تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News
نیوز رپورٹر: محمد عثمان صادق سروری قادری
مسجدِزہراؓ میں نمازِ عید الفطر کی ادائیگی
(یکم شوال المکرم 1446 ھ بمطابق 31 مارچ 2025ء بروز سوموار)
عید الفطر کے روز مسجدِزہراؓمیں نمازِ عید کا اہتمام کیا گیا۔ عید الفطر کی پرُمسرت گھڑیاں جہاں پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے خوشی اور برکت کا پیغام لے کر آتی ہیں وہیں عاشقانِ صادق کے لئے مرشد کامل اکمل کا دیدار ہی حقیقی عید ہے۔ بقول شاعر:
تیری دید جسے نصیب ہے، وہ نصیب قابلِ دید ہے
تجھے سوچنا میری چاند رات، تجھے دیکھنا میری عید ہے
موجودہ دور کے انسانِ کامل، فقیر مالک الملکی، بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر، امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی خصوصی شرکت نے اس اجتماع کو مزید بابرکت بنا دیا۔آپ مدظلہ الاقدس نے نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب، مجلسِ خلفا، مریدین اور اہلِ علاقہ کے ہمراہ نمازِ عید الفطر مسجدِزہراؓ میں ادا فرمائی۔ نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد تمام نمازیوں نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے فرداً فرداً گلے مل کر عید کی مبارکباد پیش کی۔ آپ مدظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین میں بھی مریدین اور عقیدت مندوں کو اپنی نورانی صحبت سے فیضیاب فرما کر عید کی خوشیوں کو چار چاند لگا دیئے۔ نماز کی ادائیگی کے بعد خانقاہ سلطان العاشقین میں مہمانانِ گرامی کی پرُتکلف لنگر سے تواضع کی گئی۔
عید ملن تقریب
عید الفطر ( 1446 ھ بمطابق یکم اپریل 2025ء بروز منگل)
یکم اپریل 2025 ء بروز منگل عید الفطر کے دوسرے روز خانقاہ سلطان العاشقین میں شاندار عید ملن تقریب کا انعقاد ہوا جس کی صدارت بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر، امام سلسلہ سروری قادری، سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی پنڈال میں آمد پر ’’عاشقوں کی عید۔۔۔سلطان العاشقین کی دید‘‘ کے فلک شگاف نعروں میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا استقبال کیا گیا۔ مرشد کریم کی آمد پر گلدستے پیش کیے گئے جس کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے سب کو عید کی مبارکباد پیش کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن سے کیا گیا جس کے لئے مولانا یاسر یاسین سروری قادری سٹیج کی زینت بنے۔ جبکہ نقابت کا فریضہ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے ادا کیا۔ سرورِدو عالم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی بارگاہ میں ہدیۂ نعت پیش کرنے کا اعزاز رمضان باھوُ سروری قادری نے حاصل کیا۔ محفل میں خطاب کے لئے سلطان محمد عبد الرحمن محبوب سروری قادری سٹیج پر تشریف لائے جنہوں نے اپنے اچھوتے اور دل موہ لینے والے انداز سے سماں باندھ دیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے فرمایا کہ دیگر عبادات کی طرح عید کا بھی ایک ظاہری پہلو ہے اور ایک باطنی۔ ظاہری پہلو سے تو سب واقف ہیں لیکن باطنی پہلو سے بہت کم لوگ شناسائی رکھتے ہیں جبکہ وہی اس کی اصل ہے۔ عوام کے نزدیک چاند دیکھ کر خوشی منانا عید ہے لیکن خواص یعنی عشاق کے ہاں عید سے مراد دیدارِ یار ہے۔ گویا
؎عید اس کی ہے جسے دیدِ جاناں مل جائے
سجدۂ شوق کرے، قرب کا ساماں مل جائے
اِس خطاب کے بعد محمد افضل سروری قادری نے بارگاہ ِمرشد میں جہانگیر علی سروری قادری کا لکھا ہوا کلام ایسے پرسوز انداز میں پڑھا کہ حاضرینِ محفل اَش اَش کر اٹھے۔ الفاظ کا چناؤ اتنا حسیں اور اندازِ بیاں ایسا دل فریب تھا کہ کوئی بھی داد دیے بغیر نہ رہ سکا۔ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے اختتامی دعا کی۔ اس پر مسرت تقریب کے بعد حسبِ روایت تمام مہمانوں کی بہترین لنگر پاک سے تواضع کی گئی۔
عید ملن تقریب میں خواتین کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی جن کے لیے باپردہ انتظامات کیے گئے تھے۔
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کا
خانقاہ سلطان العاشقین میں قیام اور ہفتہ وار بزمِ سلطان العاشقین کا انعقاد
بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کے سلسلہ سروری قادری کے اکتیسویں شیخِ کامل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے 19 مارچ 2025ء بروز بدھ تا 3 اپریل 2025 ء بروز بدھ خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہورمیں خصوصی قیام فرمایا۔ اس قیام کے دوران آپ نے 21 مارچ محفل میلادِمصطفیؐ ؐبسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ اور عید الفطر کی عید ملن تقریب میں شرکت فرما کر اُن کے حسن کو دوبالا کر دیا۔
علاوہ ازیں آپ مد ظلہ الاقدس نے مسجدِزہراؓ اور سلطان العاشقین اصطبل کے تعمیراتی امور کا از خود جائزہ لیا۔ یہاں یہ امر خاص طور پر قابلِ ذکر ہے کہ آپ نے مسجدِزہراؓ کی تزئین و آرائش کے حوالے سے کنسٹرکشن کمیٹی کو ضروری ہدایات جاری فرمائیں اور اِس حوالے سے ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کروایا۔ دورانِ قیام آپ مدظلہ الاقدس مریدین اور عقیدت مندوں سے ملاقات بھی فرماتے رہے۔ آپ مد ظلہ الاقدس نے راہِ حق کے متلاشیوں کو بیعت اور بغیر بیعت اسمِ اللہ ذات کی نعمت سے بھی سرفراز فرمایا۔ بلا شبہ آپ کی نگاہ ِکامل سنگِ پارس کی مثل ہے جو عشقِ حقیقی کی بدولت طالبِ دنیا کو ایک لمحے میں طالب ِمولیٰ بنا دیتی ہے۔ بقول اقبالؒ:
؎نگاہ ِمرد مومن سے بدل جاتی ہیں تقدیریں
خانقاہ سلطان العاشقین میں سحر و افطار کے انتظامات
مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مد ظلہ الاقدس کی خصوصی ہدایت پر خانقاہ سلطان العاشقین میں سحر و افطار کے بہترین انتظامات کیے گئے۔ اس دوران خانقاہ نشینوں اور دیگر مہمانانِ گرامی کے لئے وسیع پیمانے پر پر تکلف کھانے کا اہتمام کیا گیا۔ یہ روح پرور مناظر تحریک دعوتِ فقر سوشل میڈیا اور سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشنز کے توسط سے عوام الناس تک پہنچائے گئے۔
قرآن اور رمضان۔براہِ راست نشریات
ہر سال کی طرح رواں سال بھی تحریک دعوتِ فقر کے زیر ِانتظام رمضان المبارک کی پرُنور لمحات میں قرآن اور رمضان نشریات کا آغاز کیا گیا۔ مسجدِزہراؓ سے براہِ راست نشر ہونے والے پروگرام کی میزبانی اور خطاب کا شرف مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے حاصل کیا۔ ان نشریات کا دورانیہ یکم تا 27 رمضان المبارک رہا۔ دنیا بھر سے لاکھوں لوگوں نے اس پروگرام کو نہ صرف سراہا بلکہ اس کے ذریعے قرآن و حدیث کے ظاہری و باطنی پہلوؤں اور فقرِمحمدیؐ سے آگاہی بھی حاصل کی۔
مسجدِزہراؓ میں نمازِ تراویح اور اعتکاف کا اہتمام
رواں سال تحریک دعوتِ فقر کے زیرِانتظام مسجدِزہراؓ میں نمازِ تراویح کا اہتمام کیا گیا۔گزشتہ سال 2024 ء بمطابق یکم شوال المکرم 1445ھ عید الفطر کے پرُمسرت موقع پر مسجدِ زہراؓ کے شاندار افتتاح کے بعد رواں سال 2025ء میں پہلی مرتبہ نمازِ تراویح کا اہتمام کیا گیا۔ علاوہ ازیں مسجد میں اعتکاف کا بندوبست بھی کیا گیا۔ مسجدِزہراؓ میں پہلی بار اعتکاف بیٹھنے والوں میں پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن صاحب بھی شامل تھے۔ مسجد انتظامیہ کی طرف سے نمازیوں کی سہولت کے لئے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
مسجدِزہراؓ میں تکمیلِ قرآن کی بابرکت محفل کا انعقاد
27 مارچ 2025ء بمطابق 27 رمضان المبارک مسجدِزہرا ؓمیں پہلی بار تکمیلِ قرآن کی روح پرور محفل منعقد ہوئی۔ اس بابرکت موقع پر پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمٰن نے خصوصی خطاب فرمایا جس میں انہوں نے لیلۃ القدر کی فضیلت، قرآنِ کریم کی برکات اور اس پر عمل کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ محفل کے اختتام پر رقت انگیز دعا ہوئی جس میں تحریک دعوتِ فقر، امتِ مسلمہ، پاکستان کی ترقی اور عالمِ اسلام کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں اور مناجات کی گئیں۔ جبکہ اس موقع پر ممبران تحریک دعوتِ فقر کے علاوہ مقامی لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں مسجدِزہرا ؓکا رُخ کیا اور ختم پاک میں شرکت کی سعادت پائی۔
سلطان الفقر پبلیکیشنز کا رعائتی بک سٹال
2شوال المکرم 1446 ھ بمطابق یکم اپریل 2025 بروز منگل خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میںمنعقد ہونے والی شاندار عید ملن تقریب میں سلطان الفقر پبلیکیشنز نے بک سٹال لگایا۔ بک سٹال پر نئی شائع ہونے والی کتب بھی دستیاب تھیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ بانی و سرپرستِ اعلی تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی فقر و تصوف پر مبنی تصانیف، سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒاور سیدّنا غوث الاعظم حضرت شَیخ عبدالقادر جیلانیؓ کی نادر و نایاب کتب عید الفطر کی مناسبت سے50% تک کی خصوصی رعایت پر موجود تھیں۔ اس کے علاوہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی تصاویر نے سٹال کی زینت کو بڑھا دیا۔ حاضرینِ محفل نے سٹال وزٹ کیا اور سلطان الفقر پبلیکشنز کے عمدہ اور معیاری کام کو خوب سراہااور اس خصوصی رعائت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بہت سی کتب خرید فرمائیں۔
سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کی تقریب ِنکاح میں شرکت
مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے 5 اپریل 2025 ء بروز ہفتہ تحریک دعوتِ فقر کے ممبر اور آپ مدظلہ الاقدس کے دیرینہ ساتھی محمدمغیث افضل سروری قادری کی صاحبزادی اور ممبر مجلسِ شوریٰ زین سعید کے نکاح کی تقریب میں شرکت فرمائی۔ آپ مدظلہ الاقدس نے انتہائی مسرت کا اظہار فرمایا اور دونوں گھرانوں کو اپنی خصوصی دعاؤں سے نوازا۔
مجلسِ شوریٰ و جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس
12 اپریل بروز ہفتہ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری صاحب کی سربراہی میں خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں مجلس ِشوریٰ و جنرل کونسل تحریک دعوتِ فقر کا مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا۔
حسبِ روایت اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد جنرل سیکرٹری تحریک دعوت ِفقر محمد فیضان یاسین سروری قادری نے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں ایجنڈے سے آگاہ کیا۔
اجلاس کا ایجنڈا سال 2025 ء کے لئے گندم کی خریداری، عید الاضحی اور تحریک کے متفرق امور کے حوالے سے مشاورت اور منصوبہ بندی کرنا تھا۔ تمام حاضرین اجلاس نے رائے دہی میں بھرپور حصہ لیا۔ جنرل سیکرٹری صاحب نے تمام آراء کو اپنے پاس تحریری صورت میں محفوظ کیا اور انہیں مد نظر رکھے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دینے کی یقین دہانی کرائی۔