تحریک دعوتِ فقر نیوز
Tehreek Dawat-e-Faqr News
افتتاح مسجدِ زہراؓ
بدست مبارک: سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس
10 اپریل 2024 بمطابق یکم شوال المکرم 1445ھ مسجدِ زہراؓ کا شاندار افتتاح ہوا۔ یکم اگست 2020ء بمطابق 10ذوالحجہ 1441ھ عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں مسجدِ زہراؓ کا سنگِ بنیاد رکھا تھا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی زیرِنگرانی مختلف تعمیراتی مراحل سے گزرتے ہوئے چار سال سے بھی کم کے مختصر دورانیے میں عظیم الشان مسجدِ زہراؓ تکمیل کے آخری مرحلہ میں پہنچی۔ عید الفطر 1445ھ کے بابرکت دن سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے اپنے دستِ اقدس سے مسجدِ زہراؓکا افتتاح فرمایا۔ تحریک دعوتِ فقر انتظامیہ کی جانب سے انتہائی خوبصورتی سے مسجدِزہراؓ کو مزین کیا گیا تھا۔ مسجدِزہراؓ آمد پر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کاگل پاشی اور فلک شگاف نعروں سے والہانہ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پرآپ مدظلہ الاقدس کے خلفا بھی موجود تھے۔تحریک دعوتِ فقر کے اس تاریخ ساز دن کو یادگار بنانے کے لیے ملک بھر سے مریدین و عقیدتمندوں نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے مسجد کے صدر دروازے پر نصب کیے گئے فیتے کو کاٹ کر باقاعدہ مسجد کا افتتاح فرمایا۔ اس کے بعد آپ مدظلہ الاقدس نے مسجدِزہراؓ کو اُمتِ مسلمہ کا مرکز بنانے کے ساتھ ساتھ امتِ مسلمہ کی فلاح، اتحاد اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔ بلاشبہ یہ دن نہ صرف تحریک دعوتِ فقر بلکہ تاریخِ اسلام کا سنہری دن ہے اور رہتی دنیا تک خلقِ خدا مسجدِ زہراؓ سے مستفید ہوتی رہے گی۔ ان شاء اللہ! (لاہور۔ نیوز رپورٹر وقار احمد)
مسجدِ زہراؓمیں نمازِ عید الفطر کا اہتمام
یکم شوال المکرم 1445ھ عید الفطر کے پر مسرت موقع پرنمازِ عید کی ادائیگی سے مسجدِ زہراؓ کا شاندار افتتاح کیا گیا۔ بلاشبہ یہ تحریک دعوتِ فقر کی تاریخ کا سنہری دن اور عظیم سنگِ میل ہے کہ جب بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے اپنے دستِ اقدس سے مسجدِ زہراؓ کا افتتاح فرمایا اور نمازِ عیدالفطر سے مسجدِ زہراؓ میں باقاعدہ نمازِ پنجگانہ کا آغاز ہوا۔
ملک بھر سے طالبانِ مولیٰ اس دیدہ زیب تقریب میں شرکت کے لیے حاضر ہوئے۔ مسجدِ زہراؓ کے پہلے امام مولانا یاسر یٰسین سروری قادری نے امامت کے فرائض ادا کیے۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس، خلفاسلطان العاشقین، ممبران مجلسِ شوریٰ و جنرل کونسل سمیت مقامی افراد نے مذہبی جوش و جذبے سے مسجدِ زہراؓ میں نمازِ عید ادا کی۔ عید کے خطبہ کے بعد تحریک دعوتِ فقر اور ملکِ پاکستان کی ترقی کے لیے دعاکی گئی۔ مظلوم فلسطینی بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تمام حاضرین کو فرداً فرداً گلے لگا کر عید ملی۔ نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد آپ مدظلہ الاقدس نے مسجد میں جاری دیگر کاموں کا جائزہ لیا اور اس کے بعد خانقاہ سلطان العاشقین میں تشریف فرما ہوئے۔ عشاق کی عید کا مزہ دوبالا کرنے کی خاطر آپ مدظلہ الاقدس نے اپنی پاکیزہ و روحانی صحبت میں ایک مختصر سی نشست فرمائی۔ اس نشست کے بعد شرکا کوتحریک دعوتِ فقر کے شعبہ لنگر کی جانب سے سنتِ رسولؐ کے مطابق میٹھا پیش کیا گیا اور شاندار لنگر پاک سے تواضع کی گئی۔ (لاہور۔ نیوز رپورٹر وقار احمد)
