23 اکتوبر.یومِ تاسیس تحریک دعوتِ فقر
تحریک دعوتِ فقر(رجسٹرڈ)پاکستان کی بنیاد شیخ ِ کامل، مرشد کامل اکمل، مجددِ دین، شبیہ غوث الاعظم ،سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُوؒ کے روحانی وارث سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے 23 اکتوبر 2009ء میں رکھی۔
2003ء کے آخر میں مسند ِ تلقین و ارشاد سنبھالتے ہی سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے شدت سے اس بات کو محسوس کیا کہ طالبانِ مولیٰ کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم ہونا چاہیے جہاں سے فقر کی دولت و نعمت اور تعلیمات کو دنیا بھر میں عام کیا جائے کیونکہ فرقہ واریت عام اور حق و باطل میں تمیز ختم ہو چکی تھی۔ زمانے میں نہ صرف گمراہ کن عقائد پروان چڑھ رہے تھے بلکہ حق کی طرف لوگوں کی توجہ بھی کم ہوتی جا رہی تھی۔
ابتدا میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے ـ’’حقیقت اسمِ اللہ ذات‘‘ اور ’’مرشد کامل اکمل‘‘ جیسی دو نادر کتابوں کی اشاعت سے دعوت و تبلیغ کا سلسلہ شروع کیا۔ان کتابوں کی بے حد مقبولیت اور پذیرائی کے بعد2006ء میں سلطان الفقر پبلیکیشنز (رجسٹرڈ) کی بنیاد رکھی جس کے تحت ماہنامہ سلطان الفقر کا اجرا کیا گیا اور فقر کا پیغام عام کیا جانے لگا۔ دیکھتے ہی دیکھتے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی انتھک کاوشیںاس نتیجہ پر پہنچ گئیں کہ دنیا بھر میں فقر کی ترویج کے لیے ایک باقاعدہ تحریک کی بنیاد رکھی جاسکے لہٰذا 23 اکتوبر 2009 ء بمطابق -3ذیقعد 1430ھ بروز جمعتہ المبارک اپنے مرشد سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علیؒ کے عرس مبارک کے موقع پر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے درج ذیل منشور کے تحت’’ تحریک دعوتِ فقر ‘‘کی بنیاد رکھی:
1۔ تحریک دعوتِ فقر تمام مسلمانوں کو متحد ہو کر ’’اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور آپس میں تفرقہ میں نہ ڈالو‘‘کی دعوت دیتی ہے اور وہ رسی اسمِ اللہ ذات ہے۔
2۔ ’’فقر ‘‘ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا حقیقی ورثہ ہے۔ مسلمانوں کو اسی ورثہ کو حاصل کرنے کی دعوت دینا ہی تحریک کا منشور ہے۔
3۔ فقر کے حصول کے لیے ذکر و تصور اسمِ اللہ ذات کی دعوت دینا۔
4۔ لوگوں کو فَفِرُّوْٓا اِلَی اللّٰہ (دوڑو اللہ کی طرف) یعنی ’’دوڑو اسم اللہ ذات کی طرف‘‘ کی دعوت دینا۔
5۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی تعلیماتِ حقانیہ پر صدقِ دل سے عمل کرنا۔
6۔ غور و فکر یعنی تفکر کی دعوت دینا۔
7۔ بلاتفریق آپس میں محبت کو فروغ دینا اور دنیا سے نفرت کو ختم کرنا۔
تحریک دعوتِ فقرآج بھی اپنے منشور پر عمل پیرا ہے۔ دنیا بھر میں فقر کی تعلیمات کو عام کیا جا رہا ہے جس کے لیے تحریک دعوتِ فقر اور اس کے شعبہ جات کی سرگرمیاں قابل ِ ذکر ہیں۔ تحریک دعوتِ فقر کے تمام شعبہ جات کی کارکردگی اور دنیا بھر میں تعلیماتِ فقر کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ رہنے کے لیے ماہنامہ سلطان الفقر کا مطالعہ کرتے رہیں ۔