تحریک دعوتِ فقر نیوز
Tehreek Dawat-e-Faqr News
محفل ذکرِحسینؓ ۔ 10 محرم الحرام 1445 ھ
محرم الحرام کا مہینہ جو کہ شہدائے اہلِ بیتؓ کی یاد دلا کر ہمارے دلوں کو نورِ ایمان سے منور کرتا ہے دراصل اِس بات کا زندہ و جاوید ثبوت ہے کہ اللہ تعالیٰ کی راہ میں جان دینے والے شہادت کا رُتبہ پا کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے جبکہ دوسری طرف باطل کا پیروکار یزید، بنی اسرائیل کے فرعون کی طرح حکومت، طاقت، مال و دولت اور تمام تر اسبابِ زمانہ کے ہوتے ہوئے بھی اپنے لشکریوں سمیت ذلت و رسوائی کی موت مرا۔ امامِ عالی مقام حضرت امام حسینؓ اور آپؓ کے جانثاروں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ہر سال کی طرح اس سال بھی تحریک دعوتِ فقر کے زیرِانتظام 10 محرم الحرام بمطابق 1445ھ بمطابق29 جولائی 2023ء بروز ہفتہ سالانہ محفل ذکرِحسینؓ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس کی صدارت بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر، امام سلسلہ سروری قادری، مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت حمزہ ادریس سروری قادری کے حصے میں آئی۔ بعد ازاں آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اور اہلِ بیتؓ اطہار کی شان میں عارفانہ کلام پیش کرنے کا فریضہ عطا الوہاب سروری قادری نے سر انجام دیا۔ رمضان باھو سروری قادری نے امامِ عالی مقام حضرت امام حسین رضی اللہ عنہٗ کی شان میں منقبت اور ابیات باھوُ پیش کر کے اہلِ محبت کے جذبات اور اہلِ بیتؓ سے اُن کی بے انتہا عقیدت کی ترجمانی کی۔ محفل کے اختتام پر حسبِ روایت ختم شریف کا اہتمام کیا گیا اور اختتامی دعا کروائی گئی جس کا فریضہ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے نبھایا۔
اِس محفل پاک میں ملک و بیرون ممالک سے مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل میں جہاں خواتین کے لیے الگ اور باپردہ انتظامات کیے گئے تھے وہیں محفل میں آنے والے معزز مہمانوں کی شاندار لنگر پاک سے تواضع بھی کی گئی۔ مقامی اور نیشنل میڈیا کی سطح پر تمام مناظر کی بھرپور کوریج کی گئی۔ اِس محفل پاک کو کامیاب بنانے کے لئے سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کی راہنمائی اور تحریک دعوتِ فقر کی شبانہ روز محنت شامل تھی۔ الحمدللہ، اللہ تعالیٰ کی خصوصی مدد اور بے پایاں فضل کی بدولت یہ روحانی محفل اپنے اختتام کو پہنچی اور 10محرم الحرام کی پرسوز گھڑیوں میں رہتی دنیا تک آنے والے طالبانِ مولیٰ کو اہلِ بیتؓ کی طرح صبر، وفا، عشقِ حقیقی اور خصوصاً راہِ حق پر استقامت سے ڈٹے رہنے کا درس دے گئی۔ (رپورٹ۔عثمان صادق سروری قادری)
افتتاح تعمیر سڑک مسجدِ زہراؓ بدست مبارک سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس
17 محرم الحرام 1445 ھ بمطابق 5 اگست 2023ء بروز ہفتہ بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے زیرِ تعمیر مسجدِزہراؓ کی جانب جانے والی سڑک کی تعمیر کا اپنے دست مبارک سے افتتاح فرمایا۔ اس سڑک کی تعمیر کے بعد مسجدِ زہراؓ بمقام رنگیل پور شریف براستہ سندراڈہ ملتان روڈ لاہور تک رسائی نہایت آسان ہو جائے گی۔
تحریک دعوتِ فقر کے زیرِ اہتمام پر مسرت تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد عبداللہ اقبال سروری قادری، منتظم اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری، دیگر ممبران مجلسِ خلفا کے علاوہ مجلسِ شوریٰ، جنرل کونسل اور مریدین و عقیدتمندوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
تحریک دعوت فقر کی مجلسِ شوریٰ اور جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس
(منعقدہ: 5 اگست 2023ء بروز ہفتہ)
منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری کی زیرِ صدارت خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں تحریک دعوتِ فقر کی مجلسِ شوریٰ اور جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد عبداللہ اقبال سروری قادری اور دیگر ممبران مجلسِ خلفا نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کا ایجنڈا 19 اگست 2023 ء بروز ہفتہ منعقد ہونے والی تقریبِ سعید بسلسلہ یوم ولادت باسعادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی تیاریوں اور انتظامات کی منصوبہ بندی کرنا تھا۔
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی مریدین سے ملاقات
5 اگست 2023 ء بروز ہفتہ بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے مجلسِ خلفا کے ہمراہ سلطان العاشقین ہارسز اصطبل کا دورہ فرمایا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے زیر تعمیر مسجدِزہراؓکے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس کے بعد آپ مدظلہ الاقدس خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لے آئے اور تمام خانقاہ نشینوں سے فرداًفرداً ملاقات فرمائی۔
6 اگست 2023ء بروز اتواربانی و سرپرست اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین میں مریدین اور عقیدتمندوں سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔آپ مدظلہ الاقدس نے ممبران کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے خصوصی دعا بھی فرمائی۔مریدین اور عقیدت مندوں کے لئے خصوصی طور پر لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔
یومِ ولادتِ باسعادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس
بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس 19اگست 1959ء بمطابق 14صفر 1379ھ بروز بدھ صبح چار بھ کر تیس منٹ کی مبارک گھڑی بخشن خان تحصیل چشتیاں ضلع بہاولنگر میں اس عالمِ ناسوت میں جلوہ افروز ہوئے۔ آپ مدظلہ الاقدس کا اس دنیا میں ظہور بے مقصد و بے معنی نہیں بلکہ آپ مجددِ دین کا تاج سجائے ازل سے فقرِ محمدی ؐ کے لیے منتخب شدہ اور مخلوق کو معرفتِ الٰہی کی نعمت سے مالا مال کرنے کے عظیم مشن کے ساتھ تشریف لائے۔آپ مدظلہ الاقدس کے مریدین و عقیدتمند ہر سال اس سہانی گھڑی کی یاد میں اظہارِ تشکر کے طور پر عالی شان تقریب کا اہتمام کرتے ہیں۔بلاشبہ یہ تقریب سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے شایانِ شان تو نہیں لیکن عشاق اپنی ہمت اور توفیقِ الٰہی کے مطابق بہترین انداز میں اس دن کو منانے کی کوشش کرتے ہیں۔ رواں سال 2023ء میں یہ مبارک دن جس جوش و جذبے سے منایا گیا۔
۱) سلطان الفقر پبلیکیشنز کے زیر اہتمام تقریب رونمائی کتب ۔ 18اگست 2023ء
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے مسندِ تلقین و ارشاد سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے اپنی علمی، ادبی و تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کتب و رسائل کے ذریعے دعوتِ حق کا سلسلہ شروع فرمایا ۔ اس مقصد کو منظم انداز میں پروان چڑھانے کے لیے اگست 2006ء میں ’’سلطان الفقر پبلیکیشنز ‘‘ کی بنیاد رکھی ۔ یہ ادارہ تا حال 100سے زائد اردو اور انگریزی کتب شائع کر چکا ہے جو دنیا بھر میں طالبانِ مولیٰ کے لیے مینارۂ نور اور سرچشمۂ ہدایت ہیں ۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے یومِ ولادت باسعادت کے پرُ مسرت موقع پر ادارہ نے بیک وقت اُردو اور انگریزی میں گیارہ کتب شائع کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔مسجدِ زہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں ان کتب کی عالی شان تقریبِ رونمائی کا اہتمام ہوا۔
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی زیرِ صدارت منعقد ہونے والی اس تقریب رونمائی میں ممبران مجلسِ خلفا، انتظامیہ ، شوریٰ، جنرل کونسل سمیت دیگر افراد بھی شامل تھے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے کیا گیا ۔منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری صاحب نے نقابت کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے خلیفہ نگران سلطان الفقر پبلیکیشنز جناب سلطان محمد احسن علی سروری قادری کو سٹیج پر مدعو کیا تاکہ وہ نئی شائع ہونے والی کتب کا تعارف کرواسکیں۔ سلطان محمد احسن علی سروری قادری صاحب نے نئی شائع ہونے والی کتب کی فہرست بتائی جوکہ درج ذیل ہے:
(1 ۔ شان سلطان العاشقین
(2۔ Aqal e Baydar (English Translation with Persian Text)
(3۔ کلید التوحید خورد (اُردو ترجمہ مع فارسی متن)
(4۔ Kaleed ul Tauheed Khurd (English Translation with Persian Text)
(5۔ تیغِ برہنہ (اُردو ترجمہ مع فارسی متن)
(6۔ Taigh e Barhana (English Translation with Persian Text)
(7۔عقلِ بیدار (اُردو ترجمہ مع فارسی متن)
(8۔ گنجِ دین (اُردو ترجمہ مع فارسی متن) بارِ دوم
(9۔قرب ِ دیدار (اُردو ترجمہ مع فارسی متن) بارِ دوم
(10۔ عین الفقر (اُردو ترجمہ مع فارسی متن) بارِ سوم
(11۔ Risala Roohi Sharif (English Translation & Exegesis with Persian Script)
سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے شرکا کو بتایا کہ سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کی فارسی کتب کے بیک وقت اُردو اور انگریزی تراجم شائع کرنے کا اعزاز صرف سلطان الفقر پبلیکیشنز کو ہی حاصل ہے۔ اور یہ کامیابی محض سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے فیضانِ نظر کی بدولت ہے۔
کتب کے مختصر تعارف اور رونمائی کے بعد معزز خلفا نے ایک ایک کتاب کے ساتھ تصاویر بنوائیں ۔عوام الناس نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کی اس عظیم کاوش کو خوب سراہا ۔ بلاشبہ ان کتب کی اشاعت سلطان الفقر پبلیکیشنز کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔
۲) گھوڑا ڈانس۔ 18اگست 2023ء
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے یومِ ولادت با سعادت کے پرُ مسرت موقع پرشعبہ سلطان العاشقین ہارسز کی جانب سے خوبصورت گھوڑا ڈانس کا اہتمام کیا گیا۔ یہ تقریب 18اگست 2023ء کی شب خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں واقع اصطبل سلطان العاشقین ہارسز میں منعقد کی گئی۔تقریف کی صدارت سلسلہ سروری قادری کے امام سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے اصطبل میں بہترین نسل کے گھوڑے رکھے گئے ہیں۔ گھوڑا ڈانس کی شاندار تقریب میں ان گھوڑوں نے اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے بھی گھوڑوں کے سر پر دستِ شفقت پھیر کر داد دی اور اس تقریب کو خوب سراہا۔
۳) کیک کٹنگ تقریب۔ 19اگست 2023ء
خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہورمیں انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے شاندار اور خوبصورت تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ 18اگست 2023ء کی شب 12بجے جونہی 19اگست کی مبارک ساعتوں کاآغاز ہوا،عین اُسی وقت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔
اس مختصر مگر رنگا رنگ تقریب کے لیے خانقاہ سلطان العاشقین کے صحن میں باقاعدہ اہتمام کیا گیا تھا ۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی گزرگاہ کے دونوں اطراف آتش بازی سے مزین کیے گئے تھے۔ جونہی آپ مدظلہ الاقدس نے سٹیج کی جانب قدم رنجہ فرمائے، گزرگاہ آتش بازی سے روشن ہو گئی لیکن سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا نور ان روشنیوں پرایسے غالب آتامحسوس ہو رہا تھا جیسے نورِآفتاب چراغ پر۔سبحان اللہ!
سٹیج پر پہنچ کر آپ مدظلہ الاقدس نے اپنے دست ِ اقدس سے کیک کاٹ کر انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر کی خوشیوں کو دوبالا کردیا۔ اس کے بعد آتش بازی کا رنگا رنگ مظاہرہ کیا گیا۔
تقریبِ سعید ۔ یومِ ولادتِ باسعادت 19اگست 2023ء ،
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس
19اگست 2023 ء بروز ہفتہ خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہورمیں بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے یوم ِ ولادت با سعادت کی پر وقار تقریبِ سعید کا انعقاد ہوا۔ اس روحانی محفل میں ملک بھر سے مریدین و عقید تمندوں نے اپنے مرشد پاک سے محبت و عشق کا اظہارکرتے ہوئے بھرپور شرکت کی جن میں نہ صرف مرد بلکہ خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ خواتین کے لیے تحریک دعوتِ فقر انتظامیہ کی جانب سے خصوصی طور پر باپردہ انتظامات کیے گئے تھے۔
محفل کی صدارت سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔ پنڈال میں آمد پر آپ مدظلہ الاقدس کا قابلِ دید استقبال کیا گیا ۔ مریدین و عقیدتمند فلک شگاف نعروں اورپھول کی پیتاں نچھاور کرکے اپنے جوش و جذبے کا اظہار کرتے نظر آئے۔ خلفا نے گلدستے پیش کیے اور آپ مدظلہ الاقدس نے مسندِ صدارت سنبھالی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حمزہ ادریس سروری قادری نے حاصل کی۔ محفل کی نقابت کے فرائض منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے سر انجام دیتے ہوئے رمضان باھو کو منقبت درشان سلطان العاشقین پیش کرنے کے لیے سٹیج پر مدعو کیا۔ اس کے بعد عطا الوہاب سروری قادری نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے مرشد کریم کی شان میں خوبصورت منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔منقبت کے بعد تمام خلفا نے اپنے مرشد کریم کی اعلیٰ و ارفع میں لب کشائی کی سعادت حاصل کی اور شرکائے محفل کے سامنے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی ظاہری و باطنی شان کو بیان کیا۔ دعائے خیر کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تمام حاضرین سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔ حاضرین نے اپنے مرشد پاک کو اس پرُ مسرت دن کی مبارکباد اور تحائف پیش کیے۔
محفل کے اختتام پر حاضرین کی شاندار لنگر سے تواضع کی گئی۔ شعبہ لنگر نے انتہائی محبت سے حاضرین محفل کے لیے خصوصی لنگر کا اہتمام کیا تھا ۔
اجلاس مجلسِ شوریٰ تحریک دعوت فقر
13اگست 2023 ء بروز اتوار منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری کی زیرِصدارت خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہورمیں مجلسِ شوریٰ کے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس کا ایجنڈا تحریک دعوتِ فقر کے دستو ر میں ترمیم اور تقریبِ سعید یومِ ولادت باسعادت سلطان العاشقین کے انتظامات کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لئے منعقد کیا گیا تھا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا جس کی سعادت محمدوقار ارشاد سروری قادری نے حاصل کی۔ جنرل سیکریٹری تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری نے شرکائے اجلاس کو ایجنڈا سے آگاہ کرتے ہوئے کاروائی کو آگے بڑھایا۔اجلاس کے پہلے ایجنڈے کے مطابق تحریک دعوتِ فقر کے دستو رمیں ترمیم کو زیر بحث لایا گیا۔ تحریک دعوتِ فقر کے دستو ر کے آرٹیکل کی شق 54(2)کے تحت ممبران مجلسِ شوریٰ کسی بھی شق میں ترمیم کی تجویز پیش کر سکتے ہیں جسے اکثریتِ رائے کی بنا پر رَد یا منظور کیا جا سکتا ہے۔ مجلسِ شوریٰ سے منظوری کے بعد ترمیم کی تجویز مجلسِ خلفا کے پاس جاتی ہے جس پر نظرِ ثانی اور منظوری کی شکل میں سر پرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس حتمی فیصلہ فرماتے ہیں۔
اجلاس میں صدر تحریک دعوتِ فقر محمد حسن رضا کھوکھر سروری قادری کی جانب سے ترمیم کی تجویز پیش کی گئی جسے ممبران نے کثرتِ رائے سے منظوری دے کر مجلسِ خلفا کی منظوری کے لیے پیش کر دیا۔
اجلاس کے دوسرے ایجنڈے کے مطابق 19اگست 2023ء کو ولادت باسعادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی پر وقار تقریب کی تیاریوں کی تفصیل پر گفتگو ہوئی اور پلاننگ کو حتمی شکل دی گئی ۔ اجلاس کے اختتام پر جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری نے دعائے خیر کروائی۔
تحریک دعوتِ فقر میں مختلف عہدوں پر تقرریاں
بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے مختلف شعبہ جات اور عہدوں پر تقرریوں کے حکمنامے جاری فرمائے جن کی تفصیل درج ذیل ہے:
سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری کو شعبہ دعوت و تبلیغ کا’’خلیفہ نگران‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔
مولانا یاسر یٰسین سروری قادری کو شعبہ دعوت و تبلیغ کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔
تحریک دعوتِ فقر کے دستور کے آرٹیکل 8(3)کے تحت محمد فیضان یٰسین سروری قادری کو تحریک دعوتِ فقر کا ’’اسسٹنٹ نائب صدر‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔
محمد فیضان یٰسین سروری قادری کو شعبہ سوشل میڈیا کا ’’انتظامیہ انچارج‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔
فہد شہزاد سروری قادری کو تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ سوشل میڈیا (فیس بک ونگ)کا ’’انتظامی انچارج‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔
محمد وقار ارشادسروری قادری کو تحریک دعوتِ فقر کا ’’اسسٹنٹ ترجمان تحریک دعوتِ فقر (امورِ خارجہ)‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔
محمد وقار ارشادسروری قادری کوسلطان الفقر پبلیکیشنزاور ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کا ’’انتظامیہ انچارج‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔
تحریک دعوتِ فقر گلی گلی شہر شہر
تحریک دعوتِ فقر ہارون آباد کی جانب سے علاقائی دفتر میں درس و تدریس کے اہتمام کا سلسلہ جاری رہا جس میں ممبران کے علاوہ عوام الناس کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ درس میں مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی تصنیفِ مبارکہ ’’شمس الفقرا‘‘سے فقر و تصوف کے مختلف موضوعات بیان کئے جاتے ہیں۔