پڑھااورپروفیسر حافظ حماد الرحمٰن سروری قادری نے اختتامی دعا کرائی جس کے بعد بارگاہِ رسالت مآبؐ میں درود وسلام کا نذرانہ پیش کیا گیا۔ درود و سلام کے بعد محمد ارشد رمضان سروری قادری نے دعا کرائی ۔دعا کے بعد نمازِ جمعہ باجماعت ادا کی گئی۔
شعبہ لنگر کی جانب سے حاضرین محفل کے لئے شاندار اور پُرتکلف لنگر کا وسیع اہتمام کیاگیا تھا۔ نمازکی ادائیگی کے بعد حاضرین محفل نے لنگر تناول فرمایا۔ لنگرکے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضی نجیب صاحب نے مریدین اور عقیدتمندوں سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔ بے شمار عقیدتمند اپنے دل میں نیک تمنائیں اور خواہشات لے کر اس پر نور محفل میں تشریف لائے تھے۔ ملاقات کے دوران مریدین و عقیدتمندوں نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے ان نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے دعا کی طلب لے کر آنے والے عقیدتمندوں کے لئے خصوصی دعا بھی فرمائی۔ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو سلسلہ سروری قادری میں بیعت فرماکر تصور اسمِ اللہ ذات، مشق ِمرقوم وجودیہ اور سلطان الاذکار ’’ھو‘‘ عطا فرمایا۔ سلطان باھو ؒ کے روحانی وارث سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے فیض کامل سے ہزاروں عقیدتمند مستفید ہو کر اپنے قلوب میں عشقِ مصطفی کی تڑپ لئے رخصت ہوئے۔
بیرون ممالک مریدین و عقیدتمندوں کے لئے شعبہ ڈیجیٹل پروڈکشن اور سوشل میڈیا نے خصوصی طور پرپروگرام کی لائیو ویڈیوکا اہتمام کیا تاکہ کوئی آنکھ اس پر نور محفل کے فیوض و برکات سے محروم نہ رہے۔ جشن عید میلادالنبیؐ کی خوشی میں سلطان الفقر پبلیکیشنزنے تمام کتب پر پچاس فیصد کی خصوصی رعایت بھی دی۔ شائقین کی بڑی تعداد نے اس خصوصی آفر سے استفادہ کیا اور اپنی پسندیدہ کتب رعایتی قیمت پر خرید کیں۔