تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News

Spread the love

Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز . Tehreek Dawat-e-Faqr News

نیوز رپورٹر: محمد عثمان صادق سروری قادری

خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کا قیام

29 اگست 2024ء بروز جمعرات تا 9 ستمبر 2024ء بروز سوموار سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین میں خصوصی قیام فرمایا۔ اپنے اس قیام کے دوران آپ مد ظلہ الاقدس نے 30 اگست اور 6 ستمبر کو ہونے والی نمازِ جمعہ مریدین اور اہلِ علاقہ کے ہمراہ مسجدِ زہراؓ میں ادا فرمائی۔6 ستمبر بروز جمعہ، نمازِجمعہ کی ادائیگی کے بعد آپ مد ظلہ الاقدس نے اصطبل اور ڈیری فارم کا دورہ فرمایااور وہاں جاری کام کے حوالے سے تعمیراتی کمیٹی کو اپنی مفید آراء سے نوازا اور اُن کی رہنمائی فرمائی جبکہ 7 ستمبر بروز ہفتہ آپ مد ظلہ الاقدس نے مسجدِزہراؓ کا دورہ فرمایا اور تمام ترقیاتی امور کا از خود جائزہ لیا۔ اس موقع پر مجلسِ خلفا اور انتظامیہ کمیٹی کے ممبران بھی آپ کے ہمراہ موجود تھے۔

بزمِ سلطان العاشقین

یکم ستمبر 2024ء بروز اتوار اور 8 ستمبر 2024 ء بروز اتوار خانقاہ سلطان العاشقین میں ہفتہ وار بزمِ سلطان العاشقین کا انعقاد ہوا جس میں ملک کے طول و عرض سے طالبانِ مولیٰ نے شرکت کی اور صحبتِ مرشد کامل اکمل سے سرفراز ہوئے۔ اس موقع پر راہِ حق کے متلاشیان نے آپ مد ظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پربیعت کی سعادت پائی اور ذکر و تصوراسمِ اعظم اسمِ اللہ ذات کی نعمتِ عظمیٰ حاصل کی۔حسبِ روایت تمام مہمانوں کی خصوصی لنگر سے تواضع کی گئی۔ ان محافل میں مرد حضرات کے علاوہ کثیر تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی۔تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ کی جانب سے تمام چھوٹی بڑی محافل و تقریبات میں خواتین کے لیے خصوصی باپردہ انتظامات کیے جاتے ہیں تاکہ خواتین بھی بھرپور انداز میں صحبت ِ مرشد سے مستفید ہو کر اپنا سفرِ حق جاری و ساری رکھ سکیں۔ 

تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ جات میں جاری سر گرمیاں

12 ربیع الاوّل کی تیاریوں اور تشہیر کے حوالے سے جہاں دیگر شعبہ جات مستعد اور متحرک تھے وہیں شعبہ سوشل میڈیا اور شعبہ سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشنز بھی پیش پیش تھے۔ہر سال کی طرح رواں سال بھی میلادِمصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبیؐ کی بابرکت محفل سے قبل اپنی حکمتِ عملی ترتیب دینے کے لیے یکم ستمبر 2024ء کو ایک مشترکہ اجلاس منعقد کیاگیا جس کی سربراہی دونوں شعبہ جات کے سربراہان ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب سروری قادری اور سلطان محمد عبد الرحمٰن محبوب سروری قادری نے کی۔ دونوں شعبہ جات کے ممبران نے اجلاس میں شرکت کی اور محفل پاک کو کامیاب بنانے کے حوالے سے اپنے عزائم کا اعادہ کیا۔

اِس کے علاوہ 8 ستمبر 2024ء بروز اتوار شعبہ سلطان الفقر پبلیکشنز اور اس کے ذیلی شعبہ ماہنامہ سلطان الفقر لاہورکا اجلاس بھی طلب کیا گیا جس میں شعبہ کی کارکردگی، مقاصد اور مستقبل کے اہداف کا تعین کیا گیا اور تمام اراکین کو 15 ستمبر 2024ء تک شعبہ کی بہتری کے حوالے سے مزید فریم ورک تیار کرنے کا ٹاسک سونپا گیا۔

