Alif | الف

Spread the love

Rate this post

  الف.Alif 

 تعلیماتِ سیدّنا غوث الاعظمؓ

سیدّنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانیؓ کی تمام تعلیمات کو بیان کرنا ممکن نہیں تاہم آپؓ کی تعلیماتِ فقرہر مرتبہ پر طالبانِ مولیٰ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ذیل میں آپؓ کے کچھ منتخب فرمودات پیش کیے جا رہے ہیں:
جس شخص نے اپنے نفس کو پہچان لیا اور اس پر غالب آ گیا تو نفس اس کی سواری بن جاتا ہے، اس کا بوجھ اٹھاتا ہے، اس کا حکم مانتا ہے اور مخالفت نہیں کرتا۔ تیرے اندر کوئی خوبی نہیں یہاں تک کہ تو اپنے نفس سے واقف ہو جائے اور اس کو لذت سے روکے اور اس کا حق ادا کرے۔ ہاں اس وقت تجھے دل سے قرار حاصل ہو گا اور دل کو باطن کے ساتھ قرار ملے گا اور باطن کو اللہ تعالیٰ کے ساتھ قرار ملے گا۔ (الفتح الربانی۔ مجلس 62)

 اے ابنِ آدم توکون ہے؟ توُ تو ایک ذلیل و حقیر پانی سے پیدا کیا گیا ہے اس لیے تو اپنی حقیقت کو پہچان۔ اللہ تعالیٰ کے سامنے تواضع کر اور اس کے سامنے جھک جا۔ جب تیرے پاس تقویٰ نہیں ہے تو اللہ تعالیٰ اور اس کے نیک بندوں کے نزدیک تیری کوئی عزت نہیں ہے۔ (الفتح الربانی ۔مجلس 26)
تو اپنے مرتبہ کو پہچان اور کسی ایسی چیز کی طرف پیش قدمی نہ کر جو تیرے مقدر میں نہ ہو۔ (الفتح الربانی۔ مجلس 54)

  آپؓ فرماتے ہیں: اللہ تعالیٰ نے مجھ سے فرمایا ’’اے غوث الاعظمؓ!میں کسی شے میں ایسا ظاہرنہیں ہوا جیسا انسان میں۔‘‘

اے اللہ کے بندو! تم حکمت کے گھر میں ہو لہٰذا واسطہ کی ضرورت ہے۔ تم اپنے معبودسے ایساطبیب (مرشد) تلاش کرو جو تمہارے دلوں کی بیماریوں کا علاج کرے۔ تم ایسا معالج طلب کرو جو تمہیں دوا دے۔ ایسا رہنما تلاش کرو جو تمہاری رہنمائی کرے اور تمہارے ہاتھ کو پکڑ لے۔ تم اللہ تعالیٰ کے مقرب اور مؤدب بندوں اور اس کے قرب کے دربانوں اور اس کے دروازہ کے نگہبان کی نزدیکی حاصل کرو۔ (الفتح الربانی۔ ملفوظات غوثیہ)

 تو نابینا ہے تو اس کو تلاش کر جو تیرا ہاتھ پکڑ لے، تو جاہل ہے تو ایسے علم والے کو تلاش کر اور جب تجھے ایسا قابل مل جائے تو پس اس کا دامن پکڑ لے اور اس کے قول اور رائے کو قبول کر اور اس سے سیدھا راستہ پوچھ۔ جب تو اس کی رہنمائی سے سیدھی راہ پر پہنچ جائے گا تو وہاں جا کر بیٹھ جا تا کہ تو اس کی معرفت حاصل کرلے۔ (الفتح الربانی۔ مجلس 4)

اے ذکر کرنے والے! تو اللہ تعالیٰ کا ذکر یہ جان کر کیا کر تو اس کے سامنے ہے تو محض زبان سے اوردل کو غیر اللہ کی طرف متوجہ کرکے ذکر خدانہ کیا کر ۔ (الفتح الربانی۔ ملفوظاتِ غوثیہ)

اے انسان! جب تو جملہ خواہشات سے پاک ہو کر اللہ عزوجل سے صدقِ دل سے محبت کرے گا تو وہ تیرے دل کو ایساآئینہ بنا دے گا کہ جب تو اس آئینے میں جھانکے گا، دنیا و آخرت کے اسرار و حقائق تیرے سامنے منکشف ہو جائیں گے۔

 

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں