تحریک دعوتِ فقر نیوز
تحریک دعوتِ فقر کی مجلس ِشوریٰ کا اہم اجلاس
محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانت ِالٰہیہ کی تیاریوں کے حوالے سے گفتگو
یومِ منتقلی امانت ِالٰہیہ کو عظیم الشان طریقے سے منانے کے لئے مجلس ِشوریٰ پر عزم
تحریک دعوتِ فقر کی مجلس ِشوریٰ ایک سپریم ادارہ ہے جس کا کام مشاورت کے ذریعے جماعت کے تمام امور سرانجام دینا ہے۔اسلام میں مشاورت کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔ اسی بنا پر تحریک دعوتِ فقر (پاکستان) کی مجلس ِشوریٰ کا ایک اہم نوعیت کا اجلاس تحریک دعوتِ فقر کے روحانی مرکزخانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں 5 فروری 2021ء بروز جمعتہ المبارک منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت تحریک دعوتِ فقر کے دستور کے مطابق تحریک دعوتِ فقر (پاکستان) کے منتظم ِاعلیٰ سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے کی۔ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری نے اجلاس میں تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ اور ممبران مجلس ِشوریٰ کو خوش آمدید کہا۔ اجلاس ایک نکاتی ایجنڈہ پر بلایا گیا اور وہ یہ تھا کہ 21 مارچ 2021ء کو منعقد ہونے والی محفل ِمیلادِ مصطفی بسلسلہ یومِ منتقلی امانت ِالٰہیہ کو کس طرح ہر لحاظ اور ہر پہلو سے کامیاب بنایا جائے۔
اجلاس کا باقاعدہ آغاز ترجمان امورِ خارجہ حافظ حماد الرحمن سروری قادری نے تلاوتِ قرآنِ مجید سے کیا۔ جس کے بعد جنرل سیکرٹری نے شرکا اجلاس کو ایجنڈے سے تفصیلاً آگاہ کرتے ہوئے 21 مارچ کے مبارک و بابرکت دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ممبران مجلس ِشوریٰ کو اس بات کی یاددہانی کروائی کہ اکیس مارچ کا دن حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی حیاتِ مبارکہ کا سب سے خوبصورت ترین دن ہے۔ شرکا اجلاس نے اس بات کو متفقہ طور پر منظور کیا کہ اکیس مارچ کی محفل ِ میلادِ بسلسلہ یومِ منتقلی امانت ِالٰہیہ بھرپور طریقے سے اور سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے شایانِ شان منائی جائے گی اور مجلس ِشوریٰ، انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر کے شانہ بشانہ اس عظیم الشان محفل کو کامیاب بنانے میں اپنا کردارادا کرے گی۔ شرکا اجلاس نے متفقہ طور پر یہ دلیل بنائی اور پختہ عزم کیا کہ یومِ فقر کی اس محفل کا انعقاد تحریک دعوتِ فقر کے
جھنڈے تلے تعمیر کی جانے والی اس مسجد کے صحن میں کیا جائے گا جس مسجد کا نام فقر کی سلطانِ اوّل، سیّدہ کائنات حضرت فاطمتہ الزہرا رضی اللہ عنہا کے نام پر رکھا گیاہے یعنی مسجد ِ زہرا کے صحن میں۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس ِشوریٰ کے سینئر ممبر محمد مغیث افضل سروری قادری نے بتایا کہ جب21 مارچ 2017 میں پنجاب یونیورسٹی لاہور کے احاطے میں قائم مون مارکی میں امانتِ الٰہیہ کی منتقلی کی محفل کا انعقاد کیاگیا تھا تو ملک بھر سے سب ساتھیوں نے مل جل کر مالی اور جانی طور پر تعاون کیا اور اتحادواتفاق سے تمام سرگرمیوں میں حصہ لیاتھا۔ ابھی بھی ویسے ہی جوش و جذبے کی ضرورت ہے۔ تمام ممبران نے ان کی اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے عزم کیا کہ 21 مارچ 2021ء کی محفل ِمیلادِ مصطفیؐ گزشتہ سالوں کی نسبت مزید اچھے اور بہترین انداز میں منائی جائے گی۔
منتظم ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس صاحب نے آخر میں فرمایا کہ مجلس ِشوریٰ اگر انتظامیہ کے شانہ بشانہ کام کرے تو انشااللہ ہم سب اپنے حضور مرشد کریم کی خوشنودی کا باعث ضرور بنیں گے۔ اجلاس کے آخر میں ناصر مجید سروری قادری نے دعائے خیر کروائی۔
جنرل کونسل تحریک دعوتِ فقر بھی مجلس ِشوریٰ کے ہم قدم
یومِ منتقلی امانت ِالٰہیہ کو عظیم الشان طریقے سے منانے کے لیے انتظامیہ اور مجلس شوریٰ کے شانہ بشانہ کام کریں گے‘ ممبران جنرل کونسل بھی پُرجوش
تحریک دعوتِ فقر (پاکستان) کی جنرل کونسل برائے سال 2021ء کا ایک اہم نوعیت کا اجلاس 6 فروری 2021ء بروز ہفتہ تحریک دعوتِ فقر کے روحانی مرکز خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر سے منتخب شدہ ممبرانِ جنرل کونسل نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت منتظم ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے کی۔ صدر جنرل کونسل عثمان صادق سروری قادری نے اجلاس کی کاروائی کا آغاز کیا اور تلاوتِ کلامِ پاک کے لیے یاسر یاسین سروری قادری کو دعوت دی۔ اس کے بعد انہوں نے اجلاس کا ایجنڈا پڑھ کر سنایا جو کہ درج ذیل نکات پر مشتمل تھا:
1۔ جو ممبرانِ جنرل کونسل حلف نہیں اٹھا سکے تھے ان کی حلف برداری
2۔ محفل ِمیلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانت ِالٰہیہ کے حوالے سے پلاننگ
سب سے پہلے منتظم ِاعلیٰ سلطان محمد نعیم عباس صاحب نے اُن ممبران سے حلف لیا جو جنرل کونسل کے پہلے اجلاس میں حلف نہ اٹھا سکے تھے۔ اس کے بعد جنرل کونسل کے صدر عثمان صادق سروری قادری نے 21 مارچ 2021ء کی محفل ِمیلادِ مصطفیؐ کی اہمیت کے حوالے سے شرکا اجلاس کو آگاہ کیا اور ممبران سے اس بات کا عہد لیا کہ تمام جنرل کونسل اس سال انتظامیہ اور مجلس ِشوریٰ کے شانہ بشانہ کام کریں گے اور اکیس مارچ کی محفل کو عظیم الشان انداز میں منعقد کریں گے۔ جنرل کونسل کے ممبران نے اپنی آرا تحریری طور پر سیکرٹری جنرل کونسل توقیر احمد سروری قادری کے حوالے کیں۔ آخر میں ناصر مجید سروری قادری نے دعاکروائی۔
ملک بھر میں تبلیغی دوروں کا آغاز
نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کا ہارون آباد کے تبلیغی دورہ سے تبلیغی سرگرمیوں کا آغاز فرما دیا
بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے نقش ِقدم پر چلتے ہوئے نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب اسم ِاللہ ذات کا پیغام عام کرنے کے لیے ہارون آباد کے تین روزہ تبلیغی دورہ پر تشریف لے گئے ۔
29 جنوری 2021ء بروز جمعہ سہ پہر دو بجے قافلہ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کی قیادت میں سلطان العاشقین ہاؤس لاہور سے ہارون آباد کی طرف روانہ ہوا اور رات کو تحریک دعوتِ فقر ہارون آباد کے سرپرست فوجی مظہر حسین سروری قادری کے گھر پہنچا جہاں صاحبزادہ صاحب کا پرتپاک اور شاندار استقبال کیا گیا۔ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کی آمد پر فضا تکبیر و رسالت کے نعروں سے گونج اُٹھی۔ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب زندہ باد کے بلند و بالا نعرے بھی حاضرین کی زبانوں پر تھے۔ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب نے تمام مریدین سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی جس کے بعد تمام حاضرین کے ساتھ باجماعت نمازِ عشا ادا کی۔
30 جنوری بروز ہفتہ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو بیعت فرمایا اور ذکر و تصور اسم ِاللہ ذات سمجھایا۔ اس کے بعد ہارون آباد اور اس کے گرد و نواح سے تشریف لائے ہوئے لوگوں سے ملاقات فرمائی اور ان کی مشکلات اور مسائل کے خاتمے کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔
حاضرین ِ محفل کے ساتھ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب نے باجماعت نمازِ ظہر ادا فرمائی جس کے بعد یہ تبلیغی قافلہ ہارون آباد شہر کے ایک ساتھی سلمان ثاقب سروری قادری کے گھر روانہ ہوا جہاں صاحبزادہ صاحب کا پُرتپاک اسقبال کیا گیا۔ سلمان ثاقب کے گھر میں ان کے عزیز و اقارب اور دوست احباب سے ملاقات کے بعد صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب نے سب کے لیے دعائے خیر فرمائی اور قافلہ حارث رشید سروری قادری کے گھر پہنچا جہاں نمازِ عصر ادا کی گئی۔
صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب نبی احمد سروری قادری اور محمد آصف سروری قادری کے گھر تشریف لے گئے اور محفل میلادِ مصطفی کی صدارت فرمائی۔ محفل کے اختتام پر نمازِ مغرب ادا کی گئی۔
اس کے علاوہ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب نے ارسلان نذیر سروری قادری، ذیشان نذیر سروری قادری، رضوان سروری قادری اور فرحان سروری قادری کے گھر کو رونق بخشی اور عوام الناس سے ملاقات فرمائی۔ تمام حاضرین کے لیے دعائے خیر فرمانے کے بعد صاحبزادہ سلطان محمد مرتضی نجیب صاحب کا قافلہ فوجی مظہر حسین سروری قادری کے گھر واپس پہنچا۔
31جنوری بروز اتواردور دراز سے اہل ِمحبت حضرات صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب سے ملاقات کے لیے آئے۔ اس روز صاحبزادہ سلطان محمد مرتضی نجیب صاحب ہارون آباد میں انیب یونس سروری قادری کے گھر تشریف لے گئے جہاں تمام حاضرین اور اہلِ خانہ سے ملاقات کے بعد صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب اپنے قافلہ کے ہمراہ واپس لاہور کی جانب روانہ ہوئے۔