تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News

Spread the love

Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز
  Tehreek Dawat-e-Faqr News

نیوز رپورٹر: محمد عثمان صادق سروری قادری

 سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کا خانقاہ سلطان العاشقین میں قیام اور ہفتہ وار بزمِ سلطان العاشقین کا انعقاد

بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کے سلسلہ سروری قادری کے اکتیسویں شیخِ کامل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے ماہِ فروری 2025 ء میں خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف، سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں طویل قیام فرمایا۔ اس دوران آپ مد ظلہ الاقدس نے 16 اور 23 فروری 2025ء بروز اتوار انعقاد پذیر ہونے والی ہفتہ وار بزمِ سلطان العاشقین کی صدارت بھی فرمائی۔ آپ مد ظلہ الاقدس نے مسجدِزہراؓ اور اصطبل کے تعمیراتی امور کا ازخود جائزہ لیا اور ضروری ہدایات بھی جاری فرمائیں۔ اِس دوران طالبانِ حق آپ مدظلہ الاقدس کی صحبت اور دیدار سے فیضیاب ہونے کے لئے پروانہ وار آتے رہے اور شرفِ باریابی پاتے رہے۔ آپ مد ظلہ الاقدس نے راہِ حق کے متلاشیوں کو بیعت اور بغیر بیعت اسمِ اللہ ذات کی نعمت سے بھی سرفراز فرمایا۔

 بلا شبہ قربِ الٰہی اور مجلسِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی طلب اور شوق رکھنے والوں کے لیے آپ مد ظلہ الاقدس کا دَر ہمہ وقت کھلا رہتا ہے۔اپنے اس قیام کے بعد 27 فروری 2025ء بروز جمعرات آپ مد ظلہ الاقدس بخیر و عافیت سلطان العاشقین ہاؤس لاہور واپس تشریف لے آئے۔ الحمدللہ

رمضان المبارک کی بابرکت ساعتیں اور تحریک دعوتِ فقر

۱)  رمضان المبارک کی آمد پر مرشد کریم کا خصوصی پیغام

رمضان المبارک کی آمد پر مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مد ظلہ الاقدس نے تمام اہلِ اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُن کے حق میں دعائے خیر فرمائی کہ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اس بابرکت مہینے میں ڈھیروں خوشیاں، رحمتیں اور برکتیں عطا فرمائے، آپ کی عبادات قبول ہوں اور یہ مہینہ آپ کے لئے روحانی ترقی کا باعث بنے۔ علاوہ ازیں آپ مد ظلہ الاقدس نے رمضان المبارک کے حوالے سے ایک خصوصی ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کروایا۔

۲) سحر و افطار کے انتظامات

 بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر، امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مد ظلہ الاقدس کی خصوصی ہدایت پر ہر سال خانقاہ سلطان العاشقین میں سحر و افطار کے بہترین انتظامات کیے جاتے ہیں۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں جہاں روزوں کے ذریعے تقویٰ کا حصول ممکن ہوتا ہے وہیں نیکیوں کا اجر بھی ستر گنا تک بڑھا دیا جاتا ہے۔ ایسے میں ہر صاحبِ ایمان کی کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ نیکیاں سمیٹ لی جائیں۔ علاوہ ازیں بہت سے لوگ خانقاہ میں قیام کی غرض سے بھی تشریف لاتے ہیں تو ان کے لئے سحر و افطار کے بہترین انتظامات کئے جاتے ہیں تاکہ اللہ کے مہمانوں کی مہمان نوازی میں کوئی کسر باقی نہ رہنے پائے۔

۳) قرآن اور رمضان۔براہِ راست نشریات 

خلقِ خدا کو قرآن کی حقیقی روح سے آگاہ کرنے کے لیے تحریک دعوتِ فقر کے زیرِاہتمام سال 2021 ء میں ’’قرآن اور رمضان‘‘ نشریات کا آغاز کیا گیا تھا۔ تب سے اب تک بفضلِ خدا یہ سلسلہ کامیابی سے جاری و ساری ہے۔ رواں سال مسجدِزہراؓ سے براہِ راست نشر ہونے والے پروگرام کی میزبانی اور خطاب کا شرف مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے حاصل کیا۔ یہ پروگرام یکم تا 27 رمضان المبارک روزانہ سہ پہر 3 بجے سے 5 بجے تک سلطان العاشقین ٹی وی پر براہِ راست نشر کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد عوام الناس کو قرآن و حدیث کے ظاہری و باطنی پہلوؤں اور فقرِمحمدیؐ کی حقیقت سے روشناس کروانا ہے۔ اب تک دنیا بھر میں لاکھوں لوگ اس سے استفادہ حاصل کر چکے ہیں۔

۴) مسجدِزہراؓ میں نمازِ تراویح کا اہتمام

 رواں سال تحریک دعوتِ فقر کے زیرِانتظام مسجدِزہراؓ میں نمازِ تراویح کا اہتمام کیا گیا۔ ہر سال رمضان المبارک میں طالبانِ مولیٰ کی کثیر تعداد خانقاہ سلطان العاشقین کا رُخ کرتی ہے جہاں وہ صحبتِ مرشد سے فیضیاب ہونے کے ساتھ ساتھ دین کی حقیقی روح یعنی فقر کی نعمت سے بھی بہرہ ور ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں مسجدِزہراؓ میں پہلی بار اعتکاف کا انتظام بھی کیا گیا۔

بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی خاص مہربانی اور کرم سے گزشتہ سال 2024ء بمطابق یکم شوال 1445ھ عید الفطر کے پرُمسرت موقع پر مسجدِزہراؓ کا شاندار افتتاح ہوا جبکہ رواں سال 2025ء میں پہلی مرتبہ نمازِ تراویح کا روح پرور اہتمام کیا گیا ہے۔ نمازِ تراویح پڑھانے کی سعادت پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمٰن سروری قادری نے حاصل کی۔ مسجد انتظامیہ کی طرف سے نمازِ تراویح کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے جن میں وضو کے لیے مناسب اہتمام، صفائی، روشنی اور سیکورٹی کے اقدامات بھی شامل ہیں۔ 

 ۵) متفرقات

5 مارچ 2025 ء بروز بدھ، خانقاہ سلطان العاشقین میں بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے مریدِخاص ’’فقیر ارشاد احمد سروری قادری رحمتہ اللہ علیہ ‘‘کی برسی کے موقع پر ختم شریف، دعائے خیر اور افطار کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

رپورٹ محفل میلادِمصطفیؐ بسلسلہ یوم ِمنتقلی امانتِ الٰہیہ
 (منعقدہ 21مارچ 2025ء بمطابق 20 رمضان المبارک 1446ھ )

تحریک دعوتِ فقر کے زیرِاہتمام ہونے والی سالانہ دو بڑی محافل میں سے ایک محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ ہے جو ہر سال 21 مارچ کو منعقد ہوتی ہے۔ جتنی عظیم الشان محفل ہے اس کے لئے انتظامات بھی اسی قدر وسیع پیمانے پر کرنا ہوتے ہیں۔ اس سلسلے میں کئی ہفتے پیشتر ہی تیاریوں کا آغاز کر دیا جاتا ہے۔ اس سال بھی مجلسِ خلفا، انتظامیہ کمیٹی تحریک دعوتِ فقر، مجلسِ شوریٰ اور جنرل کونسل میں باہمی مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے پایا اور تیاریوں کے ساتھ ساتھ تبلیغی دوروں کا ایک ملک گیر سلسلہ شروع کیا گیا جس میں تحریک دعوتِ فقر کی علاقائی تنظیموں اور شعبہ دعوت و تبلیغ کی مدد سے شہر شہر اور گھر گھر جا کر عوام الناس کو اس عظیم الشان محفل پاک میں شرکت اور اسمِ اعظم کے فی سبیل اللہ حصول کے لئے مدعو کیا گیا۔ ساتھ ہی ساتھ تحریک دعوتِ فقر کے مرکز یعنی خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں محفل کے لیے پنڈال، مہمانوں کے ٹھہرنے کا بندوبست، سیکورٹی، لنگر کی پکوائی، سندر اڈا سے خانقاہ شریف تک با سہولت آمدورفت، خواتین کے لئے باپردہ انتظامات سمیت تمام چھوٹی بڑی باتوں کو ملحوظِ خاطر رکھا گیا تاکہ اس بابرکت اور روحانی محفل کو ہر ہر پہلو سے مکمل اور خوبصورت بنایا جا سکے۔

الحمدللہ! پھر وہ گھڑی بھی آن پہنچی جب 21 مارچ 2025ء بروز جمعتہ المبارک بمطابق 20 رمضان المبارک 1446ھ، تحریک دعوتِ فقر پاکستان کے زیرِانتظام خانقاہ سلطان العاشقین میں شاندار محفل میلادِمصطفیؐ کا انعقاد ہوا جس کی صدارت سلسلہ سروری قادری کے اکتیسویں شیخِ کامل، بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوت فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔

محفل کا آغاز بعد نمازِعصر تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت امام مسجد زہراؓ مولانا یاسر یٰسین سروری قادری نے حاصل کی۔ محفل میں نقابت کے فرائض منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے ادا کیے جبکہ آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کرنے کی سعادت رمضان باھوُ کے حصے آئی۔ سلطان حافظ محمد ناصر مجید صاحب نے حقیقتِ محمدیہ پر جامع بیان کیا اور 21 مارچ 2001 ء کے تاریخی دن کے پس منظر میں اس محفل کے انعقاد کی وجہ، امانتِ الٰہیہ کی منتقلی، سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کو عطائے فقراور فروغِ فقر کے لیے آپ مدظلہ الاقدس کی انتھک جدوجہد پر جامع خطاب فرماتے ہوئے حاضرین کو بتایا کہ یہ محفل اس لحاظ سے خاص اہمیت کی حامل ہے کہ آپ مد ظلہ الاقدس کو آپ کے مرشد کریم سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علیؒ نے کڑی آزمائشوں اور امتحانات سے گزارنے اور پرکھنے کے بعد اپنے محرمِ راز کے طور پر چنااور21 مارچ 2001 ء کو حج کے موقع پر مسجدِنبوی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے احاطہ میں روضۂ رسولؐ کے رُوبرو اپنے اس مریدِخاص کوبارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں بطور وارثِ فقر پیش کیا۔ یہی وہ بابرکت روز ہے کہ جب آقائے دو جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے اس فیصلہ پر رضامندی کی مہر ثبت کرکے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کو بطور وارثِ فقرِمحمدیؐ منتخب کر لیااور آپ مدظلہ الاقدس کو آنے والے دور کے لیے تلقین و ارشاد کی مسند پر فائز فرمایا۔ لہٰذا آپ کے مرشد کریم سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علیؒ نے آپ مدظلہ الاقدس کو امانتِ فقر سونپ کر اپنے بعد سلسلہ سروری قادری کا امام مقرر فرمایا۔ آپ مدظلہ الاقدس انتہائی احسن طور پر اس امانت کو وقت کے تقاضوں کے مطابق ہر خاص و عام میں تقسیم فرما رہے ہیں اور دنیا آپ کے نورانی وجود سے پھوٹنے والی نور کی کرنوں سے روشن و سیراب ہو رہی ہے۔

 اس بابرکت محفل کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس میں شرکت کرنے والا دین و دنیا کی جو بھی جائز طلب لے کر آتا ہے اللہ پاک اپنے فضل و کرم سے اُسے ضرور پورا فرماتا ہے اور یقینا سب سے بہترین طلب اللہ کی طلب ہے،جسے اللہ مل گیا اُسے سب مل گیا۔ آج اگر ہم مرشد کامل اکمل کی صحبت اور نگاہِ کاملہ سے اپنے نفوس کا تزکیہ کروا رہے ہیں تویہ نعمت اسی بابرکت روز کی بدولت ہے۔ ہمیں اسمِ اعظم اسمِ اللہ ذات کافیض اگر نصیب ہوا تو محض اس تاریخ ساز دن کے صدقے۔۔۔ 

