گیارہواں یومِ تاسیس تحریک دعوتِ فقر | 11th Youm e Tasees Tehreek Dawat e Faqr


5/5 - (1 vote)

گیارہواں یومِ تاسیس تحریک دعوتِ فقر 23 اکتوبر2020ء

تحریر: ڈاکٹر محمد وسیم اکرم سروری قادری (ترجمان تحریک دعوتِ فقر پاکستان)

 

حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خاتم النبیین ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس دنیا سے ظاہری طور پر پردہ فرما جانے کے بعد رشد و ہدایت کا یہ سلسلہ صحابہ کرام کی صورت میں جاری ہوا اور فقرائے کاملین کی صورت میں تاقیامت جاری رہے گا۔ یہ فقرائے کاملین حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے نائبین اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے نقش ِ قدم پر ہوتے ہیں۔انہی فقرا کی صورت میں حقیقت ِ محمدیہ جلوہ گر ہوتی ہے جو انسانیت کو گمراہی کے اندھیروں سے نکال کر ہدایت کے نور سے مشرف کرتی ہے۔ 

شاعر نے اسے بہت خوبصورت الفاظ میں بیان کیا ہے:

لکھ میم دے پردے پا سانول
تینوں عاشق لوگ سیان گئے
بھانویں کہندا رو توں ’’انا بشری‘‘
تینوں جانن والے جان گئے

موجودہ دور کے نائب ِرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس فقر محمدی (امانت ِالٰہیہ) کے وارث اور سلسلہ سروری قادری کے اکتیسویں شیخ کامل ہیں۔ 2003ء میں مسند ِ تلقین و ارشاد پر فائز ہونے کے بعد آپ مدظلہ الاقدس نے انسانیت کو گمراہی سے نجات دلانے اور دعوت اسم اعظم کے لئے اہم اقدامات کیے۔ اگست 2006 میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کا آغاز اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔

اسم اللہ ذات کا پیغام منظم اور وسیع پیمانے پر پھیلانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کی ضرورت تھی جس کے لیے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے 23 اکتوبر 2009 (2 ذیقعد 1430ھ) اپنے مرشد پاک سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ کے عرس مبارک کے موقع پر تحریک دعوتِ فقر کی بنیاد رکھی۔

اس تحریک کے زیر ِ اہتمام بہت سے شعبہ جات قائم کیے گئے جن میں سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشنز، سوشل میڈیا ونگ، ویب سائٹس ڈویلپمنٹ ونگ، ویب سائٹ پروموشن ونگ، شعبہ ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ، شعبہ اطلاعات و نشریات اور سلطان الفقر پبلیکیشنز اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔  

2009 ء سے 2020ء تک تحریک دعوتِ فقر کے قیام کو گیارہ سال گزر چکے ہیں۔ تحریک دعوتِ فقر نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی اعلیٰ روحانی قیادت میں قلیل عرصے میں بے شمار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ سلطان الفقر پبلیکیشنز نے فقر کا پیغام پھیلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہٗ کی تصنیف لطیف مرآۃ العارفین کا ترجمہ و شرح، سیدنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہ کی کتب کے عربی سے اردو تراجم، سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کی کتب کے فارسی سے اردو اور انگریزی تراجم اس شعبہ کے اہم ترین کارنامے ہیں۔ ان کتب کے اصل متن پر تحقیق کے بعد ان کتب کو شائع کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے عوام میں بے حد مقبول ہیں۔

سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے بھی فقر کے موضوعات پر 26 کتب تصنیف فرمائی ہیں جو طالبانِ مولیٰ کے لیے مشعل ِ راہ ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس نے حضرت سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کے بعد سلسلہ سروری قادری کی صحیح ترتیب اور مشائخ سروری قادری سے عوام کو روشناس کروایا، تحقیق کے بعد ان مشائخ کی سوانح حیات، تعلیمات اور عارفانہ کلام کو بھی شائع کیا جو آج سے پہلے کسی نے بھی نہیں کیا۔

ویب سائٹ ڈویلپمنٹ ونگ کے ذریعے 21 ویب سائٹس تیار کی گئی ہیں جن پر فقرکے اہم موضوعات، سلطان الفقر ہستیوں کی سوانح حیات اور مشائخ سروری قادری کے عارفانہ کلام کے ساتھ ساتھ سلطان الفقر پبلیکیشنز کی تمام کتب اور ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی مفت آن لائن مطالعہ کے لیے دستیاب ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ شعبہ سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کی تیار کردہ حمد و نعت، منقبتیں اور عارفانہ کلام، میلادِ مصطفیؐ اور عرس مبارک کی محافل کی ویڈیوز بھی طالبانِ مولیٰ کے لیے دستیاب ہیں۔

مندرجہ بالا تمام ویڈیوز کے لیے ویب سائٹ ڈویلپمنٹ ونگ نے ویب ٹی وی چینلز بھی بنائے ہیں جن پر تمام ویڈیوز دنیا بھر میں دیکھی جا سکتی ہیں۔ ان ویب ٹی وی چینلز کے علاوہ تمام ویڈیوز یوٹیوب اور ڈیلی موشن پر بھی دستیاب ہیں۔

سوشل میڈیا ونگ کے ذریعے تمام تر سوشل میڈیا فورمز کو استعمال کرتے ہوئے فیس بک، ٹوئٹر، لنکڈ ان، پن ٹرست، ریڈ اٹ، انسٹاگرام وغیرہ پر بھی اکاؤنٹ موجود ہیں جو مختلف پوسٹوں کے ذریعے پیغامِ فقر کو عام کر رہے ہیں۔

آن لائن بیعت کا سلسلہ شروع فرما کر آپ مدظلہ الاقدس نے دنیا بھر کے طالبانِ مولیٰ کے لیے فقر کا فیض عام فرما دیا۔

آپ مدظلہ الاقدس کے مجددِ دین ہونے کے لئے یہی دلیل کافی ہے کہ فقر کا پیغام پھیلانے کے لئے آپ مدظلہ الاقدس نے تمام جدید ذرائع ابلاغ کا نہایت مناسب استعمال فرمایا ہے۔

تحریک دعوتِ فقر دنیا بھر میں فقر کی واحد ترجمان جماعت ہے جو سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی روحانی سربراہی میں دنیا بھر کی عوام کو فقر کی تعلیمات سے روشناس کروا رہی ہے تا کہ انسان اس فانی دنیا کے حقیقی مقصد کو پا لیں اور اللہ کی بارگاہ میں سرخرو ہوں۔ 

تحریک دعوتِ فقر کے قیام سے لے کر آج تک ہر دن دین ِ اسلام کی حقیقی روح یعنی فقر ِمحمدیؐ کے پیغام کو عام کرنے کی جہد ِمسلسل سے تعبیر ہے۔ آج تحریک دعوتِ فقر گیارہواں یومِ تاسیس اس جوش اور ولولے سے منا رہی ہے کہ بہت جلد فقر ِمحمدی ؐ کی اس جداگانہ تحریک کو ملکی سطح پر ناقابل ِفراموش کامیابیوں کے بعد بین الاقوامی سطح پر بھی رجسٹرکروایا جائے تاکہ اللہ اور اس کے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا پیغام دنیا کے کونے کونے میں ہر انسان تک پہنچ سکے۔تحریک دعوتِ فقر کی بدولت دنیا بھر میں دین اسلام کی حقیقی روح کو اجاگر کر کے ہی پاکستان حقیقی معنوں میں اسلام کا قلعہ بن پائے گا۔ 

ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لئے
نیل کے ساحل سے لے کر تابخاکِ کاشغر

وہ دن دور نہیں کہ جب بانی و سرپرست ِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی قیادت میں تحریک دعوتِ فقر دنیا بھر میں امن و آتشی، محبت اور اسلام کی حقیقی روح فقر ِمحمدیؐ کی واحد ترجمان جماعت کے نام سے جانی جائے گی۔

تحریک دعوتِ فقر آپ سب کو موجودہ دور کے مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے دست اقدس پر بیعت ہو کر اسم اللہ ذات حاصل کرنے کی دعوت دیتی ہے تاکہ آپ بھی تحریک دعوتِ فقر میں شامل ہو کر پیغامِ فقر کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کریں۔

ہر گھر ہر فرد، پیغام تحریک دعوتِ فقر 

 

اپنا تبصرہ بھیجیں