تحریک دعوتِ فقر نیوز ۔فروری 2020
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی زیرِصدارت
عرس حضرت سخی سلطان باھُوؒ کی محفل کا انعقاد‘ ملک بھر سے عقیدتمندوں کی شرکت
(پریس ریلیز۔لاہور) سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ سلسلہ سروری قادری کے معروف بزرگ ہیں جنہوں نے پہلی مرتبہ اپنی تعلیمات میں اسمِ اللہ ذات کے فیوض و برکات کو نہ صرف بیان کیا بلکہ اس فیض کو ہر خاص و عام کے لیے کھول دیا۔آپ رحمتہ اللہ علیہ کا عرس مبارک جمادی الثانی کی پہلی جمعرات کو منعقد ہوتا ہے جس میں نہ صرف ملک کے طول و عرض سے بلکہ دنیا بھر سے عقیدتمند شرکت کے لیے مزار مبارک پر تشریف لاتے ہیں۔
سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس ہر سال خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کے عرس مبارک کی محفل کا اہتمام فرماتے ہیں۔ حسب ِ روایت 5 جمادی الثانی 1441ھ بمطابق30 جنوری 2020بروز جمعرات خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی صدارت میں ایک روحانی محفل منعقد کی گئی جس میں ملک بھر سے مریدین اور عقیدتمندوں نے جوش و خروش سے شرکت کی۔
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نمازِ ظہر سے قبل خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں تشریف لائے جہاں مریدین نے ’امامِ مبین سلطان العاشقین‘ کے نعروں کی گونج میں آپ مدظلہ الاقدس کا والہانہ استقبال کیا۔ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب آپ مدظلہ الاقدس کے ہمراہ تھے۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی آمد پر نمازِ ظہر ادا کی گئی جس کے بعد عرس سلطان باھُوؒ کی تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ تحریک دعوتِ فقر کے منتظم ِ اعلیٰ ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے نقابت کے فرائض انجام دئیے۔
تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت مولانا محمد اسلم سروری قادری نے حاصل کی۔
بارگاہِ رسالت میں نعت شریف کا گلدستہ محسن رضا سلطانی نے پیش کیا اور خوب داد وصول کی۔
عطا الوھاب سروری قادری نے حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کی بارگاہ میں منقبت کا نذرانہ پیش کی۔
منقبت کے بعد محمد نعیم عباس کھوکھر صاحب نے تقریر کے لیے محمد فاروق ضیا سروری قادری کو سٹیج پر دعوت دی جنہوں نے حاضرین کو بتایا کہ موجودہ دور میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی قائم کردہ تحریک دعوتِ فقر ہی حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کے سلسلہ اور تعلیمات کی واحد ترجمان جماعت ہے۔ تقریر کے بعد محمد رمضان باھُو نے ابیاتِ باھُو پیش کیے۔
مولانا محمد اسلم نے ختم شریف کی سعادت حاصل کی اور محمد فاروق ضیا نے دعا کروائی۔آخر میں محسن رضا سلطانی نے درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ اختتامی دعا مولانا محمد اسلم نے کروائی۔
دعا کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تمام مریدین اور عقیدتمندوں سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی اور پھر خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو سلسلہ سروری قادری میں بیعت فرما کر ذکر و تصور اسم اللہ ذات عطا فرمایا اور محفل سے رخصت ہوئے۔
محفل کے بعد مریدین اور عقیدتمندوں نے عرس سلطان باھُو کے سلسلے میں خصوصی طور پر تیار کردہ لنگر تناول کیا۔
مجلسِ خلفا کا اجلاس۔صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب نگرانِ اوّل منتخب
(نیوز رپورٹر۔ لاہور) سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے خلفا پر مشتمل مجلس ِ خلفا کا اجلاس ہوا جس میں تمام خلفاء یعنی صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب، ملک محمدنعیم عباس سروری قادری، محمد عبداللہ اقبال سروری قادری، حسنین محبوب سروری قادری اور ناصر حمید سروری قادری شامل ہوئے۔ اجلاس میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے اعلان کے مطابق صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب چھ ماہ کے لیے مجلسِ خلفا کے پہلے نگران مقرر ہوئے۔ چھ ماہ کی مدت کے بعد نیا نگران مقرر کیا جائے گا۔ مجلس ِ خلفا کے نگران کا اعلان سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے اُس اعلان کی روشنی میں کیا گیا جو آپ مدظلہ الاقدس نے 12 ربیع الاوّل 1441 ھ بمطابق 10 نومبر 2019 کو جشن ِ عید میلاد النبیؐ کی محفل کے بابرکت موقع پرفرمایا تھا۔
خانقاہ سلطان العاشقین اور مسجد ِ زہرا کے لیے تعمیراتی کمیٹی کا اعلان اور محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ کے انعقاد کے لیے ڈیرہ کا سنگِ بنیاد