عید ملن تقریب ۔ عید الفطر 1445ھ
عیدکا لغوی معنی بار بار لوٹ کر آنے والا دن ہوتا ہے۔ خوشی کا وہ دن جو بار بار آئے اسے بھی عید کہتے ہیں۔ اہلِ اسلام یکم شوال المکرم کو یہ تہوار مناتے ہیں۔ تصوّف میں تجلیاتِ جمالی کو عید کہتے ہیں جو سالک کے دل پر وارد ہوتی ہیں اور اُسے دیدارِ یار کی فرحتوں سے سرفراز کرتی ہیں۔ بقول شاعر
عید سے بھی کہیں بڑھ کر ہے خوشی عالم میں
جب سے مشہور ہوئی ہے خبر آمدِ یار کی
ہر سال کی طرح رواں سال بھی بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر، مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے زیرِصدارت اور تحریک دعوتِ فقر کے زیرِاہتمام خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں عید ملن تقریب کا انعقاد ہوا۔ 11 اپریل 2024ء بروز جمعرات عید الفطر کے دوسرے روز خانقاہ سلطان العاشقین میں انعقاد پذیر ہونے والی عید ملن تقریب میں ملک کے طول و عرض سے عاشقانِ صادق اور طالبانِ مولیٰ اپنے مرشد کریم اور اپنے ہادی و رہبر کی زیارت کا شوق لیے دیوانہ وار حاضر ہوئے۔ یوں تو محفل کا وقت عید کے دوسرے روز بعد از نمازِ ظہر طے تھا لیکن شوقِ دیدارِ سے لبریز مریدین و عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ عید کے پہلے روز سے ہی جاری رہا۔
مسجدزہراؓ میں باجماعت نمازِ ظہر کی ادائیگی کے بعد خانقاہ سلطان العاشقین میں عید ملن تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ سب سے پہلے شرکائے محفل نے دست بستہ کھڑے ہو کر پھولوں کی پتیوں اور تکبیر و رسالت کے نعروں کی گونج میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا والہانہ استقبال کیا۔آپ مدظلہ الاقدس کے ہمراہ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب سروری قادری بھی موجود تھے۔ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دیے۔ اِس تقریبِ سعید میں تلاوتِ قرآنِ کریم کا شرف مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے حاصل کیا۔ اس کے بعدمحمد رمضان باھو سروری قادری نے جہانگیر علی سروری قادری کی عید کی مناسبت سے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی شان میں لکھی گئی منقبت کو انتہائی دل گداز انداز میں حاضرین کی سماعتوں کی نذر کیا۔ اِس موقع پر حاضرین ِمحفل کا ذوق و شوق دیدنی تھا۔
بارگاہِ یار میں گلہائے عقیدت نچھاور کرنے کے بعد سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کے خلیفہ سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے عید کی مناسبت سے جامع خطاب فرمایا جس میں آپ نے بتایا کہ اہلِ ظاہر کی عید ماہِ صیام کے بعد خوشیوں بھرا تہوار منانا ہے جو اُن کے لیے ربّ ِکریم کی طرف سے عطا کردہ تحفہ ہے کیونکہ مسلمان روزوں کے دوران خود کو خواہشاتِ نفسانی سے روکتے ہیں۔ جبکہ اہلِ باطن کے لیے اصل تحفہ ان کے ربّ کریم کا دیدار ہے اور یہی وہ حقیقی خوشی ہے جو تمام ترخوشیوں کا ماخذاور روزوں کی روح ہے۔ بندہ اس مقام پر تب پہنچتا ہے جب وہ تزکیۂ نفس کے ذریعے تقویٰ کی منزل حاصل کر لے اور یہ منزل طے کرنے کے لیے اُسے مرشد کامل اکمل کی رہبری و رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے اور ہم سب انتہائی خوش نصیب ہیں کہ ہمارے درمیان سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کی ذات بصورتِ مرشد کامل اکمل موجود ہے جو اس نفسا نفسی کے دور میں خلقِ خدا کو دینِ اسلام کی حقیقی روح یعنی فقرِمحمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے فیضیاب فرما رہے ہیں۔
سلطان محمد احسن علی سروری قادری کے خطاب کے بعد سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے اختتامی دعا فرمائی۔ اِس پرُ مسرت تقریب کے آخر میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس تمام مہمانانِ گرامی سے فرداً فرداً گلے ملے اور عشاق کے سینوں کو راحت بخشی۔مرد مریدین سے ملاقات کے بعد آپ مدظلہ الاقدس نے خواتین کو بھی اپنی روحانی صحبت سے مستفید فرمایا۔ تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ کی جانب سے خواتین کے لیے باپردہ انتظامات کیے جاتے ہیں۔ تقریب کے بعد تمام مہمانوں کی شاندار لنگر سے مہمان نوازی کی گئی۔ امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو سلسلہ سروری قادری میں بیعت فرما کر تصوراسمِ اعظم، سلطان الاذکار ھواور مشق مرقومِ وجودیہ کی لازوال نعمت حاصل کی۔ جو افراد بغیر بیعت کے اسمِ اعظم حاصل کرنا چاہتے تھے ان کو بغیر بیعت کے تصور اسمِ اعظم اور پہلی منزل کا ذکر عطا کیا گیا۔ اور یوں یہ عید طالبانِ مولیٰ کی نگاہوں اور قلوب کو دیدارِ یار کی رعنائیوں سے سرفراز کرتی ہوئی اختتام پذیر ہوئی۔اس خوبصورت تقریب کے مناظر سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکنشنز کے تعاون سے یوٹیوب، فیس بک اور انسٹا گرام پر براہِ راست نشر کیے گئے۔(لاہور۔ نیوز رپورٹر عثمان صادق)
بزمِ سلطان العاشقین
خا نقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں اتوار کے روز بزمِ سلطان العاشقین کا انعقاد ہوتا ہے جس کی صدارت حضرت سخی سلطان باھوؒ کے حقیقی و روحانی وارث بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس فرماتے ہیں۔سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سلطان باھوؒ کے سلسلہ سروری قادری کے اکتیسویں شیخِ کامل اور موجودہ امام بھی ہیں لہٰذاآپ مدظلہ الاقدس کی زیرِ صدارت منعقد ہونے والی اس پرنور محفل میں مرد و خواتین ملک کے طول و عرض سے شرکت کرتے ہیں تاکہ دورِ حاضرکے مرشد کامل اکمل کی صحبت سے اپنے نفوس کاتزکیہ کر سکیں۔
بزمِ سلطان العاشقین کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ طالبانِ مولیٰ بیعت اور بغیر بیعت کے اسمِ اعظم اسمِ اللہ ذات کی لازوال دولت حاصل کرتے ہیں۔سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کی تعلیمات کے عین مطابق، مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس طالبانِ مولیٰ کو سنہری حروف سے لکھا اسمِ اعظم بلامعاوضہ عطا فرماتے ہیں۔آپ مدظلہ الاقدس کی بارگاہ سے تزکیۂ نفس یا باطنی پاکیزگی کے لیے اسمِ اعظم کا ذکر و تصور اورظاہری جسمانی پاکیزگی کے لیے مشق مرقومِ وجودیہ کی نعمت عطا کی جاتی ہے۔ راہِ فقر میں ترقی و کامیابی کے لیے دونوں ہی لازم و ملزوم ہیں بشرطیکہ یہ نعمت کسی مرشد کامل اکمل سے عطا ہوئی ہو۔ تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے ہر خاص و عام کو دعوت دی جاتی ہے کہ ہر قسم کی فرقہ واریت، تعصب اور تفریق سے بالاتر ہو کر اسمِ اعظم کی نعمت حاصل کریں اورمرشد کامل اکمل کی رہنمائی میں اپنے خالقِ حقیقی کے قرب و وصال کی راہ پرگامزن ہو جائیں۔ (لاہور۔نیوز رپورٹر وقار احمد)
تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ جات میں اہم سرگرمیاں
شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنز:
31مارچ2024 ء بروز اتوار خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندراڈا ملتان روڈ لاہور میں شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنز کے خلیفہ نگران سلطان محمدا حسن علی سروری قادری کی زیرِنگرانی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں انتظامیہ نگران فیضان یاسین سروری قادری کے علاوہ دیگر ممبران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کی کارکردگی، عوام الناس کے تاثرات اور اشاعت کے حوالے سے اہم نکات پر گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ سلطان الفقر پیلیکیشنز کے زیر ِ اہتمام شائع ہونے والی کتب کی موجودہ پیش رفت اور مستقبل میں آنے والی نئی کتب کی اشاعت پر بھی روشنی ڈالی گئی اور کتب کی بروقت اشاعت کو یقینی بنانے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی۔ (لاہور۔ نیوز رپورٹر وقار احمد)
شعبہ سوشل میڈیا:
تحریک دعوتِ فقر دنیا بھر میںفقرِ محمدی ؐ کے پیغام کو ہر خاص و عام تک پہنچانے کے لیے دورِ حاضر کے جدید تقاضوں کے عین مطابق تمام ذرائع کا بھرپور استعمال کررہی ہے۔ ٹیکنالوجی کے اس دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا لہٰذا تحریک دعوتِ فقر کا شعبہ سوشل میڈیا دینِ اسلام کی حقیقی روح یعنی ’’فقرِمحمدیؐ‘‘ کی تعلیمات کو گھر گھر تک پہنچانے کے لیے فیس بک، انسٹاگرام، ایکس، لنکڈ اِن ، پن ٹرسٹ اور ریڈایٹ جیسے مشہور و معروف سوشل فورمز کو بہترین انداز میں بروئے کارلا رہا ہے۔ شعبہ سوشل میڈیا کے زیر ِتحت ان تمام سوشل فورمز پر اردو اور انگلش میںدیدہ زیب پوسٹس بنا کر اپلوڈ کی جاتی ہیں۔ یہ سلسلہ ماہِ رمضان میں بھی جاری و ساری رہا۔ شعبہ سوشل میڈیا کے ممبران نے انتہائی محبت و خلوص سے ماہرانہ انداز میں تمام سوشل فورمز پر تعلیماتِ فقر کے فروغ کے لیے خوبصورت پوسٹس بنا کر اپلوڈ کیں۔(لاہور۔ نیوز رپورٹر وقار احمد)
شعبہ سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشنز:
شعبہ سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشنز تحریک دعوتِ فقرکا انتہائی اہم شعبہ ہے۔ شعبہ ہذٰا جماعت میں ہونے والی محافل، تقاریب، عرس اور دیگر سرگرمیوں کی ویڈیو اور فوٹو البم تیار کرنے کی ذمہ داری ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ شعبہ بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی جانب سے جاری ہونے والے اہم پیغامات کو ویڈیو کی صورت میں مریدین و عقیدتمندوں تک پہنچاتاہے۔رمضان المبارک میں تحریک دعوتِ فقر کا خصوصی پروگرام ’’قرآن اور رمضان‘‘ شعبہ سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشنز کے تعاون سے یوٹیوب، فیس بک اور انسٹاگرام جیسے اہم سوشل فورمز پرروزانہ سہ پہر 3بجے براہِ راست نشر کیاگیا۔ اس پروگرام کو دنیا بھر سے بے حد پذیرائی موصول ہوئی۔(لاہور۔ نیوز رپورٹر وقار احمد)
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی طالبانِ مولیٰ کے سنگ نشست
امام سلسلہ سروری قادری اوربانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اپنے مریدین کی تربیت عین اُسی طرز پر فرماتے ہیں جیسے سرکارِ دو عالم خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اپنے صحابہ کرامؓ کی تربیت فرمایا کرتے تھے۔ آپ مدظلہ الاقدس اپنی پاکیزہ و روحانی صحبت اور نگاہِ کامل سے طالبانِ مولیٰ کا تزکیۂ نفس فرماتے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ اپنی گفتگو کے ذریعے علم و حکمت کے موتی بھی شرکا میں بکھیرتے ہیں۔ خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں آپ مدظلہ الاقدس بالعموم جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کے روز قیام فرماتے ہیں۔ اس قیام کے دوران مریدین و عقیدتمندوں کو دعوتِ عام دی جاتی ہے کہ آئیں اور مرشد کامل اکمل کی صحبت سے مستفید ہوتے ہوئے اپنے نفوس کا تزکیہ کروائیں۔ بسا اوقات یہ قیام تین روز سے بڑھ کر ہفتہ بھر کا ہوتا ہے جو طالبانِ مولیٰ کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ (لاہور۔ نیوز رپورٹر وقار احمد)
تقرری انچارجزسلطان العاشقین ہال اور سلطان اصغر ہال
خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندراڈا ملتان روڈ لاہور میں خانقاہ کا توسیعی پروگرام تیزی سے جاری ہے۔ اس پروگرام کے تحت حال ہی میں مریدین کے قیام کے لیے دو بڑے ہال کمرے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ ان ہال کمروں کو مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس اور ان کے مرشد پاک سلطان الفقر ششم سلطان محمد اصغر علیؒ کی نسبت سے ’’سلطان العاشقین ہال‘‘ اور ’’سلطان اصغر ہال‘‘ کے ناموں سے موسوم کیا گیا ہے۔ ان ہالز کی دیکھ بھال اور صفائی ستھرائی کے لیے انچارجز اور نائب انچارجز مقرر کیے گئے ہیں۔ تحریک دعوت ِ فقر کے لیٹر نمبر TDF/ORG.Comm/2024/U018بتاریخ 14اپریل 2024ء کے تحت درج ذیل ممبران کی تقرری عمل میں لائی گئی ہے:
سلطان العاشقین ہال
انچارج: محمد رمضان باھو سروری قادری
نائب انچارج: محمد عبد الرزاق سروری قادری
سلطان اصغر ہال
انچارج: محمدفیضان یٰسین سروری قادری
نائب انچارج: حاجی عبد القیوم سروری قادری
درج بالا ممبران تحریک دعوتِ فقر کے دستور، منشور اور قواعد و ضوابط کے مطابق ان ہالز کی مینجمنٹ سے متعلقہ تمام امور کے ذمہ دار ہوں گے۔ (لاہور۔ نیوز رپورٹر وقار احمد)
مسجدِ زہراؓمیں پہلی نمازِ جمعہ کی ادائیگی
3 شوال المکرم 1445ھ بمطابق 12اپریل 2024ء مسجدِ زہراؓمیں پہلی نماز ِ جمعہ ادا کی گئی۔بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقراور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے اپنے خلفا، مریدین اوراہلِ علاقہ کے ہمراہ مسجدِ زہراؓ میں نمازِ جمعہ ادا فرمائی۔یاد رہے کہ دو روز قبل افتتاح کے بعد مسجدِ زہراؓ میں یہ پہلی نمازِ جمعہ تھی۔بلاشبہ فقر و تصوف کی تاریخ میں 12اپریل کے سنہری دن کو ایک اور فضیلت حاصل ہوئی ہے۔(لاہور۔ نیوز رپورٹر وقار احمد)
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا اصطبل اور ڈیری فارم کا دورہ
3 شوال المکرم 1445ھ بمطابق 12اپریل 2024ء بروز جمعہ بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقراور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے مجلسِ خلفااور مریدین کے ہمراہ خانقاہ سلطان العاشقین کے عقب میں واقع ڈیری فارم اور اصطبل کا دورہ فرمایا۔آپ مدظلہ الاقدس نے گھوڑوں اور دیگر جانوروں کی صحت و خوراک کے متعلق دریافت فرمایا۔اس کے ساتھ ساتھ آپ مدظلہ الاقدس نے متعلقہ ٹیم کو ہدایات جاری فرمائیں کہ بڑھتی ہوئی گرمی کی شدت کے پیشِ نظر جانوروں کے مسکن کو ٹھنڈا رکھنے اور دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے۔(لاہور۔ نیوز رپورٹر وقار احمد)