11 ستمبر 2024ء بروز بدھ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری کی زیرِصدارت خانقاہ سلطان العاشقین میں محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبیؐ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لئے انتظامیہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ امین مجلسِ خلفا سلطان محمد عبدالرحمٰن محبوب سروری قادری کے علاوہ ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب سروری قادری اور سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری نے بھی خصوصی شرکت فرمائی۔ اجلاس میں محفل کے ہر پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی منصوبہ بندی کی گئی اور اس بات پر گفتگو ہوئی کہ محفلِ میلاد کو کامیاب بنانے کے لئے تمام ممبران کا تعاون از حد ضروری ہے۔ 

شعبہ دعوت و تبلیغ کی تبلیغی سرگرمیاں

سالانہ محفل میلادِمصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبیؐ کے کامیاب انعقاد اور اس میں شرکت کے لیے لوگوں کو دعوت دینے کا فریضہ شعبہ دعوت تحریک دعوتِ فقر نے نبھایا۔ جس میں مرکز کے علاوہ تحریک دعوتِ فقر کی علاقائی جماعتوں نے بھی خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔اِن تبلیغی دوروں کی تفصیل درج ذیل ہے:
(3 ستمبر 2024بروز منگل) شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے مریدین اور عقیدتمندوں کو محفل میلادِمصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبیؐ کی دعوت دینے کے لئے انتظامیہ نگران شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری، شعبہ انچارج مولانا یاسر یاسین سروری قادری اور محمد فیضان سروری قادری نے منڈی بچیانہ، چک نمبر 8، چک نمبر 7، چک نمبر 6، مرضی پورہ اور انور کے محل، تحصیل جڑانوالہ ضلع فیصل آباد کا دورہ کیا۔

(5 ستمبر 2024بروز جمعرات)  شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے شعبہ انچارج مولانا یاسر یاسین سروری قادری اور محمد فیضان سروری قادری نے چک نمبر 23 NP، بستی حاجی نور محمد، احمد پور لمہ، تحصیل صادق آباد، ضلع رحیم یار خان کا دورہ کیا۔ علاقائی سرپرست تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر شکیل احمد سروری قادری نے تبلیغی سرگرمیوں میں معاونت کی۔ 

(6 ستمبر 2024بروز جمعہ)  شعبہ انچارج مولانا یاسر یاسین سروری قادری اور محمد فیضان سروری قادری نے میاں چنوں ضلع خانیوال کا دورہ کیا۔ علاقائی سرپرست تحریک دعوتِ فقر میاں چنوں محمد بابر نذیر سروری قادری نے تبلیغی سرگرمیوں میں معاونت کی۔ 

(7 ستمبر 2024 بروز ہفتہ)  شعبہ انچارج مولانا یاسر یاسین سروری قادری اور محمد فیضان سروری قادری نے ہارون آباد، ضلع بہاولنگر کا دورہ کیا جہاں انیب یونس سروری قادری اور نبی احمد سروری قادری نے تبلیغی سرگرمیوں میں معاونت کی۔ 

(10 ستمبر 2024 بروز منگل) سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے خلفا، سلطان محمد عبداللہ اقبال سروری قادری اور سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے ٹیکسلا ضلع راولپنڈی کا دورہ فرمایا جہاں سید ظفر حسین سروری قادری اور محمد نوید سروری قادری نے تبلیغی سرگرمیوں میں معاونت کی۔ جبکہ دوسری جانب شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر کے انتظامی نگران ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری، شعبہ انچارج مولانا یاسر یاسین سروری قادری اور محمد فیضان سروری قادری نے پاکپتن کا دورہ کیا جہاں محمد حیدر سروری قادری نے تبلیغی سرگرمیوں میں معاونت کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے مپالکہ و گبہ فاضل، تحصیل رینالہ خورد، ضلع اوکاڑہ کا دورہ بھی کیا جہاں پروفیسر شکیل احمد سروری قادری اور آصف محمود سروری قادری نے خصوصی تعاون کیا۔

(11 ستمبر 2024 بروز بدھ) سلطان محمد عبداللہ اقبال سروری قادری اور سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے احمدال تحصیل پنڈی گھیب ضلع اٹک کا دورہ فرمایا۔ تمام ساتھیوں کو محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبیؐ میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔ احمد سعید سروری قادری اور مبشرالحسن سروری قادری نے تبلیغی سرگرمیوں میں معاونت کی۔ 

(12 ستمبر 2024 بروز جمعرات) سلطان محمد عبداللہ اقبال سروری قادری اور سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری جہلم پہنچے جہاں ظفر اقبال سروری قادری اُن کی معاونت کے لیے موجود تھے۔ یہ دورہ مکمل کرنے کے بعد معزز خلفا نے بھروٹ تحصیل سرائے عالمگیر میں دعوتی سرگرمیاں سرانجام دیں۔ 

محفل میلادِمصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبیؐ ۔ 1446ھ

ہر سال کی طرح رواں سال بھی تحریک دعوتِ فقر کے زیر ِانتظام 12 ربیع الاوّل 1446ھ بمطابق 17 ستمبر 2024 ء بروز منگل عید میلاد النبیؐ کے موقع پر شاندار محفل میلادِ مصطفیؐ کا اہتمام کیا گیا جس میں اندرون و بیرون ملک سے کثیر تعداد میں طالبانِ مولیٰ اور عوام الناس نے شرکت کر کے برکتیں سمیٹیں۔ اس سلسلے میں بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے مریدین اور دیگر مہمانوں کی خانقاہ سلطان العاشقین میں آمد کا سلسلہ محفل سے کئی روز قبل ہی شروع ہو گیاتھا۔ اِس حوالے سے مزید تفصیلات کچھ یوں ہیں:

سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی خانقاہ آمد:

16 ستمبر 2024 ء بروز سوموار حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف تشریف لائے جہاں مریدین اور عقیدت مندوں کی جانب سے آپ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ آپ مد ظلہ الاقدس نے تمام ساتھیوں سے ملاقات فرمائی اور محفل پاک میں شرکت کے حوالے سے ان کے خلوص اور جوش و خروش کو سراہا۔

12 ربیع الاوّل بروز منگل:

تحریک دعوتِ فقر نے اپنی سابقہ روایت برقرار رکھتے ہوئے اِس سال بھی میلادِمصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر محفل کا اہتمام کیا۔ 17 ستمبر 2024ء بروز منگل بمطابق 12 ربیع الاوّل 1446ھ دوپہر 2 بجے بعد نمازِ ظہر خانقاہ سلطان العاشقین میں محفل میلادِمصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبیؐ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اِس محفل کی خاص بات جو اِسے دیگر تمام محافل سے منفرد اور باوقار بناتی ہے، وہ یہ ہے کہ اس میں شرکت کرنے والوں کے تمام ظاہری و باطنی مسائل بفضلِ باری تعالیٰ پورے ہوتے ہیں، لاعلاج امراض دور ہوتے ہیں اور نفس و شیطان کی شر انگیزیوں سے نجات ملتی ہے۔لہٰذا اِس بابرکت اور متبرک محفل کو اور بھی شاندار بنانے کے لئے کئی ہفتے قبل ہی انتظامات کا آغاز کر دیا گیا تھا۔ محفل میں شرکت کے لیے آنے والے مہمانانِ گرامی کی بہترین مہمان نوازی کے لئے 16 ستمبر کی رات سے ہی لنگر پاک کی پکوائی کا سلسلہ جاری رہا۔ 

 مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے زیرِصدارت منعقد ہونے والی اس محفل پاک میں صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس، معزز مجلسِ خلفا، انتظامیہ کمیٹی تحریک دعوتِ فقر اور مجلسِ شوریٰ و جنرل کونسل تحریک دعوتِ فقر کے علاوہ کثیر تعداد میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا جس کی سعادت مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے حاصل کی۔ جبکہ بارگاہِ رسالت میں ہدیۂ نعت پیش کرنے کی سعادت محمد رمضان باھوُ اور عطا الوھاب سروری قادری نے پائی اور نقابت کے فرائض منتظم اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے ادا کیے۔

عشقِ مصطفیؐ کے موضوع پر فصیح و بلیغ خطاب کے لئے سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری تشریف لائے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سے عشق کے واقعات بیان کیے کہ اللہ تعالیٰ نے یہ کائنات اپنے محبوب کے عشق کے لیے بنائی اور صحابہ کرام اور فقرا کاملین نے عشقِ مصطفیؐ میں وہ گرانقدر قربانیاں دیں جن کی مثال ملنا ناممکن ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کس طرح دور حاضر میں سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس نے دین ِاسلام کو حیاتِ نو بخشی اور فقر محمدیؐ کے پیغام کو از سر نو زندہ کر کے عشقِ مصطفیؐ کی عظیم مثال قائم فرمائی۔ اسمِ اللہ ذات یعنی اسمِ اعظم اور اسمِ محمد کے فیض کا در جس طرح سے سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس نے عام لوگوں پر وا کیا اس کی تاریخِ عالم میں کہیں کوئی مثال نہیں ملتی۔ عوام الناس کے لئے دعوتِ عام ہے کہ وہ آپ مد ظلہ الاقدس کی بارگاہ میں حاضر ہو کر اسمِ اعظم کا فیض حاصل کریں اور آپ کی نورانی صحبت کی بدولت معرفتِ حق تعالیٰ کے نور سے اپنے قلوب کو سیراب کر کے ابدی کامیابی حاصل کریں۔

قارئین کرام! آپ کو مزید بتاتے چلیں کہ تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ سلطان الفقر پبلیکشنز نے اپنی سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی میلاد مصطفیؐبسلسلہ جشنِ عید میلاد النبی ؐکے پر مسرّت موقع پر درج ذیل نئی کتب شائع کیں :

رسالہ روحی شریف (بارِ چہارم)

حقیقت عید میلاد النبی (بارِ سوم)

محفل کے اختتام پر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تمام شرکائے محفل کے ہمراہ کھڑے ہو کر دست بستہ بارگاہِ رسالت میں درود و سلام کا نذرانہ پیش فرمایا۔ اختتامی دعا کے بعد آپ مد ظلہ الاقدس نے تمام مہمانانِ گرامی سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی اور خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو بیعت فرما کر اسمِ اللہ ذات کی لازوال نعمت سے بہرہ وَر فرمایا۔ بلا شبہ اس افرا تفری اور نفسا نفسی کے دور میں اسمِ اللہ ذات کے فیض کو عام کرنا آپ مد ظلہ الاقدس کی شخصیت کا ہی کرشمہ ہے۔

خصوصی نوٹ:

 12 ربیع الاوّل کی محفل پاک کی مکمل ویڈیو دیکھنے کے لئے آپ ہمارے درج ذیل چینلز وزٹ کر سکتے ہیں:

سلطان العاشقین TV یوٹیوب، فیس بک، انسٹا گرام، ریڈاِٹ، ڈیلی موشن، لنکڈ اِن اور ایکس (سابقہ ٹویٹر)۔

متفرق خبریں

مسجدِ زہراؓ:

مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے زیرِسرپرستی تعمیر ہونے والی مسجدِزہراؓ میں تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے۔ تزئین و آرائش کے اس مرحلے میں مسجد کے صدر دروازے اور طہارت خانوں کی تعمیر بھی جاری ہے جو اِن شاء اللہ جلد پایۂ تکمیل کو پہنچے گی۔ 

سلطان العاشقین اصطبل:

دورِ حاضر کے تقاضوں اور ضروریات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے سلطان العاشقین اصطبل میں بھی ترقیاتی کام جاری رہا جس میں اصطبل کی تزئین و آرائش کے علاوہ نئی تعمیرات بھی شامل ہیں۔ 

 

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں