تحریک دعوتِ فقر نیوز ۔ Tehreek Dawat-e-Faqr News
خانقاہ سلطان العاشقین میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کا قیام
راہِ فقر میں طالبانِ حق تعالیٰ کے لئے جو چیز سب سے زیادہ روح افزا اور قرارِ جان و دل ہوتی ہے وہ ہے اپنے مرشد کریم کی پاک صحبت جس میں رہ کر وہ معرفتِ الٰہی کے اسرار و رموز سے آشنائی حاصل کرتے ہیں۔ بقول سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ:
صحبت مجلس پیر میرے دی بہتر نفل نمازوں
ہک ہک سخن شریف انہاں دا کردا محرم رازوں
طالبانِ مولیٰ کو اپنی روحانی اور بابرکت صحبت سے فیضیاب فرمانے کے لئے مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین میں 9 اپریل 2024 ء بروز منگل تا 28 اپریل 2024ء بروز اتوار قیام فرمایا۔ اس بیس روزہ قیام کے دوران آپ مدظلہ الاقدس کے مبارک معمولات کی کچھ تفصیلات گزشتہ شمارے میں شائع کی جا چکی ہیں۔ مزید تفصیلات کے لیے درج ذیل رپورٹ ملاحظہ فرمائیں:
(17 اپریل 2024 بروز بدھ) :خانقاہ سلطان العاشقین میں فقیر مالک الملکی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے مریدین سے ملاقات فرمائی اور اُنہیں اپنی مبارک صحبت سے بہرہ ور فرمایا۔
(19 اپریل 2024 بروز جمعہ) : بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے مجلسِ خلفا، مریدین اور اہلِ علاقہ کے ہمراہ مسجدِزہراؓ بمقام رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈاملتان روڈ لاہورمیں نمازِ جمعہ ادا فرمائی۔مولانا یاسر یٰسین سروری قادری نے امامت کے فرائض سر انجام دیے۔ مجموعی طور پر یہ مسجدِزہراؓ میں ادا کی جانے والی دوسری نمازِ جمعہ تھی۔
نماز کے بعد آپ مدظلہ الاقدس خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لے آئے اورمریدین و عقیدتمندوں کی ارواح کو اپنی روحانی صحبت سے مستفید کرنے کے لیے نشست بھی فرمائی۔آپ مدظلہ الاقدس شرکائے محفل کونہ صرف اپنی روحانی و پاکیزہ صحبت سے فیضیاب فرماتے ہیں بلکہ راہِ فقر میں پیش آنے والے معاملات، نفس کی چالیں اور ان سے بچنے کے طریقوں پر بھی انتہائی آسان فہم انداز میں گفتگو فرماتے ہیں۔ بلاشبہ آپ مدظلہ الاقدس کی گفتگو بہت سادہ لیکن ایک ایک فرمان مبارک معنویت کے اعتبار سے حکمت کا سمندر سموئے ہوئے ہے۔
(20 اپریل 2024 بروز ہفتہ) : بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے توسیع برائے خانقاہ سلطان العاشقین کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس توسیعی پروگرام کے تحت خانقاہ سلطان العاشقین میں بجلی کے نظام کو مؤثر انداز میں رواں دواں رکھنے کے لیے باقاعدہ الیکٹرک روم تعمیر کیا جا رہا ہے۔ آپ مدظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین کے الیکٹرک روم کا دورہ بھی فرمایا۔
خانقاہ سلطان العاشقین کے توسیعی پروگرام کا جائزہ لینے کے بعد آ پ مدظلہ الاقدس نے مریدین و عقیدتمندوں کے سنگ ایک نشست فرمائی اور متلاشیانِ حق کو اپنی حکمت و دانائی سے بھرپور گفتگو سے مستفید فرمایا۔ آپ مدظلہ الاقدس شرکائے محفل کے سوالات کے جوابات بھی مہیا کرتے ہیں اور مثالوں کے ذریعے فقر کے پیچیدہ مسائل کو انتہائی آسان فہم انداز میںیوں سمجھا دیتے ہیں کہ ذہنوں میں مزید کوئی سوال باقی نہیں رہتا۔ اس نشست کی خوبصورت تصویری جھلکیاں ملاحظہ فرمائیں:
بزمِ سلطان العاشقین
(21 اپریل 2024 بروز اتوار) : سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی زیرِصدارت خانقاہ سلطان العاشقین میں بزمِ سلطان العاشقین کا انعقاد ہوا۔اس موقع پر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب سمیت دیگر خلفا بھی موجود تھے۔ مردوں کی کثیر تعدا د کے علاوہ خواتین کی بھی کثیر تعداد محفل میں شامل تھی۔ ہمیشہ کی طرح تحریک دعوتِ فقر انتظامیہ کی جانب سے خواتین کے لئے باپردہ انتظامات کئے گئے تھے۔ تمام حاضرینِ محفل ہمہ تن گوش ہو کر اپنے مرشد کریم کی زبانِ گوہر فشاں سے ادا ہونے والے الفاظ کو دل کے ہاتھوں سمیٹنے کی کوشش کرتے رہے تاکہ وہ راہِ حق میں حائل اپنے تمام ظاہری و باطنی مسائل سے نجات پا سکیں۔ جیسا کہ میاں محمد بخش رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
ہر مشکل دی کنجی یارو ہتھ مرداں دے آئی
مرد نگاہ کرن جس ویلے، مشکل رہے نہ کائی
آپ مدظلہ الاقدس نے مریدین کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات بھی فراہم کیے اور راہِ فقر کے مسافروں کو کسی بھی مشکل سے نمٹنے کے لیے راہنما اصول یعنی مشائخ اور صوفیا کرام کی تعلیمات کے مطالعہ کی ہدایت بھی فرمائی۔ اس سلسلہ میں آپ مدظلہ الاقدس نے ’’شمس الفقرا‘‘ کے نام سے ایک ایسی منفرد کتاب تصنیف فرما دی ہے جو قارئین کی ہر مرحلہ پر راہنمائی فرماتی ہے۔ اس کتاب میں شریعت، طریقت، معرفت و حقیقت غرض ہر مقام و مرتبہ کے طالب کے لیے تحقیق شدہ مواد ایک ہی جگہ اکٹھا کر دیا گیا ہے۔گفتگو کے اختتام پر آپ مدظلہ الاقدس نے تمام حاضرینِ محفل سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔ بہت سے افراد نے دین و دنیا کے مسائل کے حل کے لیے دعا کی درخواست کی اور آپ مدظلہ الاقدس نے ہر سائل کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔ محفل کے اختتام پر شاندار لنگر سے حاضرین کی تواضع کی گئی۔
سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کے تعاون سے بیرونِ ممالک مقیم مریدین و عقیدتمندوں کے لیے محفل کے خوبصورت مناظر یو ٹیوب ، فیس بک اور انسٹا گرام پر براہِ راست نشر کیے گئے۔
(23 اپریل 2024 بروز منگل) : بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین میں مریدین اور عقیدتمندوں سے ملاقات فرمائی۔
آناں کہ خاک را بہ نظر کیمیا کنند
آیا بود کہ گوشۂ چشمے بما کنند
ترجمہ: جو لوگ اپنی نظر سے خاک کو کیمیا کر دیتے ہیں کاش اپنی نظر کا ایک گوشہ ہماری طرف بھی کر دیں۔ (بحوالہ شمس الفقرا)
(24 اپریل 2024 بروز بدھ) : اس روز بھی مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے مریدین کے درمیان نشست فرمائی اور سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنی روحانی صحبت سے ان کے نفوس کا تزکیہ فرمایا۔
(26 اپریل 2024 بروز جمعہ) : بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے مجلسِ خلفا، مریدین اور اہلِ علاقہ کے ہمراہ مسجدِزہراؓ میں نمازِ جمعہ ادا فرمائی۔
نماز کی ادائیگی کے بعد آپ مدظلہ الاقدس نے مسجدِزہرؓا کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری اور امین مجلسِ خلفا سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری بھی آپ مدظلہ الاقدس کے ہمراہ تھے۔ بعد ازاں آپ مدظلہ الاقدس اصطبل تشریف لے گئے جہاں آپ نے گھوڑوں اور دیگر جانوروں کی صحت اور دیکھ بھال کے امور کا جائزہ لیا اور بڑھتی ہوئی گرمی کے پیشِ نظر جانوروں کے لئے بہتر انتظامات کا حکم فرمایا۔
اصطبل کے دورہ کے بعد آپ مدظلہ الاقدس دوبارہ خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لے آئے اور کچھ دیر مریدین کے مابین نشست فرمانے کے بعد اپنی آرام گاہ میں تشریف لے گئے۔
(27 اپریل 2024 بروز ہفتہ): بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے توسیع برائے خانقاہ سلطان العاشقین کے تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین کے لنگر خانہ اور الیکٹرک روم کا خصوصی دورہ فرمایا اور کنسٹرکشن کمیٹی کو مفید مشوروں سے نوازا۔ اِس دوران ملاقات کے لیے تشریف لانے والے مہمانوں سے بھی آپ نے خصوصی ملاقات فرمائی۔
(28 اپریل 2024 بروز اتوار) : بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی زیرِصدارت خانقاہ سلطان العاشقین میں بزمِ سلطان العاشقین کا انعقاد ہوا۔ جس میں خوش نصیب طالبانِ مولیٰ نے آپ مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت ہو کر وصالِ الٰہی کے حصول کے لئے ذکر و تصور اسمِ اعظم (اسمِ اللہ ذات) کی لازوال نعمت حاصل کی۔
محفل کے اختتام پر تمام حاضرینِ محفل سے فرداً فرداً ملاقات کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس اپنے بیس روزہ قیام کو مکمل فرما کر واپس سلطان العاشقین ہاؤس لاہور تشریف لے گئے۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ آپ مدظلہ الاقدس کی عمر اور صحت میں بے بہا برکتوں اور رحمتوں کا نزول فرمائے اور طالبانِ مولیٰ کو آپ کی پاک صحبت سے اور بھی زیادہ مستفید ہو کر عشقِ حقیقی کی لازوال دولت پانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (لاہور۔ نیوز رپورٹر عثمان صادق)