اس جامع بیان کے بعد محمد رمضان باھوُ نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی شان میں لکھے گئے جہانگیر علی سروری قادری کے کلام کو نہایت خوبصورت انداز میں پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ بعد ازاں سلطان محمد نعیم عباس صاحب نے اس بابرکت موقع پر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے زیر ِسایہ اور سلطان الفقر پبلیکشنز کے زیرِ اہتمام شائع ہونے والی 2 اردو اور 3 انگلش کتب سے حاضرینِ محفل کو متعارف کروایا۔ 

جن کے نام یہ ہیں:
1۔سوانح حیات سلطان التارکین حضرت سخی سلطان سید محمد عبداللہ شاہ مدنی جیلانیؒ
2-Life History of Sultan-ul-Tarikeen Sultan Sayyid Mohammad Abdullah Shah Madni Jilani Rehmat-ul-Allah Alayh
3-The Perfect Spiritual Gudie
4۔اورنگ شاہی اردو ترجمہ مع فارسی متن
5-Aurang Shahi English Translation with Persian Text

کتابوں کے تعارف کے بعد مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ، فقیر مالک الملکی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو اسمِ محمدؐ کی نعمت سے نوازا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے بیعت کے خواہشمند طالبانِ مولیٰ کو سلسلہ سروری قادری میں بیعت فرما کر ذکر و تصور اسمِ اللہ ذات اور مشق مرقومِ وجودیہ کی نعمت سے بھی بہرہ مند فرمایا۔

اِس روح پرور اور دل کش منظر کے بعد تمام شرکا نے دست بستہ کھڑے ہو کر رحمتِ عالم، نورِ مجسم، حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری صاحب نے ختم شریف پڑھا اور پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمٰن سروری قادری نے اختتامی دعا کروائی۔ 

 انتظامیہ تحریک دعوت فقر کی جانب سے حاضرین کے لیے گرینڈ افطار کا اہتمام کیا گیا تھا۔ افطار کے بعد مسجدِ زہراؓ میں نمازِمغرب باجماعت ادا کی گئی اور پھر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے فرداً فرداً حاضرینِ محفل سے ملاقات فرمائی۔

یاد رہے اس محفل میں خواتین کی بھی کثیر تعداد موجود تھی جن کے لیے باپردہ انتظامات کیے گئے تھے۔ سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کی جانب سے اس پر نور محفل کے دلکش مناظر فیس بک اور انسٹاگرام پر براہ ِراست نشر کیے گئے۔

 تحریک دعوتِ فقر ۔۔ گلی گلی شہر شہر

21 مارچ 2025 ء محفل میلادِمصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں شرکت کی دعوت دینے کے لیے مجلسِ خلفا، انتظامیہ کمیٹی اور شعبہ دعوت و تبلیغ کے ساتھ ساتھ تحریک دعوتِ فقر کی علاقائی تنظیموں کے ممبران گھر گھر شہر شہر جا کر عوام الناس کو اِس بابرکت اور عظیم الشان محفل پاک میں شرکت کی دعوت دینے میں مصروف رہے ۔ ان دورہ جات کی تفصیل درج ذیل ہے:
17 فروری 2025ء بروز سوموار ممبر مجلسِ خلفا سلطان محمد احسن علی، انتظامیہ نگران شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری اور محمد رمضان باھو نے 561 گ ب مرضی پورہ،چک نمبر 656/7 گ ب اور 591 گ ب گنگا پور، تحصیل جڑانوالہ ضلع فیصل آباد کا دورہ کیااور تمام ساتھیوں کو حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا خصوصی سلام پہنچایا۔ شعبہ دعوت کی ٹیم نے گھر گھر جا کر اور گلیوں اور بازاروں میں عوام الناس کو محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔ اس کے علاوہ رمضان المبارک کی با برکت گھڑیوں میں خانقاہ سلطان العاشقین میں قیام کی بھی دعوت دی۔ سرپرست تحریک دعوتِ فقر منڈی بچیانہ محمد آصف حمید سروری قادری، صدر محمد بشیر سروری قادری اور نائب صدر یاسین عنایت سروری قادری نے بھی دعوتی سرگرمیوں میں معاونت کی۔
18 فروری 2025ء بروز منگل وفد نے جڑانوالہ شہر میں تبلیغی سرگرمیاں انجام دیں۔ بعد ازاں چک نمبر 492 گ ب تحصیل سمندری ضلع فیصل آباد میں عوام الناس کو محفل میلادِ مصطفیؐ میں شرکت کی دعوت دی۔
21 فروری 2025ء بروز جمعہ خلیفہ نگران شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب سروری قادری، انتظامیہ نگران شعبہ دعوت و تبلیغ ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری اور جنرل سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر محمد فیضان یاسین سروری قادری نے تحصیل و ضلع پاکپتن اور مپالکہ و گبہ فاضل تحصیل رینالہ خورد ضلع اوکاڑہ کا دورہ کیااورپاکپتن میں نجی کالج کے طلبا اور مقامی ڈاک خانہ میں اسمِ اعظم اسمِ اللہ ذات اور محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ 
گبہ فاضل تحصیل رینالہ خورد ضلع اوکاڑہ میں تحریک دعوتِ فقر گبہ فاضل و مپالکہ کے سرپرست آصف محمود سروری قادری کی رہائش گاہ پر دعوتی ٹیم نے پیر بھائیوں سے ملاقات کی۔
22 فروری 2025 ء بروز ہفتہ، تحریک دعوتِ فقر احمد پور لمہ و صادق آباد کی جانب سے صادق آباد بازار میں تبلیغی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ صدر تحریک دعوتِ فقر احمد پور لمہ و صادق آباد محمد لطیف سروری قادری، جنرل سیکرٹری معین افضل سروری قادری اور مشیر احمد سروری قادری نے تبلیغی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
25 فروری 2025ء بروز منگل، شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر کے زیرِاہتمام لاہور کے معروف نجی کالج میں تبلیغی سرگرمیوں کا اہتمام ہوا جس میں سلطان محمد عبداللہ اقبال سروری قادری، سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری، صدر تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبد الحسیب سرفراز سروری قادری، جنرل سیکرٹری محمد فیضان یاسین سروری قادری اور سرپرست تحریک دعوتِ فقر پاکپتن غلام حیدر سروری قادری نے تبلیغی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ شعبہ دعوت کی ٹیم نے ’’فقر اور اقبالؒ‘‘ اور ’’فقر اسلام کی حقیقی روح‘‘ کے موضوع پر نوجوان طلبا سے گفتگو کی۔ تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے اساتذہ کرام اور طلبا میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی تصانیفِ مبارکہ ’’مرشد کامل اکمل‘‘ اور ’’فقرِاقبالؒ‘‘اور ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے فی سبیل اللہ تقسیم کئے گئے۔ ادارہ کی جانب سے فقرِمحمدیؐ کی ترویج و اشاعت کے لئے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی کاوشوں کو خوب سراہا گیا۔ 

26 فروری 2025 ء بروز بدھ، شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر کے زیرِاہتمام جنرل پوسٹ آفس لاہور کینٹ میں تبلیغی سرگرمیوں کا اہتمام ہوا جس میں خلفا سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس، سلطان محمد عبداللہ اقبال سروری قادری اور سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری، ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری، محمد فیضان یاسین سروری قادری اور غلام حیدر سروری قادری نے تبلیغی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ 

26 فروری 2025 ء بروز بدھ، تحریک دعوتِ فقر احمد پور لمہ و صادق آباد کی جانب سے صادق آباد بازار میں تبلیغی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ ڈاکٹر شکیل احمد سروری قادری، محمد لطیف سروری قادری اور معین افضل سروری قادری نے تبلیغی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ 

یکم مارچ 2025ء بروز ہفتہ، شعبہ دعوت و تبلیغ کے زیرِاہتمام وفد نے جنرل پوسٹ آفس ساہیوال میں عملہ اور عوام الناس کو محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں شرکت کی دعوت دی۔ اس وفد میں خلفا سلطان العاشقین، سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری اور سلطان محمد احسن علی سروری قادری، صدر تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبد الحسیب سرفراز سروری قادری، نائب صدر علی رضا سروری قادری، جنرل سیکرٹری محمد فیضان یاسین سروری قادری، ممبر مجلسِ شوریٰ محمد سعید جعفر سروری قادری، ممبر جنرل کونسل محمد نعمان ثاقب سروری قادری اور سرپرست تحریک دعوتِ فقر پاکپتن غلام حیدر سروری قادری شامل تھے۔ 

ساہیوال جی پی او کے بعد وفد دو ٹیموں میں منقسم ہو گیا۔ ایک ٹیم سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری کی قیادت میں میاں چنوں روانہ ہو گئی جبکہ دوسری ٹیم سلطان محمد احسن علی سروری قادری کے ہمراہ عارف والا روانہ ہو گئی۔

اوّل وفد نے بار ایسوسی ایشن میاں چنوں، نجی اکیڈمی، ایک نجی انشورنس کمپنی، نجی ٹریول اینڈ ٹورز کمپنی کے دفتر میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا تعارف کرواتے ہوئے اسمِ اللہ ذات کے ذکر و تصور کے حصول کی دعوت دی اور خصوصی طور پر محفل میلادِ مصطفیؐ میں شرکت کی دعوت دی۔ چک نمبر 115/15L تحصیل میاں چنوں ضلع خانیوال میں محمد زاہد نے وفد کو خصوصی طور پر اپنے گھر میں مدعو کیا جہاں طالبانِ مولیٰ سے مختلف امور پر گفتگو ہوئی اور رات گئے وفد لاہور واپس روانہ ہوا۔

وفد دوم نے پوسٹ آفس عارف والا کے علاوہ جی پی او بہاولنگر میں عوام الناس کو مقصدِحیات پر خصوصی پیغام دیا اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے حصولِ فیض کے لیے ذکر وتصور اسمِ اللہ ذات حاصل کرنے کی ترغیب دلائی۔ بعد ازاں وفد ہارون آباد کی طرف روانہ ہوا جہاں مظہر حسین سروری قادری کے گھر میں عقیدتمندوں سے ملاقات کی اور انہیں نہ صرف محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں شرکت کی بھرپور دعوت دی گئی بلکہ راہِ فقر پر ترقی کے لیے بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ 

2 مارچ بروز اتوار ہارون آباد شہر میں نبی احمد سروری قادری اور ارسلان نذیر سروری قادری کے توسط سے عوام الناس کو محفل میلادِ مصطفیؐ میں شرکت کی دعوت دی گئی اور ماہنامہ سلطان الفقر کے شمارے تقسیم کرتے ہوئے اسمِ اللہ ذات کے ذکر و تصور کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی۔

یکم مارچ 2025ء بروز ہفتہ، شعبہ دعوت و تبلیغ کے زیرِاہتمام وفد نے کھوڑ اور پنڈی گھیب ضلع اٹک میں مقامی ممبران اور عوام الناس کو محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں شرکت اور سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی بارگاہ سے اسمِ اعظم اسمِ اللہ ذات حاصل کرنے کی دعوت دی گئی۔ ممبران نے ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی فی سبیل اللہ تقسیم کئے۔ اس وفد میں سلطان محمد عبداللہ اقبال سروری قادری اور سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری کے علاوہ محمد رضوان نذیر سروری قادری شامل تھے۔ 