(نیوز رپورٹر۔ لاہور) 6 فروری 2020 بروز جمعرات مرکزی دفتر تحریک دعوتِ فقر لاہور میں خانقاہ سلطان العاشقین اور مسجد ِ زہرا کی تعمیر کے حوالے سے انتظامیہ کمیٹی کا اہم نوعیت کا اجلاس منعقد ہوا۔ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب بھی اس اجلاس میں شریک ہوئے۔ خانقاہ سلطان العاشقین کی تعمیراتی کمیٹی کا اعلان کیا گیا جو درج ذیل ممبران پر مشتمل ہے:
٭ ممبران مجلسِ خلفاء
٭ ممبران مجلسِ انتظامیہ
٭ مجلسِ شوریٰ کے درج ذیل ممبران کمیٹی میں شامل کیے گئے:
حاجی عبدالقیوم، محمد رمضان باھُو، محمد مغیث افضل، وقاص احمد، شعیب ارشاد، محمد قدیر اقبال اور یوسف اکبر
٭ جنرل کونسل کے درج ذیل ممبران کمیٹی میں شامل کیے گئے:
محمد صدیق، محمد یعقوب، وقار احمد
تعمیراتی کمیٹی میں مزید ممبران بھی شامل کیے جائیں گے جن کے ناموں کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔
اجلاس میں 21 مارچ کے روز منعقد ہونے والی محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانت ِ الٰہیہ کے سلسلے میں خانقاہ سلطان العاشقین کی جگہ پر ڈیرہ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جس کا سنگ ِ بنیاد 12 فروری 2020 بروز بدھ نائب سرپرست صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب اور منتظمِ اعلیٰ ملک محمد نعیم عباس صاحب نے رکھا جہاں محفل ِ میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ منعقد ہوگی۔
محفل میلادِ مصطفی ؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانت ِ الٰہیہ کی تیاریوں کے حوالے سے مجلسِ شوریٰ کا اجلاس طلب
21 مارچ 2001 وہ بابرکت دن ہے جس روز سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ نے اپنے محرم راز سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کو سلسلہ سروری قادری کی امامت کے لیے منتخب فرماتے ہوئے امانتِ الٰہیہ منتقل فرمائی۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے تمام مرد و خواتین مریدین اور عقیدتمند اس دن کو نہایت عقیدت اور جوش و ولولے سے مناتے ہیں اور اس روز محفل میلادِ مصطفیؐ منعقد کی جاتی ہے۔ اس بابرکت محفل میں شرکت کرنے والوں کی تمام جائز خواہشات پوری ہوتی ہیں، ان کی دعائیں مستجاب ہوتی ہیں اور ظاہری و باطنی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ باطنی ترقی بھی نصیب ہوتی ہے۔ اس محفل مبارک میں ملک کے طول و عرض سے لوگ نہایت ہی محبت سے شرکت کے لیے حاضر ہوتے ہیں۔ اس لیے تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ اور مجلس ِ شوریٰ اس محفل مبارک کے انتظامات اور تیاریوں پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔انہی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے مرکزی دفتر تحریک دعوتِ فقر لاہور میں 15 فروری 2020ء بروز ہفتہ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر ملک محمد نعیم عباس سروری قادری صاحب کی صدارت میں مجلسِ شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا۔ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب بھی اس اجلاس میں رونق افروز تھے۔
اجلاس کا باقاعدہ آغاز حافظ حماد الرحمن سروری قادری نے تلاوتِ قرآن سے کیا جس کے بعد جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز نے ایجنڈا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ تمام ممبران نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے استقبال، پنڈال اور سٹیج کی سجاوٹ، لنگر پاک کی تیاریوں اور عوام الناس کو محفل میں شرکت کی دعوتِ عام دینے کے حوالے سے اپنی آرا پیش کیں جن پر تفصیلاً تبادلہ خیال کیا گیا۔ حافظ حماد الرحمن سروری قادری نے اختتامی دعا کروائی۔
محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ کی تیاریوں میں جنرل کونسل بھی پیش پیش۔ صدر جنرل کونسل کی جانب سے اجلاس طلب‘ مختلف امور پر تبادلہ خیال
(پریس ریلیز۔ لاہور) جنرل کونسل مجلسِ شوریٰ کے بعد تحریک دعوتِ فقر کا انتہائی اہم شعبہ ہے جس کے ممبران ملک بھر سے منتخب کیے جاتے ہیں جو تحریک دعوتِ فقر کے تمام امور کی انجام دہی میں معاونت کرتے ہیں۔ محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانت ِ الٰہیہ کے انتظامات اور تیاریوں کے سلسلے میں صدر جنرل کونسل وقاص احمد سروری قادری نے مجلس ِ شوریٰ کے اجلاس کے بعد 16 فروری 2020 بروز اتوار جنرل کونسل کا اجلاس بھی طلب کیا۔ جنرل کونسل کے ممبران کی کثیر تعداد اجلاس میں شرکت کے لیے حاضر ہوئی۔نائب سرپرست صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب اور منتظم ِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر ملک محمد نعیم عباس صاحب نے بھی خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی۔
مولانا محمد اسلم سروری قادری نے تلاوتِ قرآن سے اجلاس کا آغاز کیا۔ تلاوت کے بعد ملک محمد نعیم عباس صاحب نے جنرل کونسل میں شامل ہونے والے نئے ممبران سے حلف لیا۔ جس کے بعد جنرل کونسل کے صدر وقاص احمد سروری قادری نے تمام ممبران کو اجلاس کا ایجنڈا پڑھ کر سنایا اور پھر تمام ممبران سے اپنی اپنی آرا پیش کرنے کا کہا۔ تمام ممبران نے محفل میلادِ مصطفیؐ کے سلسلے میں اپنی قیمتی آرا قلمبند کر کے جنرل سیکریٹری جنرل کونسل کے حوالے کیں۔ اجلاس کے آخر میں مولانا محمد اسلم نے دعا کروائی۔
ویب سائٹ پروموشن ونگ کا ماہانہ اجلاس۔ سال 2020 کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے پلاننگ
(نیوز رپورٹر۔لاہور) 16 فروری 2020 بروز اتوار تحریک دعوتِ فقر کی ویب سائٹ پروموشن ونگ کا اجلاس خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں منعقد ہوا جس کی صدارت شعبہ کے نائب نگران فیضان یٰسین سروری قادری نے کی۔ اجلاس میں ملک بھر سے شعبہ کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کا ایجنڈا سال 2020 کے لیے اہداف کو طے کرنا اور ان کو حاصل کرنے کے لیے پلاننگ کرنا تھا۔
اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن سے کیا گیا جس کی سعادت ناصر مجید سروری قادری نے حاصل کی۔ سب سے پہلے شعبہ کے نائب نگران فیضان یٰسین نے تمام ممبران کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ اجلاس کی کاروائی کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے نائب نگران نے سال 2020 کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے شعبہ کی رابطہ کمیٹی کے فروغ کے لیے تجاویز پیش کیں۔ آخر میں نائب نگران نے تمام ممبران کو صدقِ دل سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی تلقین کی۔ اجلاس کے آخر میں ناصر مجید سروری قادری نے دعا کروائی۔
سوشل میڈیا ونگ میں نگرانِ اعلیٰ معاونت کے لیے نائب نگرانوں کا تقرر۔ پیغامِ فقر کو دنیا بھر میں عام کرنے کے لیے نئے سوشل میڈیا فورمز کے استعمال پر اتفاقِ رائے
(نیوز رپورٹر۔ لاہور) 2فروری 2020 بروز اتوار نگرانِ اعلیٰ ڈاکٹر حسنین محبوب سروری قادری کی جانب سے سوشل میڈیا ونگ کا اہم اجلاس طلب کیا گیا۔ اجلاس کا ایجنڈا سوشل میڈیا ونگ برائے سال 2020 کے لئے ممبران اور مختلف سوشل میڈیا فورمز کی تقرری کے حوالے سے تھا۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز ناصر مجید سروری قادری نے تلاوتِ قرآن مجید سے کیا۔ تلاوت کے بعد ڈاکٹر حسنین محبوب سروری قادری نے ممبران کو خوش آمدید کہا اور تحریک دعوتِ فقر اور سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا پیغام پوری دنیا میں پھیلانے میں اپنا کردار ادا کرنے پر سوشل میڈیا ممبران کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
سوشل میڈیا کے شعبہ کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے پیشِ نظر شعبہ میں وسیم اکرم سروری قادری، وقار احمد سروری قادری اور توقیر احمد سروری قادری کا بطور نائب نگران تقرر کیا گیا اور اس کے علاوہ تین ممبران کی ڈیوٹی پروف ریڈنگ پر بھی لگائی گئی جو تمام سوشل میڈیا پوسٹس کی پروف ریڈنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔ ناصر مجید، بلال ظفر اور علی رضا پروف ریڈنگ کی ٹیم میں شامل ہیں۔
نگرانِ اعلیٰ سوشل میڈیا ونگ نے تحریک دعوتِ فقر کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کرنے کے لیے نئے سوشل میڈیا ذرائع کے استعمال پر زور دیا اور تمام ممبران کو بھرپور محنت اور لگن سے کام کرنے کی تلقین کی۔ بہت سے پُرخلوص ساتھیوں کو بھی شعبہ میں شامل کیا گیا جن کی ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے۔
اجلاس کے آخر میں نگرانِ اعلیٰ نے تمام نائب نگرانوں کے ساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اور 6 تا 10 فروری ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی کتاب میلہ میں سلطان الفقر پبلیکیشنز کی پروموشن کے حوالے سے منصوبہ بندی بھی ترتیب دی۔ ممبران کی سوشل میڈیا پیجز پر تقرری اور نائب نگرانوں کی سوشل میڈیا فورمز (Forums)کی تقرری کے بارے میں بھی تفصیلاً گفتگو ہوئی۔
نگرانِ اعلیٰ ڈاکٹر حسنین محبوب سروری قادری نے باقاعدگی سے ہر ماہ اجلاس منعقد کرنے پر زور دیا۔
رابطہ کمیٹی کی تشکیلِ نو‘ پاکستان کے مختلف شہروں سے ممبران کا انتخاب۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے مریدین کا رابطہ برقرار رکھنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور
(نیوز رپورٹر۔لاہور) 4 فروری 2020 بروز منگل نمازِمغرب کے بعد مرکزی رابطہ کمیٹی کے نگران مفتی محمدفاروق ضیاء سروری قادری کی نگرانی میں اجلاس کاانعقاد ہوا۔
اجلاس کا ایجنڈا مرکزی رابطہ کمیٹی کی تشکیل ِ نو کے حوالے سے تھا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے تحریک دعوتِ فقر میں مرکزی رابطہ کمیٹی کی بنیاد اس لیے رکھی تھی تاکہ تمام مریدین اور عقیدتمندوں کا سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سے رابطہ برقرار رکھا جا سکے کیونکہ جب تک طالب کر مرشد سے رابطہ مستقل بنیادوں پر برقرار نہیں رہتا طالب راہِ فقر پر ترقی نہیں کر سکتا۔ سال 2019 میں مرکزی رابطہ کمیٹی نے اپنے فرائض بخوبی انجام دیئے۔ سال 2020 کے لیے شعبہ دعوت و تبلیغ کے اہم ممبر محمد فاروق ضیاء سروری قادری کو منتخب کیا گیا تھا جنہوں نے شعبہ کی تشکیل ِ نو کے لیے اجلاس طلب کیا۔
اجلاس کاباقاعدہ آغازتلاوتِ کلام پاک سے کیاگیاجس کاشرف محمدرضوان سروری قادری نے حاصل کیا۔ اجلاس میں شعبہ دعوت وتبلیغ کے نگران محمد ارشد رمضان سروری قادری اور دیگر ممبران محمدذوالفقارعلی سروری قادری، حیدرعلی سروری قادری، محمدعظیم سروری قادری، محمدرضوان سروری قادری اور فرحان نذیر سروری قادری موجودتھے۔ شعبہ دعوت وتبلیغ کے نگران اور داعی حضرات کی مشاورت سے مرکزی رابطہ کمیٹی کے نگران محمدفاروق ضیاء سروری قادری نے ملک بھر سے رابطہ کمیٹی کے لیے گیارہ ممبران کاانتخاب کیاجن کے نام درج ذیل ہیں:
1) مبشرالحسن (احمدال ضلع اٹک)
2)ناصرمجید (اسلام آباد)
3) محمد یاسر شاہ (اسلام آباد)
4)ظفر اقبال (کالاگجراں جہلم)
5)محمد یاسر عمران (بھروٹ ضلع گجرات)
6) قدیراقبال (بچیانہ ضلع فیصل آباد)
7) محمدآصف (گبھافاضل ضلع اوکاڑہ)
8)غلام حیدر (پاکپتن)
9) فوجی مظہرحسین (ہارون آباد ضلع بہاولنگر)
10) مدثرحسین (احمد پور شرقیہ ضلع بہاولپور)
11) ڈاکٹر شکیل احمد (صادق آبادضلع رحیم یارخان)
اجلاس کے آخرمیں محمدفاروق ضیاء سروری قادری نے تحریک دعوت فقرکی ترقی و کامیابی کے سلسلہ میں خصوصی دعافرمائی۔
مرکزی رابطہ کمیٹی نے 21 مارچ کے بابرکت روز منعقد ہونے والی روحانی محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانت ِ الٰہیہ کے حوالے سے دعوت کا آغاز بھی کر دیا ہے۔
ایکسپو سینٹر لاہور میں چونتیسویں بین الاقوامی کتاب میلہ میں سلطان الفقر پبلیکیشنز کی بھرپور شرکت،
سلطان الفقر پبلیکیشنز کا سٹال شائقین کی توجہ کا مرکز ۔فقر و تصوف کے مختلف موضوعات پر سلطان الفقر پبلیکیشنز کی منفرد اور معیاری کتب رعایتی قیمت پر فروخت
(پریس ریلیز۔لاہور) سلطان الفقر پبلیکیشنز (رجسٹرڈ) نے عوام الناس میں فقر کا پیغام عام کرنے کے لئے 6 تا 10 فروری 2020 کو ایکسپو سنٹر لاہور میں منعقدہ لاہور بین الاقوامی کتاب میلہ میں شرکت کی۔ ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کے سٹال کو وزٹ کیا اور کثیر تعداد میں کتب خریدیں۔ زائرین میں نامور علمی و ادبی شخصیات بھی شامل تھیں۔ تحریک دعوتِ فقر کے بانی اور سرپرست اعلیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی شہرہ آفاق کتاب ’’شمس الفقرا‘‘ جسے فقر کا انسائیکلوپیڈیا بھی کہا جاتا ہے ‘ شائقین کی خصوصی دلچسپی کا مرکز رہی۔ اس کے علاوہ سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھْو رحمتہ اللہ علیہ کے ابیات پر مشتمل ’’ابیات باھوؒ کامل‘‘ کو بھی بے حد پذیرائی حاصل ہوئی جسے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے انتہائی تحقیق کے بعد مرتب فرمایا اور آسان فہم زبان میں ان ابیات کی شرح بھی فرمائی۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی دیگر تصانیف بھی عوام کی توجہ کا مرکز رہیں۔ فقر و تصوف کے مختلف موضوعات اور تعلیمات پر بہترین کتب سٹال پر رکھنے کا اعزاز بھی سلطان الفقر پبلیکیشنز کو حاصل رہا۔
نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب، منتظم ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر محمد نعیم عباس کھوکھر صاحب اور انتظامیہ کمیٹی کے دیگر ارکان نے بھی سلطان الفقر پبلیکیشنز کے سٹال کا دورہ کیا۔ 6 فروری سے شروع ہونے والی یہ سرگرمی 10 فروری 2020 کو کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی۔
سٹال پر ڈیوٹی کے فرائض احسن علی سروری قادری، شیر علی سروری قادری، محمد شجاعت سروری قادری، محمد وسیم سروری قادری اور راشد گلزار سروری قادری نے انجام دیئے۔
پاکستان کے مختلف شہروں میں قائم تحریک دعوتِ فقر کے دفاتر کے عہدیداران کا انتخاب اور ان سے حلف برداری کی تقریب
(نیوز رپورٹر۔ لاہور) 9 فروری 2020 بروز اتوار خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں تحریک دعوتِ فقر کے علاقائی عہدیداران برائے سال 2020 کی حلف برداری کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب میں نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب، انتظامیہ کمیٹی اور ارکان مجلسِ شوریٰ نے بھی شرکت کی۔ جنرل سیکریٹری تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری نے تقریب میں نقابت کے فرائض انجام دیئے اور تقریب کا باقاعدہ آغاز مولانا محمد اسلم سروری قادری نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔ تلاوت کے بعد ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز نے حاضرینِ اجلاس کو تحریک دعوتِ فقر کے دستور کی شق نمبر 14 میں درج تحریک کے علاقائی دفاتر کے قواعد و ضوابط پڑھ کر سنائے اور حلف برداری کے لیے منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر محمد نعیم عباس کھوکھر کو سٹیج پر آنے کی دعوت دی۔ منتظمِ اعلیٰ نے نو منتخب علاقائی عہدیداران سے حلف لیا۔
حلف کے بعد نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب نے عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور ان سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ سب اپنے علاقوں میں تحریک دعوتِ فقر کی سرگرمیوں کو مزید تیز کریں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فقر کی دعوت دیں۔ علاقائی جماعتوں پر بہت ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں اس لیے تمام عہدیداران دستور تحریک دعوتِ فقر کی پابندی کریں۔ صاحبزادہ صاحب نے علاقائی عہدیداران کو مرکز کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہائی کروائی۔ اس کے بعد جنرل سیکریٹری نے علاقائی عہدیداران کو دستور کے مطابق مجلس ِ شوریٰ کے قیام کا مشورہ دیا۔ اختتامی دعا مولانا محمد اسلم سروری قادری نے کروائی۔
شعبہ دعوت تبلیغ کی سرگرمیاں عروج پر لاہور کے مختلف علاقوں میں دعوت و تبلیغ کا کام زور و شور سے جاری سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا پیغامِ اسمِ اعظم ہر کسی کے لیے عام
(نیوز رپورٹر۔ لاہور) شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر اپنے سابقہ اجلاس میں ہونے والی منصوبہ بندی پر عمل کرتے ہوئے لاہور میں تحریک دعوتِ فقر کا پیغام تیزی سے پھیلانے میں مصروفِ عمل ہے۔ نگران شعبہ محمد ارشد رمضان سروری قادری نے بذاتِ خود شعبہ کے دیگر ممبران کے ہمراہ لاہور شہر کے گلی کوچوں میں عوام الناس کو فقر کی دعوت دی اور اس سلسلے میں راہِ فقرسے متعلق آگاہی، مرشد کامل اکمل کی ضرورت و اہمیت اور ذکر و تصور اسم اللہ ذات کے فیوض و برکات کے متعلق بھی عوام الناس کو بتایا گیا۔ اس کے علاوہ سلسلہ سروری قادری کے امام سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سے بروز اتوار خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں ملاقات کی بھی خصوصی دعوت دی گئی جس کے نتیجے میں عوام الناس کی کثیر تعداد بروز اتوار خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سے ملاقات کے لیے حاضر ہوئے اور اکتسابِ فیض کیا۔
20 تا 22 جنوری شعبہ دعوت و تبلیغ کے داعی حضرات نے غازی روڈ سے چونگی امر سدھو، شنگھائی پل اور کماہاں سٹاپ فیروزپور روڈ لاہور پر دعوت و تبلیغ کا کام کیا۔
29 تا 31جنوری 2020 کو اٹاری سروبا، نشتر بازار، نشتر کالونی اور فیروز پور روڈ لاہور پر عوام الناس کو سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سے اسم ِاعظم کے حصول کی دعوت دی۔ جبکہ 4 فروری 2020 کو مین مارکیٹ، شاہ دی کھوئی اور فیروز پور روڈ لاہور پر تحریک دعوتِ فقر کے پیغام کو عام کیا۔
ایکسپو سینٹر لاہور میں بھی تبلیغی سرگرمیاں جاری کتاب شائقین کے لیے اسمِ اعظم کی دعوت عام
(نیوز رپورٹر۔ لاہور) 7 فروری 2020ء کو شعبہ دعوت و تبلیغ کے ممبران نے ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہونے والے کتاب میلہ میں عوام الناس کو اللہ تعالیٰ کی معرفت حاصل کرنے کی دعوت دی اور اس کے ساتھ ساتھ عوام الناس کو ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی فی سبیل اللہ تقسیم کیے۔ محبین حضرات کو ہر اتوار کو خانقاہ سروری قادری میں منعقد ہونے والی محفل کی دعوت دی جہاں مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس طالبانِ مولیٰ کے تزکیہ نفس اور رہنمائی کے لیے تشریف فرما ہوتے ہیں۔
نگران شعبہ ارشد رمضان سروری قادری کے ساتھ ساتھ دیگر داعی حضرات میں حیدر علی سروری قادری، محمدفرحان سروری قادری، محمد ذوالفقار علی سروری قادری، مولانا محمد اسلم سروری قادری، محمد سلیمان اور محمد رضوان سروری قادری نے بھی دعوت و تبلیغ کے فرائض انجام دیئے۔
متحدہ عرب امارت میں بھی عرس سلطان باھُوؒ کی محفل کا انعقاد ۔حضرت سلطان باھُوؒ کے عقیدتمندوں کی بھرپور شرکت
(نیوز رپورٹر۔ ابوظہبی) حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ عارفین کے سلطان ہیں جن کے معتقدین دنیا بھر میں موجود ہیں۔ ان کے عرس مبارک کے موقع پر کثیر تعداد میں عقیدتمند دنیا بھر سے ان کے مزار مبارک پر حاضری دیتے ہیں اور جو لوگ ظاہری طور پر حاضر نہیں ہو پاتے وہ اپنے طور پر عرس مبارک کے سلسلے میں روحانی محافل منعقد کروا کر حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ سے اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ ایسی ہی ایک پُروقار محفل 2فروری 2020 بروز اتوار متحدہ عرب امارات میں منعقد کی گئی جس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم مریدین اور عقیدت مندوں نے محبت اور جوش و جذبے سے شرکت کی۔
وحید حسن سروری قادری نے تلاوتِ کلامِ پاک سے عرس سلطان باھُوؒ کی محفل کا آغاز کیا۔ تلاوت کے بعد وحید حسن سروری قادری نے حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کے سلسلہ سروری قادری کے روحانی وارث اور امام سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تصنیف ِ لطیف ـ’شمس الفقرا‘ کے باب ’سلطان باھوؒ‘ سے بیان کیا اور حاضرین کو حضرت سخی سلطان باھُوؒ کی سیرت اور بلند شان کے متعلق بتایا جسے حاضرین نے نہایت دلچسپی اور انہماک سے سنا۔ اس کے ساتھ ساتھ وحید حسن نے حضرت سخی سلطان باھوؒ کے سلسلہ سروری قادری کی دوسرے سلاسل پر فضیلت اور مرتبے پر روشنی ڈالی اور آپ رحمتہ اللہ علیہ کی فیض ِ اسم ِ اللہ ذات اور تعلیماتِ فقر کے فروغ کے لیے لکھی گئی بے مثال کتب کا تعارف کروایاکہ اگر کوئی طالب ِمولیٰ آج بھی خلوصِ نیت سے ان کتب کا مطالعہ کرے تو حضرت سخی سلطان باھُوؒخود باطنی طور پر اس طالب کی تربیت فرماتے ہیں یا پھر اس کی رہنمائی اس دور کے انسانِ کامل کی طرف کر دیتے ہیں۔
اس محفل میں لاہور سے تشریف لے کر گئے محمد صہیب مان نے بھی شرکت کی اور انہوں نے حاضرین کو مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی بلند شان اور مرتبہ سے آگاہ کیا اور سب ساتھیوں کو دعوت دی کہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی پاکیزہ صحبت سے فیض یاب ہوں اور اپنے نفوس کا تزکیہ کریں تاکہ دنیا و آخرت میں فلاح و کامیابی حاصل کر سکیں۔۔ اس کے بعد متحدہ عرب امارات میں فیضِ فقر اور اسمِ اللہ ذات کی تبلیغ کے سلسلے میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محفل کے اختتام پر خصوصی دعائے خیر کی گئی جس کے بعد حاضرین نے لنگر تناول کیا۔
تحریک دعوتِ فقر گلی گلی شہر شہر
تحریک دعوتِ فقر جہلم
(علاقائی رپورٹر۔ جہلم) 24 جنوری بروز جمعہ تحریک دعوت فقر جہلم کے زیر ِ اہتمام نمازِ جمعہ کے بعد ماہانہ گیارہویں شریف کی محفل اور درس کا اہتمام کیا جس میں غوث الاعظم شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ سے عقیدت رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز حافظ حمزہ ادریس سروری قادری نے تلاوتِ قرآنِ پاک کیا جس کے بعد محمد بلال سروری قادری نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہِ عالی میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔
تحریک دعوتِ فقر کالا گجراں جہلم کے سرپرست محمد ظفر اقبال سروری قادری نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ورثہ فقر پر جامع بیان کیا اور حاضرین کو یہ احساس دلایا کہ راہِ فقر کوئی عام اور معمولی راہ نہیں ہے۔ سیّدنا غوث الاعظم شیخ عبدالقادر جیلانی ؓاور حضرت سخی سلطان باھُوؒ نے بھی اپنی تعلیمات میں راہِ فقر پر چلنے کی تلقین کی اور سلسلہ سروری قادری کے امام سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس بھی فقر کے فیض کو دنیا بھر میں عام فرما رہے ہیں اور ہم سب خوش نصیب ہیں کہ ہمیں اللہ پاک نے راہِ فقر پر چلنے کی توفیق عطا فرمائی اور فقیر ِ کامل سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی صحبت و قیادت نصیب فرمائی۔
اس موقع پر سلطان الفقر پبلیکیشنز کی منفرد اور معیاری کتب کا سٹال بھی لگایا جسے شائقین نے خوب سراہا۔ محفل کے اختتام پر تمام حاضرین کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور تمام شرکا میں لنگر تقسیم کیا گیا۔
٭ 7 فروری بروز جمعتہ المبارک بعد از نمازِ جمعہ جامع مسجد غوثیہ کالا گجراں جہلم میں تحریک دعوتِ فقر کالا گجراں کے ممبران نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب کا سٹال لگایا۔ سٹال پر فقر و تصوف کے مختلف موضوعات پر کتب نہ صرف کثیر تعداد میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنیں بلکہ بہت سی کتب فروخت بھی ہوئیں۔ سٹال پر آنے والے لوگوں کو ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کا بھی تعارف کروایا گیا۔ ماہنامہ سلطان الفقر دنیا بھر میں تعلیماتِ فقر کا واحد ترجمان ہے۔
تحریک دعوتِ فقر کے کارکنان نے 21 مارچ کو منعقد ہونے والی محفل میلادِ مصطفی بسلسلہ یومِ منتقلی امانت ِ الٰہیہ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
تحریک دعوتِ فقر صادق آباد
(علاقائی رپورٹر۔ صادق آباد)31 جنوری 2020 بروز جمعتہ المبارک صادق پاکستان کی مشہور ایوارڈ یافتہ مسجد بھونگ شریف میں تحریک دعوتِ فقر صادق آباد کے ممبران نے سرپرست ڈاکٹر شکیل احمد کی نگرانی میں سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب کا سٹال لگایا گیا۔ عوام نے کتب کو خوب پسند کیا اور کثیر تعداد میں کتب بھی خریدیں۔ عوام الناس میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے اور دعوتی پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے۔ اس کے علاوہ مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس‘ جنہوں نے دنیا بھر میں اسم اللہ ذات کے فیض کو عام فرما دیا ہے‘ سے اسم ِ اللہ ذات کے حصول کی دعوت دی اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دست ِ اقدس پر بیعت ہو کر اللہ کی معرفت اور قرب حاصل کرنی کی ترغیب بھی دلائی۔ سٹال پر ڈاکٹر شکیل کے ہمراہ محمد قاسم، معین افضل، محمد سلیم، شبیر احمد اور جمشید احمد نے بھی ڈیوٹی سرانجام دی۔
تحریک دعوتِ فقر احمدال ضلع اٹک
(علاقائی رپورٹر۔ احمدال) 30 جنوری 2020ء بروز جمعرات تحریک دعوتِ فقر کے مرکزی دفتر و خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کے عرس مبارک کی روحانی محفل کے بعد تحریک دعوتِ فقر احمدال ضلع اٹک نے بھی 31 جنوری 2020 بروز جمعتہ المبارک عرس مبارک کے سلسلے میں ایک روحانی محفل کا انعقاد کیا۔ قرب و جوار میں محفل کی دعوت پہلے ہی دی جا چکی تھی۔
محفل بعد از نمازِ مغرب دفتر تحریک دعوتِ فقر احمدال میں منعقد کی گئی جس میں نہ صرف علاقے میں موجود مریدین نے شرکت کی بلکہ حضرت سخی سلطان باھُوؒ سے قلبی لگاؤ اور عقیدت رکھنے والے افراد نے بھی بصد شوق شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن سے کیا گیا جس کی سعادت کامران مقصود سروری قادری نے حاصل کی اور تلاوت کے بعد بارگاہِ رسالت میں نعتیہ کلام بھی پیش کیا۔ مبشرالحسن سروری قادری نے حضرت سخی سلطان باھو ؒ کی حیاتِ مبارکہ کے چند پہلوؤں اور آپؒ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی اور حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کے روحانی وارث اور سلسلہ سروری قادری کے امام سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا تعارف کروایا جو دنیا بھر میں اسم ِ اللہ ذات کے فیض کو عام فرما رہے ہیں۔ مبشر الحسن سروری قادری نے تمام حاضرین کو سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی بارگاہ میں حاضر ہونے اور اسم ِ اللہ ذات کا ذکر و تصور حاصل کرنے کی ترغیب دلائی تاکہ مقصد ِ حیات یعنی معرفتِ الٰہی حاصل کی جا سکے اور اپنے قلب و باطن کو عشقِ حقیقی سے سرشار کیا جا سکے۔ تحریک دعوتِ فقر احمدال نے ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے اور دعوتِ حق کے پمفلٹ بھی تقسیم کیے۔ محفل کے اختتام پر لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔
٭ تحریک دعوتِ فقر احمدال ضلع اٹک نے 14 فروری 2020 بروز جمعتہ المبارک جامع مسجد باورہ میں سلطان الفقر پبلیکیشنز کی مایہ ناز اور بے مثل کتب کا سٹال لگایا۔ سٹال کا مقصد عوام الناس کو راہِ فقر اور سلسلہ سروری قادری کے امام مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سے ذکر و تصور اسم اللہ ذات کے حصول کی دعوت دینا ہے۔ سٹال پر ڈیوٹی کے فرائض محمد سعید، مبشر الحسن، سفیر عمران اور کامران مقصود نے انجام دیئے جنہوں نے نہ صرف سٹال پر کتب فروخت کیں بلکہ عوام الناس کو سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی بلند شان، جدوجہد اور سلسلہ فقر کے متعلق بھی آگاہ کیا جسے کثیر تعداد میں لوگوں نے سراہا۔
تحریک دعوتِ فقر ہارون آباد
(علاقائی رپورٹر۔ ہارون آباد)24 جنوری 2020 بروز جمعتہ المبارک جامع مسجد فیصل ہاؤسنگ کالونی ہارون آباد کے باہر نمازِ جمعہ کے وقت تحریک دعوتِ فقر نے سٹال لگایا جس میں فقر و تصوف کی تعلیمات پر مبنی سلطان الفقر پبلیکیشنزکی منفرد اور شہرئہ آفاق رکھی گئیں۔ نماز سے فراغت کے بعد نمازیوں کی کثیر تعداد نے سٹال پر حاضر ہو کر کتب ملاحظہ کیں۔ سلطان الفقر پبلیکیشنز کی تمام کتب بالخصوص مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی کتب توجہ کا مرکز رہیں۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے فقر و تصوف کے تمام موضوعات پر کتب تحریر فرما کر طالبانِ مولیٰ کے لیے راہِ فقر پر چلنا نہایت آسان کر دیا ہے۔
سٹال پر آنے والے تمام افراد کو ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے تحفتاً پیش کیے گئے اور راہِ فقر کی دعوت دیتے ہوئے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سے حصولِ فیض کی دعوت بھی دی گئی جسے سب افراد نے نہایت دلچسپی سے قبول کیا۔ سٹال پر ڈیوٹی کے فرائض مظہر حسین، محمد جاوید، محمد رضوان، محمد فرحان اور محمد عرفان نے انجام دیئے۔
٭ 24جنوری 2020 تحریک دعوتِ فقر ہارون آباد کے دفتر میں نمازِ مغرب کے بعد تعلیماتِ فقر سے آشنائی کے لیے خصوصی درس کا ہتمام کیا گیا جس میں ہر شخص کو شرکت کی دعوت دی گئی اور اُس دعوت کے نتیجے میں کثیر افراد بالخصوص نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ درس کا اہتمام تحریک دعوتِ فقر کے ہارون آباد کے سرپرست مظہر حسین سروری قادری نے کیاجنہوں نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی شہرئہ آفاق کتاب ’’شمس الفقرا‘‘ سے درس دیا جسے حاضرین نے بہت انہماک سے سنا اور ان تعلیمات پر عمل کرنے کا مصمم ارادہ بھی کیا۔
٭ 31 جنوری 2020 بروز جمعتہ المبارک جامع مسجد غلہ منڈی ہارون آباد میں تحریک دعوتِ فقر ہارون آباد کے ممبران نے دعوت و تبلیغ کا کام کیا اور لوگوں کی کثیر تعداد کو مقصد ِ حیات یعنی معرفت ِ الٰہی کے حصول کی دعوت دی اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سے اسم ِاعظم یعنی ذکر و تصور اسم ِ اللہ ذات حاصل کرنے کی دعوت دی۔ بیشمار افراد نے اس دعوتِ حق کو توجہ سے سنا اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دست ِاقدس پر بیعت کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب کا سٹال بھی لگایا گیا۔ پیغامِ حق کو عام کرنے اور سٹال پر ڈیوٹی کرنے والوں میں عبدالرزاق، انیب یونس، محمد مشتاق، عرفان نذیر، محمد عامر، محمد عمران اعظم اور محمد شہریار شامل ہیں۔
٭ 4فروری 2020 بروز منگل انیب یونس سروری قادری نے چک4R /58 میں اور 6 فروری 2020 کو غلہ منڈی ہارون آباد میں راہگیروں اور مقامی افراد کو سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے اسم ِاعظم کی نعمت حاصل کرنے کی دعوت دی اور مزید رہنمائی کے لیے ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے اور دعوتی پمفلٹ بھی تقسیم کئے۔
٭ تحریک دعوتِ فقر ہارون آباد نے اپنی تبلیغی سرگرمیوں کو جاری رکھتے ہوئے 7فروری 2020 بروز جمعتہ المبارک جامع مسجد مین بازار ہارون آباد کے باہر سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب کا سٹال لگایا۔اس دعوتی سرگرمی کا مقصد نہ صرف لوگوں کو دعوتِ فقر دینا بلکہ سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب کے ذریعے تعلیماتِ فقر کا فروغ بھی تھا۔ سٹال پر عبدالرزاق، انیب یونس، عبداللہ سرور، فرحان نذیر، فیضان نذیر، امین رزاق، حارث رشید اور عمران اعظم نے ڈیوٹی سرانجام دی۔تمام ممبران نے نہایت محبت اور جذبے سے عوام کو دعوتِ حق دی۔
٭ تحریک دعوتِ فقر ہارون آباد کے سرپرست مظہر حسین سروری قادری نے 14 فروری 2020 بروز جمعتہ المبارک تحریک دعوتِ فقر ہارون آباد کے تمام عہدیداران اور ممبران کا اجلاس طلب کیا۔ اجلاس کا ایجنڈاسال 2020میں انجام دی جانے والی تبلیغی سرگرمیوں اور پیغامِ فقر کو عام کرنے کے لیے کی جانے والی جدوجہد کے حوالے سے تھا۔
اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن سے کیا گیا جس کی سعادت شہریار سروری قادری نے حاصل کی جنہوں نے تلاوت کے بعد بارگاہِ رسالت میں گلدستہ عقیدت بھی پیش کیا۔ سال 2020 کی پلاننگ کے پیش ِ نظر تمام ممبران کی قیمتی آرا کو مد ِ نظر رکھتے ہوئے ایک لائحہ عمل ترتیب دیا گیا جسے باہمی مشاورت سے سب نے منظور کیا۔ اجلاس کا ایک اہم ترین ایجنڈا 21 مارچ 2020 کو منعقد ہونے والی محفل میلادِ مصطفی بسلسلہ یومِ منتقلی امانت ِ الٰہیہ کی تیاریوں اور دعوتِ عام کے حوالے سے تھا۔ تمام ممبران نے جوش و جذبے سے محفل پاک میں شرکت اور عوام الناس کو بھی شمولیت کی دعوت دینے کا مصمم ارادہ کیا۔ اجلاس کے آخر میں دعائے خیر کی گئی۔
تحریک دعوتِ فقر اسلام آباد اور راولپنڈی
(علاقائی رپورٹر۔ اسلام آباد)14 فروری 2020 بروز جمعتہ المبارک تحریک دعوتِ فقر اسلام آباد اور راولپنڈی کے سرپرست ناصر مجید سروری قادری کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے تمام عہدیداران اور ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کا ایجنڈا سال 2020 میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے پیغامِ فقر اور دعوتِ اسم اللہ ذات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے حوالے سے تھا۔ تمام ممبران کی آرا کو مد ِ نظر رکھتے ہوئے پلاننگ کی گئی جس پر تمام ممبران نے اتفاق کیا۔ اجلاس کا دوسرا اہم ایجنڈا 21 مارچ محفلِ میلادِمصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانت ِ الٰہیہ کے حوالے سے تھا۔ تمام ممبران نے عوام الناس کو اس محفل مبارک میں شرکت کی دعوت دینے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ ناصر مجید نے اس ایجنڈا پر عمل درآمد کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
(علاقائی رپورٹر۔ اسلام آباد)14 فروری 2020 بروز جمعتہ المبارک تحریک دعوتِ فقر اسلام آباد اور راولپنڈی کے صدر محمد عظیم سروری قادری اور نائب صدر محمد یاسر شاہ نے راولپنڈی میں گرجا روڈ اور چکری روڈ پر لوگوں کو اسم ِ اللہ ذات کی دعوت دی اور سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سے حصولِ فیض کی دعوت دی۔ اس کے علاوہ ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی عوام میں فی سبیل للہ تقسیم کیے گئے۔