احمدال تحصیل پنڈی گھیب ضلع اٹک اور تلہ گنگ میں محمد عدنان سروری قادری کی رہائش گاہ پر تبلیغی سرگرمیوں کے دوران ممبران اور عوام الناس کو محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں شرکت کی بھرپور دعوت دی گئی۔

شعبہ جات میں جاری تحریکی سرگرمیاں 

11 فروری 2025ء بروز منگل، انتظامی نگران خانقاہ سلطان العاشقین، محمد فیضان یاسین سروری قادری نے خانقاہ نشینوں کا اجلاس طلب کیاجس میں خانقاہی امور اور قواعد و ضوابط پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور ممبران کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔ مسجدِزہراؓ میں روزانہ ناظرہ قرآن کی کلاسز منعقد کرنے کا شیڈول بھی ترتیب دیا گیا۔ 

15 فروری 2025ء بروز ہفتہ، انتظامی نگران شعبہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ، ملک سجاول سروری قادری نے خانقاہ سلطان العاشقین میں منعقد ہونے والے اجلاس کی سربراہی کی۔ اجلاس میں انتظامیہ کمیٹی اور شعبہ کے دیگر ممبران نے بھی شرکت کی جس میں شعبہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر سیر حاصل گفتگو اور ضروری مشاورت ہوئی۔ 

28 فروری 2025ء بروز جمعہ انتظامی نگران خانقاہ سلطان العاشقین، محمد فیضان یاسین سروری قادری کے زیرِصدارت خانقاہ نشینوں کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں خانقاہ سلطان العاشقین میں رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار کے انتظامات، روزمرہ امور اور دیگر معاملات کے حوالے سے منصوبہ بندی کی گئی۔ 

09 مارچ 2025ء بروز اتوار مرکزی دفاتر تحریک دعوت فقر میں خلیفہ انچارج شعبہ اطلاعات و نشریات پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن سروری قادری، انتظامیہ انچارج ڈاکٹر وسیم اکرم سروری قادری، شعبہ انچارج عثمان صادق سروری قادری، نائب انچارج وقار ارشاد سروری قادری اور سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشنز کے ممبر محمد احسان سروری قادری کے مابین شعبہ کی ترقی و بہتری کے موضوع پر تفصیلی گفتگو اور اہم مشاورت ہوئی جہاں شعبہ میں جدت لانے اور اسے دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے اہم امور احاطہ تحریر میں لائے گئے۔

شعبہ جاتی تقرری 

یکم مارچ 2025ء بروز ہفتہ تحریک دعوتِ فقر کے دستور کے آرٹیکل (11)10 کے تحت ملک عبد الرافع سروری قادری کو شعبہ اطلاعات و نشریات کا نائب انچارج مقرر کیا گیا۔ جہاں وہ دیگر ممبران کے ساتھ مل کر شعبہ کے کام کو مزید بہتر اور منظّم انداز میں آگے بڑھانے میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں گے۔

 سلطان الفقر پبلیکیشنزکی کتاب میلوں میں بھرپور شرکت

 17 تا 19 فروری 2025ء لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جبکہ 20 تا 22 فروری 2025ء پنجاب یونیورسٹی لاہور کے زیرِاہتمام منعقد ہونے والے کتاب میلوں میں سلطان الفقر پبلیکیشنز نے تحریک دعوتِ فقر پاکستان کی نمائندگی کی۔ ادارہ نے اپنی اعلیٰ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے شائقینِ کتب کے لئے بہترین اور معیاری پرنٹنگ سے آراستہ کتب و رسائل انتہائی مناسب قیمت پر پیش کیے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ دینِ حق سے مستفید ہو سکیں۔

بانی و سرپرستِ اعلی تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی فقر و تصوف پر مبنی تصانیف، سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒاور سیدّنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؓ کی نادر و نایاب کتب 50% تک کی خصوصی رعایت پر موجود رہیں۔ جہاں عوام الناس کی کثیر تعداد نے سٹال وزٹ کیا اور سلطان الفقر پبلیکشنز کے عمدہ اور معیاری کام کو خوب سراہا۔

 
 

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں